یا اللہ! ہمارے دلوں کو اللہ والا بنادیجیے، اللہ ہماری ہر سانس کو اپنی ذاتِ پاک پر فدا کرکے اس سانس کو، اس زندگی کو قیمتی بنادیجیے اور اپنی نافرمانی میں ایک سانس بھی ہم کو جینے سے بچائیے اور ہماری حیات کو بدتر از ممات ہونے سے بچائیے۔ یا اللہ! جانوروں کی زندگی سے بدتر اس شخص کی زندگی ہے جو آپ کو ناراض رکھتا ہے۔ اے خدا! ہم سب کو توفیق عطا فرما کہ ہم ایک سانس بھی آپ کو ناراض نہ کریں۔ اللہ! اپنی نافرمانی سے ہم سب کو بچنے کی توفیق عطا فرما۔ اور جو اولیاء اللہ آپ نے دنیا میں پیدا کیے ہیں اور آپ جو کچھ ان کے باطن میں، ان کے سینوں میں عطا فرماتے ہیں تو بلا استحقاق محض اپنے کریم ہونے کے صدقہ میں اپنے اولیاء کی ان نعمتوں کو ہمارے سینوں میں بھی عطا فرما دیجیے۔ وہ دردِ دل جو آپ اپنے دوستوں کو عطا فرماتے ہیں ہمارے قلوب کو بھی عطا فرما دیجیے تاکہ ہماری دنیا بھی برکت والی گزرے۔ اے زمین وآسمان کے خزانوں کے مالک اور اپنے خزانوں سے بے نیاز مالک، اپنے خزانوں سے مستغنی مالک! ہم فقیروں پر دنیا اور آخرت کے سب خزانے برسا دیجیے ؎
دستِ بکشا جانبِ زنبیلِ ما
اے میرے مالک! ہماری جھولیوں کی طرف اپنے دستِ کرم کو بڑھائیے اور دنیا وآخرت دونوں جہاں کی نعمتوں سے ہم کو، ہماری اولاد کو، دوستوں کو اور سب کو مالامال فرمادیجیے، آمین۔
رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ، یَا ذَالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَااَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ