Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

42 - 607
اور تمہیں کیا ہوگیا کیوں نہیں خرچ کرتے اللہ کے راستہ میں؟ حالاںکہ سب آسمان  زمین آخر میں اللہ ہی کی میراث ہے۔ جو لوگ مکہ مکرمہ کے فتح ہونے سے پہلے اللہ کے راستہ میں خرچ کر چکے ہیں اور جہاد کرچکے ہیں وہ برابر نہیں ہوسکتے (ان لوگوں کے جن کا ذکر آگے ہے، بلکہ) وہ بڑھے ہوئے ہیں درجہ میں ان لوگوں سے 
جنہوں نے فتح مکہ کے بعد خرچ کیا اور جہاد کیا، اوراللہ تعالیٰ نے ثواب کا وعدہ تو سب ہی سے کر رکھا ہے، (چاہے فتح مکہ سے پہلے خرچ اور جہاد کیا ہو یا بعد میں) اور اللہ تعالیٰ کو تمہارے اعما ل کی پوری خبر ہے۔
فائدہ: اللہ تعالیٰ کی میراث ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جب سب آدمی مر جائیں گے تو آخر میں آسمان زمین، مال و متاع سب اسی کا رہ جائے گا کہ اس پاک ذات کے سوا کوئی بھی باقی نہ رہے گا۔ تو جب سب کچھ سب کو چھوڑنا ہی ہے تو پھر اپنی خوشی سے اپنے ہاتھ سے کیوں نہ خرچ کرے کہ اس کا ثواب بھی ملے۔ اس کے بعد آیتِ شریفہ میں اس پر تنبیہ کی گئی کہ جن لوگوں نے فتح مکہ سے پہلے اللہ تعالیٰ کے کام پر خرچ کیا یا جہاد کیا، ان کا مرتبہ بڑھا ہوا ہے ان لوگوں سے جنہوں نے فتح مکہ کے بعد خرچ کیا یا جہاد کیا۔ اس لیے کہ فتح سے قبل اِحتیاج زیادہ تھی اور جو چیز جتنی زیادہ حاجت کے وقت خرچ کی جائے گی اتنا ہی زیادہ ثواب ہوگا، جیسا کہ سلسلۂ احادیث میں نمبر(۱۳) پر آرہا ہے۔ لوگوں کی ضرورت کے وقت بہت زیادہ خیال کرنا چاہیے اور ایسے وقت کو جس میں دوسروں کو ضرورت ہو، اپنے خرچ کرنے کے لیے بہت غنیمت سمجھنا چاہیے۔ حق تعالیٰ شا نہٗ نے صحابہ کرام? میں بھی یہ تفریق فرما دی کہ جن حضرات نے فتح مکہ سے پہلے خرچ کیا ان کے ثواب کو بہت زیادہ بڑھا دیا۔ اس طرح ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے کہ کسی کی ضرورت کے وقت اس پر خرچ کرنا بہت اونچی چیز ہے۔
۲۶۔ مَنْ ذَا الَّذِیْ یُقْرِضُ اللّٰہَ قَرْضًا حَسَنًا فَیُضٰعِفَہٗ لَہٗ وَلَہٗ اَجْرٌ کَرِیْمٌ o
(الحدید : ع ۲)


کون شخص ہے جو اللہ  کو قرضِ حسنہ دے پھر اللہ تعالیٰ اس کے ثواب کو اس کے لیے بڑھاتا چلا جائے اوراس کے لیے بہترین بدلہ ہے۔
فائدہ: نمبر (۵) پر ایک آیتِ شریفہ اس کے ہم معنی گزر چکی ہے۔ خاص اہتمام کی وجہ سے اس مضمون کو دوبارہ ارشاد فرمایا ہے۔ اور قرآن پاک میں بار بار اس پر تنبیہ کی جارہی ہے کہ آج اللہ کے راستہ میں خرچ کا دن ہے میں جو خرچ کرنا ہے کرلو، مرنے کے بعد حسرت کے سوا کچھ نہیں ہے۔
Flag Counter