ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
بھی ۔ مجھے اجازت دیں تو حاضر ہو جاؤں ۔ اس کے جواب میں حضرتؒ نے فرمایا کہ آپ کے خط سے معلوم ہوا کہ اعمال کے اعتبار سے آپ کا ظاہر خراب ہے اور میں اپنے تجربہ کی بناء پر جانتا ہوں کہ میرا باطن خراب ہے دونوں کے مرض مختلف ہیں ۔ اگر ایک طرح کا مرض دونوں کا ہوتا تو مل بیٹھتے ۔ اس حالت میں تکلیف کرنا مناسب نہیں ۔ یہ دونوں واقعات حضرتؒ نے خود سنائے اور فرمایا کہ پہلے شخص کے خط پر دل میں اللہ تعالی نے یہ اطمینان پیدا کر دیا کہ ان کو نفع کی توقع نہیں ۔ اس لئے روک دیا ۔ مگر یہاں یہ بات خاص طور سے قابل نظر اور یاد رکھنے کی ہے کہ روکنے کے لئے جو عنوان حضرت حکیم الامۃ نے اختیار فرمایا اس میں مخاطب کی رعایت بھی ہے کہ ان کی دل شکنی نہ ہو اور ان پر کوئی عیب گیری بھی نہ ہو اور اپنے نفس کی اصلاح بھی کہ اپنی پاکی اور نیکی کا دعوی بھی نہ ہو ۔ حضرتؒ کے کلام میں اس طرح کی دقیق رعایتیں عموما ہوتی ہیں جو ہر ایک کے لئے آسان نہیں ۔ نیکی کی طرف جو قدم بھی اٹھے نفع سے خالی نہیں 34 : ارشاد فرمایا کہ قرآن کریم نے ان لوگوں کی مدح فرمائی ہے جو آخر شب میں عبادت کے لئے اپنے بسترے چھوڑ دیتے ہیں تتجافا جنوبھم عن المضاجع کا یہی مفہوم ہے اس کے اصلی مصداق تو وہی لوگ ہیں جو بسترے چھوڑ کر وضوء کر کے نماز و عبادت میں مشغول ہو جائیں ۔ لیکن اگر کوئی شخص دینی کمزوری یا سستی کے سبب یہ کچھ نہ کر سکے اور صرف بستر پر ہی اٹھ کر بیٹھ جائے اور چند منٹ کچھ اللہ کا نام لے لے ۔ وہ بھی انشاء اللہ اس صورت تعمیل کی وجہ سے کچھ نہ کچھ حصہ ان کے ثواب کا پا لے گا ۔ دار العلوم دیو بند کے متعلقین کے لئے حضرت مولانا محمد یعقوبؒ کی دعاء 35 : فرمایا کہ دار العلوم دیو بند کے قیام کے وقت ایک انگریزی تعلیم کے دالدادہ نے کہا کہ اس مدرسہ سے کیا ہو گا دو چار قل اعوذیئے اور بڑھ جائیں گے ۔