٭ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : کیا تم میں سے کوئی شخص ہر روز ۱۰۰۰ نیکیاں کمانے سے عاجز ہے؟ حاضرین میں سے ایک نے سوال کیا کہ ہم میں سے کوئی آدمی ۱۰۰۰ نیکیاں کس طرح کما سکتا ہے؟ تو حضور اکرم ﷺ ے ارشاد فرمایا : جو شخص ۱۰۰ مرتبہ سبحان اللّٰہ پڑھے اس کے لئے ۱۰۰۰ نیکیاں لکھ دی جائیں گی اور اس کے ۱۰۰۰ گناہ معاف کردئے جائیں گے ۔ (مسلم، باب فضل التھلیل والتسبیح والدعاء)
٭ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس شخص نے دن میں ۱۰۰ مرتبہ سبحان اللّٰہ وبحمدہ پڑھا تو اسکے گناہ معاف ہوجاتے ہیں خواہ وہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں۔ (بخاری)
نوٹ: اس طرح کے مضمون پر مشتمل احادیث میں گناہ صغیرہ مراد ہوتے ہیں، یعنی چھوٹے چھوٹے گناہ معاف ہوجاتے ہیں لیکن گناہ کبیرہ کی معافی کے لئے توبہ شرط ہے۔ نیز حقوق العباد کی معافی کے لئے پہلی اور بنیادی شرط بندہ کے حق کا ادا کرنا ہے۔
٭ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس شخص نے صبح اور شام سبحان اللّٰہ وبحمدہ ۱۰۰ مرتبہ پڑھا تو کوئی شخص قیامت کے دن اس سے افضل عمل لے کر نہیں آئے گا، سوائے اس شخص کے جس نے اس کے برابر یا اس سے زیادہ پڑھا ہو۔ (مسلم، باب فضل التھلیل والتسبیح والدعاء)
٭ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اللہ کے سامنے توبہ کیا کرو ، اس لئے کہ میں خود دن میں ۱۰۰ مرتبہ اللہ تعالیٰ کے سامنے توبہ کرتا ہوں۔ (مسلم، باب استحباب الاستغفار)