اخبار جامعہ
ادارہ
عیادت
اہل سنت والجماعتکے رہنما کے راہ نما اور نامور خطیب مولانا اورنگزیب فاروقی پر 26 دسمبر2012ء کی صبح دہشت گردوں کی طرف سے قاتلانہ حملہ ہوا۔ جس میں حضرت زخمی ہو گئے،12 صفر بروز جمعرات 27 دسمبر کو حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، مولانا خلیل احمد صاحب ناظم تعلیمات جامعہ فاروقیہ کراچی او رمفتی معاذ خالد صاحب حضرت کے گھر تشریف لے گئے اور عیادت فرمائی۔
جامعہ میں مہمانوں کی آمد
29دسمبر15 صفر بروز ہفتہ مفتی کفایت الله صاحب فاضل جامعہ،جامعہ فاروقیہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی عیادت کی اورحضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
حضرت شیخ کی بعد از صحت دارالحدیث آمد
31 دسمبر17 صفر بروز پیر حضرت شیخ الجامعہ زید مجدہ ایک ہفتہ علالت کے بعد دارالحدیث تشریف لائے اور بخاری شریف کا درس دیا جس کی وجہ سے جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ کرام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
نماز جنازہ میں شرکت
31 دسمبر حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کے چچازاد بھائی جناب لیاقت علی خان صاحب کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، ناظم تعلیمات حضرت مولانا خلیل احمد صاحب گارڈن تشریف لے گئے، مفتی معاذ خالد صاحب او رمولانا عمار خالد صاحب بھی ہمراہ تھے۔
31 دسمبر ہی کو حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، ناظم تعلیمات مولانا خلیل احمد صاحب بزرگ عالم دین مولانا رفیق الخلیل صاحب امام وخطیب جامع مسجد عالم گیر اور خلیفہٴ مجاز حضرت مفتی رشید احمد صاحب کی تعزیت کے لیے بہادر آباد تشریف لے گئے ۔ مفتی معاذ خالد صاحب بھی ہمراہ تھے۔ مولانا رفیق الخلیل کو دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔
تعلیمی وتربیتی مذاکرہ شعبہ تحفیظ وناظرہ
13 جنوری بروز اتوار جامعہ فاروقیہ کراچی میں شعبہ حفظ ناظرہ اورتربیتی نصاب کے طالب علم بچوں کے والدین سے تربیتی اور تعلیمی امور کا مذاکرہ ہوا، جس میں مفتی محمد راشد ڈسکوی صاحب مدرس جامعہ فاروقیہ نے بیان فرمایا اور مولانا عمار خالد صاحب نگران شعبہ حفظ وناظرہ جامعہ فاروقیہ نے اختتامی بات اور اہم اعلانات فرمائے۔
اصلاحی بیان
15 جنوری 2 ربیع الاول1434ھ حضرت مولانا محمد یوسف افشانی صاحب دامت برکاتہم نے طلبہ کرام میں اصلاحی بیان فرمایا جس میں حضرت نے طلبہ کرام میں اخلاقی اقدار پیدا کرنے ساتھیوں میں باہمی صفات حسنہ کو اختیار کرنے اور رزائل اور کوتاہیوں کو در گزر کرنے کے حوالے سے انتہائی مفید باتیں ارشاد فرمائیں۔
شعبہ تحفیظ کے امتحانات
19 جنوری بروز ہفتہ جامعہ فاروقیہ مرکز اور تمام شاخوں، رفاہ عام سوسائٹی، محمد بن قاسم مسجد سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی اور جامعہ فاروقیہ فیزII، ساکران قباء مسجد میں شعبہ تحفیظ وناظرہ اور تربیتی نصاب کا امتحانی سلسلہ شروع ہوا جو 25 جنوری کو اختتام پذیر ہوا۔
مہمانوں کی آمد
24 جنوری11 ربیع الاول بروز جمعرات جامعہ فاروقیہ کراچی کے قدیم فاضل مولانا حبیب الله تاج صاحب دبئی سے تشریف لائے اورحضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات او رمختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بروز ہفتہ26 جنوری13 ربیع الاول مولانا سہیل صاحب(بردار مولانا احسان الحق صاحب، رائے ونڈ) جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ ، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی بعد ازیں حضرت دارالافتاء تشریف لے گئے اور مفتی سمیع الله صاحب سے فقہی مسائل کے سلسلہ میں تبادلہٴ خیال فرمایا۔
29 جنوری بروز منگل فاضل جامعہ حضرت مولانا حسین احمد صاحب ناظم تعلیمات، جامعہ عثمانیہ، پشاور تشریف لائے، حضرت شیخ زید مجدہ سے ملاقات اور مزاج پُرسی کے ساتھ مولانا عبیدالله خالد صاحب کے ساتھ بھی طویل نشست فرمائی۔