Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

236 - 607
ثوبانؓفرماتے ہیں کہ جب یہ آیتِ شریفہ {وَالَّذِیْنَ یَکْنِزُوْنَ الذَّھَبَ} الآیۃ نازل ہوئی تو ہم حضورﷺ کے ساتھ سفر میں تھے۔ بعض صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! اگر یہ معلوم ہوجاتا کہ خزانہ کے طور کیا چیز حفاظت سے رکھنے کی ہے؟ تو حضور ﷺ نے فرمایا: بہترین چیز وہ زبان ہے جو ذکر کرنے والی ہو، وہ دل ہے جو شکرگزار ہو اور وہ نیک بیوی ہے جو دین کے کاموں میں مدد کرنے والی ہو۔ (دُرِّمنثور)
ایک حدیث میں ہے کہ جب یہ آیتِ شریفہ نازل ہوئی تو حضورﷺنے فرمایا کہ سونے چاندی کا ناس ہو کیسی بری چیز ہے۔ تین مرتبہ حضورﷺنے یہی فرمایا۔ اس پر صحابہ نے دریافت کیا کہ خزانہ کے طور پر قابلِ حفاظت کیا چیز بہتر ہے؟ حضورﷺنے فرمایا: زبان ذکرکرنے والی، دل اللہ سے ڈرنے والا اور وہ نیک بیوی جو دین کے کاموں میں معین ومددگار ہو۔ (تفسیرِ کبیر)
کیسی پاک اور جامع تعلیم ہے حضورِ اقدسﷺ کی کہ مال رکھنے کا جواز بھی بتا دیا اور جمع رکھنے کا پسندیدہ نہ ہونا بھی بتا دیا اور دنیا میںراحت کی ایسی زندگی جو آخرت میں کام دے وہ بھی بتا دی کہ ذکر کرنے والی زبان، شکر کرنے والا دل اور دنیا کی لذت کی وہ چیز بھی بتادی جو راحت سے زندگی گزرنے کا سبب ہو اور وہ فتنے اس میں نہ ہوں جومال میں ہیں، ہر قسم کی راحت اس سے میسر ہو، اوروہ بیوی ہے بشرطے کہ نیک ہو، دین دار ہو، فرماںبردار ہو اور سمجھ دار ہو کہ خاوند کے مال ومتاع کی حفاظت کرنے والی ہو۔
۲۔ عَنْ أَبِيْ الدَّرْدَائِؓ عَنْ رَّسُوْلِ اللّٰہِ ﷺ قَالَ: الزَّکَاۃُ قَنْطَرَۃُ الإِسْلَامِ۔


حضورِاقدسﷺ کا ارشادہے کہ زکوٰۃ اسلام کا (بہت بڑا مضبوط) پُل ہے۔
رواہ الطبراني في الأوسط والکبیر، کذا في الترغیب۔
فائدہ: جیسا کہ مضبوط پُل ذریعہ اور سہولت کاسبب ہوتا ہے کسی جگہ جانے کا، اسی طرح زکوٰۃ ذریعہ ہے اور راستہ ہے اسلام کی حقیقت تک سہولت سے پہنچنے کا یا اللہ کے عالی دربار تک پہنچنے کا۔
عبدالعزیز بن عمیر ؒ حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ کے پوتے فرماتے ہیں کہ نماز تجھے آدھے راستہ تک پہنچا دے گی اورروزہ بادشاہ کے دروازہ تک پہنچادے گا اور صدقہ تجھے بادشاہ کے پاس پہنچادے گا۔ (اِتحاف)
پُل کے ساتھ ایک لطیف مناسبت حضرت شقیق بلخی ؒ جو مشہور بزرگ اور صوفی ہیں کے کلام سے بھی معلوم ہوتی ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ ہم نے پانچ چیزیں تلاش کیں، ان کو پانچ جگہ پایا۔ روزی کی برکت کو چاشت کی نماز میں پایا، اور قبرکی روشنی 
Flag Counter