اس نے جلدی سے کلمہ پڑھ لیا۔ اس مسلمان نے پھر بھی اس کو قتل کر دیا ۔ حضورﷺکو جب اس کی اطلاع ہوئی تو حضورﷺ نے اس مسلمان سے مطالبہ کیا۔ اس نے یہ معذرت کی کہ اس نے ڈر کی وجہ سے پڑھا تھا۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ تُو نے اس کے دل کو چیر کے دیکھ لیا تھا کہ اس نے ڈر کی وجہ سے پڑھا ہے؟ اس کے بعد اس مسلمان کی موت بہت بری طرح سے ہوئی۔ (دُرِّمنثور)
حق تعالیٰ شانہٗ نے حدود سے تجاوز کی اجازت کسی جگہ نہیں دی ۔ دوسرا مضمون شروع ہو جائے گا اس لیے اس کو نہیں لکھتا، لیکن محض دنیوی اغراض کی وجہ سے کفار پر زیادتی کی بھی شریعت ہرگز اجازت نہیں دیتی۔ بہت سی آیات،بہت سی روایات، اس مضمون میں وارد ہیں۔ سورئہ مائدہ کے شروع میں حق تعالیٰ شا نہٗ کا ارشاد ہے : { لَایَجْرِمَنَّکُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ} الٓایۃ (رکوع: ۱) یعنی کفارِ مکہ نے جوتم کو عمرہ ٔحدیبیہ کے موقع پر مکہ میں داخل ہونے سے روک دیا اور بغیر عمرہ کے تم کو مکہ مکرمہ کے قریب سے بے نیلِ مَرام واپس ہونا پڑا، اس کا غصہ تم کو حدود سے نہ نکلنے دے۔ ایسا ہرگز نہ ہو کہ تم تعدی کرنے لگو۔ نیکی اور تقویٰ میں ایک دوسرے کی اعانت کرو، اورگناہ اور ظلم میںکسی کی اعانت نہ کرو ۔ اسی سورت شریف کے دوسرے رکوع میں ارشاد ہے:
{ یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُوْنُوْا قَوَّامِیْنَ} الٓایۃ
اے مسلمانو! تم اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے اس کے اَحکام کی پوری پابندی کرنے والے بنو اور (کہیں نوبت آجائے تو) گواہی انصاف کے ساتھ دو۔ کسی قوم کے ساتھ عداوت تم کو عدل وانصاف سے نہ ہٹا وے۔
غرض بہت سی جگہ ان امور پر تنبیہ کی گئی ۔ دنیا کی محبت آدمی کی عقل کوبھی بے کار کر دیتی ہے۔
۸۔ وَمَا الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا اِلاَّ لَعِبٌ وَّلَھْوٌ وَّلَلدَّارُ الْاٰخِرَۃُ خَیْرٌ لِّلَّذِیْنَ یَتَّقُوْنَط اَفَلاَ تَعْقِلُوْنَ o (الأنعام : ع ۴)
اور دنیوی زندگانی کچھ بھی نہیں ہے بجز لہو و لعب کے اور آخرت کا گھر متقیوں کے لیے بہتر ہے کیاتمہیں عقل نہیں ہے؟ (جوایسی صاف واضح بات تمہاری سمجھ میں نہیں آتی کہ دنیا کے اس لہو و لعب کو آخرت کی عمدہ زندگی سے کچھ بھی مناسبت نہیں)
۹۔ وَذَرِ الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا دِیْنَھُمْ لَعِبًا وَّلَھْوًا وَغَرَّتْھُمُ الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا (الأنعام : ع ۸)
ایسے لوگوں سے بالکل کنارہ کش (یکسو اور علیحدہ)رہو جنہوں نے اپنے دین کو لہو و لعب بنا رکھا ہے اور دنیوی زندگی نے ان کو دھو کے میں ڈال رکھا ہے۔
۱۰۔ وَلَقَدْ جِئْتُمُوْنَا فُرَادٰی کَمَا خَلَقْنٰـکُمْ اَوَّلَ مَرَّۃٍ وَّتَرَکْتُمْ مَّا خَوَّلْٰنکُمْ وَرَآئَ ظُھُوْرِکُمْ (الأنعام : ع۱۱)