ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اکتوبر 2014 |
اكستان |
|
قسط : ٣١ سیرت خُلفا ئے راشد ین ( حضرت مولانا عبدالشکور صاحب فاروقی لکھنوئی ) اَمیر المؤمنین حضرت عثمان بن عفّان ذوالنّورین حضرت عثمان کے چند نصیحت آموزکلمات : آپ کے کلمات مختصر اور واضح ہوتے تھے اور اَکثر نصیحت و حکمت کی باتیں اِرشاد فرمایا کرتے تھے جن میں سے چند درجِ ذیل ہیں : (١) فرمایا کرتے تھے کہ ''اللہ کے ساتھ تجارت کرو تو بہت نفع ہوگا۔'' (٢) فرمایا کرتے تھے کہ ''بندگی اِس کو کہتے ہیں کہ اَحکام ِ اِلٰہی کی حفاظت کرے، جو عہد کسی سے کرے اُس کو پورا کرے اور جو کچھ مِل جائے اُس پر راضی رہے اور جو نہ ملے اُس پر صبر کرے۔'' (٣) فرماتے تھے کہ ''دُنیا کی فکر کرنے سے تاریکی پیدا ہوتی ہے اور آخرت کی فکر کرنے سے روشنی پیدا ہوتی ہے۔'' (٤) فرماتے تھے کہ ''متقی کی علامت یہ ہے کہ اور سب لوگوں کو سمجھے کہ نجات پاجائیں گے اور اپنے آپ کو سمجھے کہ ہلاک ہوگیا۔'' (٥) فرماتے تھے کہ ''سب سے زیادہ بربادی یہ ہے کہ کسی کو بڑی عمر ملے اور سفرِ آخرت کی کچھ تیاری نہ کرے۔'' (٦) فرماتے تھے کہ ''دُنیا جس کے لیے قید خانہ ہو، قبر اُس کے لیے باعث ِ راحت ہوگی۔'' (٧) فرماتے تھے کہ ''اگر تمہارے دِل پاک ہوجائیں تو کبھی قرآن شریف کی تلاوت یا سماعت سے سیری نہ ہو۔''