ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اکتوبر 2012 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر٥٥ ''اَلحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) شیخ التفسیر حضرت مولانا اَحمد علی صاحب لاہوری حضرت شیخ التفسیر رحمہ اللہ کی زیارت سے میں لاہور ہی میں مشرف ہوا ہوں اِس سے پہلے اَپنی تعلیم کے زمانے میں مراد آباد ہی سے اِسم ِ گرامی سنتا آیا تھا وہاں کے طلبہ جو دُور دَراز کے (صوبہ بہار وغیرہ کے تھے) دورۂ تفسیر پڑھنے لاہور آیا کرتے تھے۔ دیوبند میں حضرت مولانا عبیداللہ صاحب اَنور مدظلہم سے پہلی بار ملاقات ہوئی پھر لاہور میں ١٩٥٣ء میں بتوسط مولانا حمیداللہ صاحب رحمہ اللہ حضرت اَقدس مولانا اَحمد علی صاحب رحمةاللہ علیہ کی زیارت کا شرف حاصل ہوا۔ میں حضرت کی خدمت میں اَور حضرت اَقدس مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری رحمہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں صرف دُعا کی دَرخواست کے لیے معمولًا حاضری دیتا رہتا تھا اَور بحمدللہ آخر تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ چونکہ حاضری کا مقصد صرف یہی ہوتا تھا اِس لیے اِن دونوں گرامی قدر حضرات کے متوسلین ِ کرام سے اِن حضرات کی رحلت کے بعد مراسم ہوئے۔ اِن کی خدمت میں حاضری دے کر فورًا ہی واپس چلا جاتا تھا۔