محبت الہیہ کی عظمت |
ہم نوٹ : |
|
جو مضمون بیان ہوا اے اﷲ! ہم سب کو وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلہِ کا مقام عطا فرما، اے اﷲ! اپنا یہ جملۂ خبریہ ہم سب پر اپنی رحمت سے صادق فرما دے کہ ہمارے قلب میں آپ کی محبت اشد ہوجائے اور سرورِ عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے ہم سب نالائق امتی ہیں مگر اے اﷲ! آپ ہمارے پیارے نبی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی دعا ہم سب کے حق میں قبول فرمالیں۔ وہ کیا دعا ہے؟ ۱) اے اﷲ! مجھے اپنی محبت دے دے۔نمبر۲)اپنے عاشقوں کی محبت بھی دے دے۔نمبر۳)ان اعمال کی توفیق دے دے جس سے آپ خوش ہوتے ہیں،اور اس کے بعد اپنی محبت اتنی دے دے جتنی تیرے رسول نے تجھ سے مانگی ہے۔ سرورِ عالم صلی اﷲ علیہ وسلم نے جو محبت مانگی وہ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو حاصل تھی مگر اُمت کو سکھانے کے لیے عنوان، تعبیر اور طریقۂ فریاد بتادیا کہ اے خدا! تیرے نبی نے جو محبت مانگی کہ اے اﷲہمیں اتنی محبت دے دے کہ ہماری جان سے زیادہ تو پیارا ہوجائے اور سڑکوں پر حسینوں اور نمکینوں کی ننگی ٹانگوں کو نہ دیکھنے سے کتنی ہی تکلیف ہو لیکن ہم تکلیف گوارا کرلیں اور آپ کو ناراض نہ کریں اور ہماری رُوباہیت اور لومڑیت کو شیریت سے بدل دے اور جتنی محبت سے ہم دنیاوی غذاؤں کو دیکھتے ہیں فلائنگ فش، سموسہ، پاپڑ، ٹھنڈا پانی، مرنڈا وغیرہ دنیا کی ساری نعمتوں سے آپ ہمیں زیادہ پیارے معلوم ہوں اور شدید پیاس میں ٹھنڈے پانی سے رگ رگ میں جان آجاتی ہے ہم سب کو ایسا عاشق بنادے کہ جب تیرا نام لیں تو ہماری رگ رگ میں کروڑوں جان آجائیں، جب ہم آپ کا نام لیں تو معلوم ہو کہ ہماری حیات پر بے شمار حیات برس رہی ہیں، ہماری جان پر بے شمار جان برس رہی ہیں۔ آہ !جو اﷲ پر مرتا ہے واﷲ! اس پر بے شمار جان برستیں ہیں۔ جو غیر اﷲ پر مرتا ہے ٹیڈیوں وغیرہ پر اس پر موت برستی ہے۔ جو نظر خراب کرکے آیا ہو اس کے چہرے کو دیکھ لو اگر موت برستی نظر نہ آئے تو کہنا اختر مسجد میں کیا کہہ رہا تھا،اور جنہوں نے نظر کو بچایا ان کے چہرے کو دیکھ لو ان کے چہرے پر اﷲ کی رحمت اور اﷲ کی طرف سے حیات کی بارش محسوس ہو گی۔ رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَااَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ رَبِّ لَا تَجْعَلْنِیْ بِدُعَائِکَ شَقِیًّا