عظمت رسالت صلی اللہ علیہ و سلم |
ہم نوٹ : |
|
عرضِ مرتب داعئ سفر جناب یوسف ڈیسائی صاحب کے مکان پر اسٹینگر میں ۹ اور ۱۰؍صفر المظفر ۱۴۲۳ھ مطابق ۲۱، ۲۲؍ اپریل ۲۰۰۲ء کو حضرت والا نے قیام فرمایا۔ جناب ڈیسائی صاحب کے مکان پر بعد عصر و مغرب تا عشاء حضرت والا کی مجلس ہوئی۔ اس سفر میں ہر جگہ مجلس کے اوقات یہ ہی رہے۔مولانا منصور الحق صاحب کی درخواست پر حضرت والا نے ۲۳اور ۲۴؍اپریل کو اُن کے شہر پیٹر میریٹزبرگ (Peter Meritzbug) کا سفر قبول فرمالیا۔ اس سفر کی دعوت بعض حضرات نے ڈربن میں دی تھی جس کو حضرت والا نے قبول فرمالیا تھا، لیکن بعد میں بوجۂ ضعف اور قلتِ وقت ملتوی کردیا گیا اور داعئ سفر کو فون پر اطلاع کردی گئی تھی کہ ۲۵؍اپریل کو چوں کہ زمبیا (Zambi) کا سفر تجویز ہے اس لیے وقت نہ ہونے سےپیٹر میریٹز برگ کا سفر ممکن نہیں۔ لیکن مولانا منصور الحق صاحب کی درخواست پر باوجود ضعف ۲۳ اور ۲۴؍ اپریل ۲۰۰۲ء کو پیٹرمیریٹزبرگ کا سفر حضرت والا نے منظور فرمالیا اور فون پرپیٹرمیریٹزبرگ میں دو دن کے لیے آمد کی اطلاع کردی گئی۔ ۱۱؍صفرالمظفر۱۴۲۳ھ مطابق۲۳؍اپریل۲۰۰۲ءبروزمنگل آٹھ بجے صبح پیٹر میریٹز برگ کے لیے حضرت والا کی روانگی ہوئی اور صبح دس بجے کے قریب شہر میں آمد ہوئی۔ حضرت والا سفر سے بہت تھک گئے تھے اس لیے عصر کے بعد کی مجلس نہیں ہوئی۔ عصر کے بعد معلوم ہوا کہ مجمع بہت بڑا ہے جو مکان پر نہیں آسکتا۔ اس لیے مسجد موسوم بہ ماؤنٹین رائز (Mountain Rise) میں بعد نمازِ مغرب حضرت مرشدی مدظلہ العالی کی مجلس تجویز ہوئی۔ مغرب کی نماز کے بعد وہیل چیئر پر حضرت والا مسجد تشریف لائے۔ مولانا منصور الحق صاحب نےحضرت والا کی نعت ’’یہ صبح مدینہ یہ شامِ مدینہ‘‘ پڑھی۔ اس کے بعد حضرت والا نے اچانک خطبۂ مسنونہ پڑھا تو سامعین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی چوں کہ ناسازئ طبع کی وجہ سے بیان کی کوئی اُمید نہیں تھی۔