Deobandi Books

طریق ولایت

ہم نوٹ :

8 - 34
اشعارِ عارفانہ مع تشریح
اب میرے اشعار سنیے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ان میں اس مجلس کی روح محسوس ہوگی۔ (اس کے بعد تائبؔ صاحب نے حضرت والا کے اشعار نہایت خوش الحانی سے پڑھنا شروع کیے اور حضرت نے درمیان میں بعض اشعار کی تشریح فرمائی۔ جامع)
جس سے ہیں آپ خوش اس جہاں میں
وہ   شب   و   روز   ہے   گلستاں   میں
اس کی شرح سن لیجیے۔ زمین پر جو بندہ اللہ تعالیٰ کو خوش رکھتا ہے اور اپنی خوشیوں کو اللہ پر فدا کرتا ہے یعنی اپنے نفس کی بُری خواہشات کا خون کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے دل کو خوش رکھنے کی کفالت اور ضمانت قبول فرماتے ہیں۔ پھر زمین پر وہ ہمیشہ خوش رہتا ہے؎
دیکھ  کر  میرے  اشکِ  ندامت
ابرِ رحمت کی بارش  ہے جہاں میں
آپ  کا  سنگِ  در  اور   مرا   سر
حاصل  زندگی  ہے  جہاں  میں
اس شعر کی شرح مولانا رومی رحمۃ اللہ علیہ  کے شعر سے کرتا ہوں۔ حضرت جلال الدین عارف رومی رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں؎
خوشتر  از  ہر  دو  جہاں  آنجا   بود
کہ   مرا   با   تو   سر و سودا    بود
اے خدا! دونوں جہاں میں زمین کا وہ ٹکڑا مجھے عزیز تر ہے جہاں میرے سر کا آپ کی محبت کے ساتھ سودا ہورہا ہو یعنی جس زمین پر مجھے آپ کا نام پاک لینے کی توفیق ہوجائے وہ زمین مجھے سارے جہاں میں خوشتر اور عزیز تر ہے؎
سارے  عالَم  کی  لذت  سمٹ  کر
آ گئی    ہے   ترے   آستاں   میں
Flag Counter