Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

41 - 607
نمبر(۲) پر گزر چکا ہے۔ اس آیت میں مساکین وغیرہ کے دینے کا ذکر علیحدہ ہے اور زکوٰۃ دینے کا ذکر علیحدہ ہے۔ جس میںا س بات کی ترغیب دی گئی ہے کہ آدمی کو صرف زکوٰۃ ہی پر کفایت نہ کرنا چاہیے، بلکہ اس کے علاوہ بھی اپنے مال کو اللہ کے راستہ میں کثرت سے خرچ کرنا چاہیے، مگر آج ہم لوگوں کے لیے زکوٰۃ کا ہی ادا کرنا وبال ہورہا ہے۔ کتنے مسلمان ایسے ہیں جو زکوٰۃ بھی ادا نہیں کرتے، ہاں شادی اور تقریبات کی لغو رسموں میںگھر بھی گروی رکھ دیںگے، جہا ں دنیا میں مال برباد ہو اور آخرت میں گناہ کا وبال ہو۔
۲۴۔ اٰمِنُوْا بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہٖ وَاَنْفِقُوْا مِمَّا جَعَلَکُمْ مُّسْتَخْلَفِیْنَ فِیْہِ ط فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْکُمْ وَاَنْفَقُوْا لَھُمْ اَجْرٌ کَبِیْرٌo
( الحدید : ع ۱)


تم لوگ اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لائو، اور جس مال میں اس نے تم کو دوسروں کا قائم مقام بنایا ہے اس میں سے (اس کی راہ میں) خرچ کرو۔جو لوگ تم میں سے ایمان 
لائے اور (انھوں نے اللہ کی راہ میں) خرچ کیا ان کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔
فائدہ: ’’قائم مقام‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ یہ مال پہلے کسی اور کے پاس تھا اب چند روز کو تمہارے پاس ہے۔ تمہاری آنکھ بند ہو جانے کے بعد کسی اور کے پاس چلا جائے گا۔ ایسی حالت میں اس کو جوڑ جوڑ کر رکھنا بے کار بات ہے۔ یہ بے مروت مال نہ سدا کسی کے پاس رہا نہ رہے گا۔ خوش نصیب ہے وہ جو اس کو اپنے پاس رکھنے کی تدبیر کرلے اور وہ صرف یہی ہے کہ اس کو اللہ  کے بنک میں جمع کرا دے، جس میں نہ ضائع ہونے کا اندیشہ ہے نہ چھوٹ جانے کا خطرہ ہے، اور دنیامیں رہتے ہوئے ہر وقت خطرہ ہی خطرہ ہے۔ اور آج کل تو قدرت نے آنکھوں سے دکھا دیا کہ بڑے بڑے محل، بڑ ی بڑی جاگیریں، سازو سامان، سب کا سب کھڑے کھڑے ہاتھ سے نکل کر دوسروں کے قبضہ میں آگیا۔ کل تک جن مکانات کے بلاشرکت ِغیرے خود مالک تھے، آج دوسروں کو اپنی آنکھوں سے اپنا جانشین ان میں دیکھتے ہیں پھر بھی عبرت حاصل نہیں ہوتی۔
۲۵۔ وَمَا لَکُمْ اَلَّا تُنْفِقُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ وَلِلّٰہِ مِیْرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ط لَایَسْتَوِیْ مِنْکُمْ مَّنْ اَنْفَقَ مِنْ قَبْلِ الْفَتْحِ وَقَاتَلَط اُولٰٓئِکَ اَعْظَمُ دَرَجَۃً مِّنَ الَّذِیْنَ اَنْفَقُوْا مِنْم بَعْدُ وَقٰتَلُوْاط وَکلُاًّ وَّعَدَ اللّٰہُ الْحُسْنٰیط وَاللّٰہُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌo  
( الحدید : ع۱)

Flag Counter