Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

7 - 607
فصلِ اوّل
مال خرچ کرنے کے فضائل میں

اللہ کے پاک کلام اور اس کے سچے رسول سید البشر ﷺ کے ارشادات میں خرچ کرنے کی ترغیب اور اس کے فضائل اتنے کثرت سے وارد ہیں کہ حد نہیں۔ ان کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ پیسہ پاس رکھنے کی چیز ہے ہی نہیں۔ یہ پیدا ہی اس لیے ہوا ہے کہ اس کو اللہ کے راستہ میں خرچ کیا جائے۔ جتنی کثرت سے اس مسئلہ پر ارشادات ہیں ان کا دسواں بیسواں حصہ بھی جمع کرنا مشکل ہے۔ نمونہ کے طور پر چند آیات اور چند احادیث کا ترجمہ اپنی عادت کے موافق پیش کرتا ہوں۔
آیات
۱۔ ھُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَo الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ وَیُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوۃَ وَمِمَّا رَزَقْنَاھُمْ یُنْفِقُوْنَo وَالَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِمَا اُنْزِلَ اِلَیْکَ وَمَا اُنْزِلَ مِنْ قَبْلِکَ ج وَبِالْاٰخِرَۃِ ھُمْ یُوْقِنُوْنَo اُولٰٓئِکَ عَلٰی ھُدًی مِّنْ رَّبِّھِمْ وَاُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَo   ( البقرۃ: ع ۱)


(یہ کتاب یعنی قرآن شریف) راستہ بتانے والی ہے خدا سے ڈرنے والوں کو جو یقین لاتے ہیں غیب کی چیزوں پر اور قائم رکھتے ہیں نماز کو اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔ اور وہ لوگ ایسے ہیں جو یقین رکھتے ہیں (ایمان لاتے ہیں) اس کتاب پر بھی جو آپ پر نازل کی 
گئی اور ان کتابوں پر بھی جو آپ سے پہلے نازل کی گئیں اور آخرت پر بھی وہ یقین رکھتے ہیں۔ یہی لوگ اُس صحیح راستہ پر ہیں جو ان کے ربّ کی طرف سے ملا ہے اور یہی لوگ فلاح کو پہنچنے والے ہیں۔
فائدہ:اس آیت ِشریفہ میں کئی مضمون قابلِ غور ہیں۔
ا: راستہ بتانے والی ہے خدا سے ڈرنے والوں کو، یعنی جس کو مالک کا خوف نہ ہو، مالک کو مالک نہ جانتا ہو، وہ اپنے پیدا کرنے والے سے جاہل ہو، اس کو قرآن پاک کا بتایا ہوا راستہ کب نظر آسکتا ہے۔ راستہ اسی کو نظر آتا ہے جس میں دیکھنے کی صلاحیت بھی ہو۔ جس میں دیکھنے کا ذریعہ آنکھ ہی نہ ہو، وہ کیا دیکھے گا۔ اسی طرح جس کے دل میں مالک کا خوف ہی نہ ہو وہ مالک کے حکم کی کیا پرواہ کرے گا۔
ب: نماز کو قائم رکھنا یہ ہے کہ اس کو اس کے آداب اور شرائط کی رعایت رکھتے ہوئے پابندی اور اہتمام سے ادا کرے، جس کا تفصیلی بیان رسالہ ’’فضائل نماز‘‘ میں گزر چکا ہے۔ اس میں حضرت ابنِ عباس ? کا یہ ارشاد نقل کیا گیا ہے کہ نماز کو قائم کرنے سے یہ مراد ہے کہ اس کے رکوع و سجود اچھی طرح ادا کرے، ہمہ تن متوجہ رہے اور خشوع کے ساتھ پڑھے۔

Flag Counter