اِعتاق کے فضائل واعمال
غلام آزاد کرنے کے فضائل :
عِتق گناہوں کا کفارہ ہے :حضرت واثلہ بن اسقع فرماتے ہیں کہ ہم نبی کریمﷺکی خدمت میں ایک شخص کو لے کر حاضر ہوئے جس نے کسی کو قتل کرکے اپنے اوپر جہنم کو لازم کردیا تھا۔(تاکہ اُس کے گناہوں کے کفارے کے بارے میں آپﷺسے دریافت کریں )آپﷺنے ارشاد فرمایا:أَعْتِقُوا عَنْهُ يُعْتِقِ اللَّهُ بِكُلِّ عُضْوٍ مِنْهُ عُضْوًا مِنْهُ مِنَ النَّارِ ۔اِس کی جانب سے غلام آزاد کرو، اللہ تعالیٰ غلام کے ہر عُضو کے بدلے میں اِس کے ہر عضو کو جہنم سے آزاد کردیں گے ۔(ابوداؤد: 3964)
عِتق جہنم سے بچنے کے لئے بہترین ڈھال ہے :نبی کریمﷺکا ارشاد ہے کہ جس کسی مسلمان مرد نے مسلمان مرد کو یا مسلمان عورت نے مسلمان عورت کو آزاد کیا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اُس آزاد کردہ غلام و باندی کے جسم کی ہر ہڈی کو آزاد کرنے والے مردو عورت کے جسم کی ہر ہڈی کے بدلے میں جہنم سے وِقایہ یعنی ڈھال بنادیں گے ۔أَيُّمَا رَجُلٍ مُسْلِمٍ أَعْتَقَ رَجُلًا مُسْلِمًا فَإِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ جَاعِلٌ وِقَاءَ كُلِّ عَظْمٍ مِنْ عِظَامِهِ عَظْمًا مِنْ عِظَامِ مُحَرَّرِهِ مِنَ النَّارِ، وَأَيُّمَا امْرَأَةٍ أَعْتَقَتِ امْرَأَةً مُسْلِمَةً فَإِنَّ اللَّهَ جَاعِلٌ وِقَاءَ كُلِّ عَظْمٍ مِنْ عِظَامِهَا عَظْمًا مِنْ عِظَامِ مُحَرَّرِهَا مِنَ النَّارِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ۔(ابوداؤد: 3965)
عِتق انسان کے لئے جہنم کی آگ سے فِدیہ ہے :نبی کریمﷺ کاارشاد ہے :جس نے کوئی مومن گردن (غلام )کو آزاد کیا تو وہ گردن اُس آزاد کرنے والے کے لئے جہنم کی آگ سے فِدیہ(جان کی خلاصی کا ذریعہ ) بن جائے گی ۔مَنْ أَعْتَقَ رَقَبَةً مُؤْمِنَةً كَانَتْ فِدَاءَهُ مِنَ النَّارِ۔(ابوداؤد: 3966)