Deobandi Books

کوثر العلوم - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

11 - 31
جاتا ۔ چنانچہ نفقہ روجہ فرض قاضی کے بعد نفقہ ہی رہتا ہے ۔ اسی طرح اگر مدرسین کی تنخواہ معیّن ہو تو محض تعلیم سے وہ تنخواہ اجرت تعلیم نہ ہوگی بلکہ حق احتباس اور نفقہ میں داخل رہے گی ۔مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ کس کی تنخواہ تو اجرت ہے اور کس کی تنخواہ نفقہ ہے کیونکہ محض الفاظ کو سن کر دعویٰ کر لینا اور اپنی تنخواہ کو نفقہ میں داخل کر لینا تو آسان ہے مگر حقیقت کا مصداق بننا آسان نہیں   ؎
وجائزۃ دعوی المحبۃ فی الھوی
ولکن لا یخفی کلام المنافق
زبان سے دعویٰ محبت ہر ایک کو آسان ہے مگر سچ مچ عاشق ہونا بہت مشکل ہے ۔ خوب کہا ہے   ؎
و قوم یدعون وصال لیلٰی
و لیلٰی لاتقر لہم بذلک
بہت لوگ لیلیٰ کے لیے وصال کا دعویٰ کرتے ہیں مگر لیلیٰ ان کو منہ بھی نہیں لگاتی ۔اسی طرح بہت لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم واصل ہیں اور مقرب خداوندی ہیں اور خدا تعالیٰ ان کو پوچھتے بھی نہیں ( کہ یہ کس کھیت کے بتھوے ہیں )بہت لوگ اپنے کو صاحب نسبت سمجھتے ہیں حالانکہ وہ دھوکامیں ہیں۔ وہ محض ملکہ ٔ یادداشت کو نسبت سمجھتے ہیں کہ حق تعالیٰ کی یاد سے کسی وقت بھی ذہول نہ ہو ۔مگر یہ غلط ہے ۔ ذہول نہ ہونا تو مشق پر موقوف ہے ۔ایک فاسق بھی اگر دوسال خدا کے نام کی مشق کرلے تو اس کو یادداشت حاصل ہو سکتی ہے تو کیا وہ صاحب نسبت ہو جائے گا؟ ہرگز نہیں۔ کیونکہ فسق کے ساتھ نسبت خاصہ کا اجتماع نہیں ہو سکتا ۔ یاد رکھو یادداشت عین نسبت نہیں بلکہ معین نسبت ہے کہ اطاعت وامتثال اوامر کے ساتھ یادداشت بھی جمع ہوجائے تو بہت جلد نسبت قلب فائض ہوجاتی ہے ۔
نسبت کی حقیقت
اب نسبت کی حقیقت کو سمجھو ۔ اس کی حقیقت وہی ہے جو آپ نے درسی کتابوں میں پڑھی ہے یعنی علاقۂ معنویہ بین الطرفین ۔ نسبت ایک لگاؤ اور تعلق کانام ہے جو دونوںطرف سے ہوتا ہے بندہ کو خدا تعالیٰ سے تعلق ہو اور خدا تعالیٰ کو بندہ سے تعلق ہو ۔ اب ان صوفی صاحب کی نسبت کاجو کہ محض ملکۂ یادداشت کو نسبت سمجھتے ہیں ، یہ حال ہے کہ ان کو تو خدا تعالیٰ سے ذکر کا تعلق ہے مگر خدا کو ان سے تعلق نہیں ہے ۔
اس کی ایسی مثال ہے جیسے ایک شخص نے کسی طالب علم سے پوچھا تھا کہ آج کل کس شغل میں ہو ۔ کہا شاہزادی سے نکاح کی فکر میں ہوں ۔ پوچھا کیا کچھ اس کا سامان ہو گیا؟کہا ہاں آدھا سامان تو ہوگیا آدھا باقی ہے ۔ پوچھا یہ کیوں کر ؟ کہا نکاح طرفین سے ہوتا ہے تو میں راضی ہوں مگر وہ راضی نہیں ۔ اس لئے 
Flag Counter