Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

210 - 607
حضورِاقدسﷺ سے کسی نے دریافت کیا کہ میرے بہترین تعلقات (احسان وسلوک) کا سب سے زیادہ مستحق کون ہے؟ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا: ماں۔ پھر دوبارہ سہ بارہ ماںکو ہی بتایا۔ پھر فرمایا کہ باپ، پھر دوسرے رشتہ دار اَلأَقْرَبُ فَالْأَقْرَبُ۔ (جو جتنا قریب ہو اتنا ہی مقدم ہے)
فائدہ: اس حدیث شریف سے بعض علما نے استنباط کیاہے کہ حسنِ سلوک اور احسان میں ماں کا حق تین حصہ ہے اور باپ کا ایک حصہ۔ اس لیے کہ حضورﷺ نے تین مرتبہ ماںکو بتا کر چوتھی مرتبہ باپ کوبتایا۔ اس کی وجہ علما یہ بتاتے ہیں کہ اولاد کے لیے ماں تین مشقتیں برداشت کرتی ہے: حمل کی، جننے کی، دودھ پلانے کی۔ اسی وجہ سے فقہا نے اس کی تصریح کی ہے کہ احسان اور سلوک میں ماں کا حق باپ پر مقدم ہے۔ اگر کوئی شخص ایسا ہو کہ وہ اپنی ناداری کی وجہ سے دونوںکے ساتھ سلوک نہیں کرسکتا تو ماںکے ساتھ سلوک کرنامقدم ہے۔ البتہ اِعزاز اور ادب تعظیم میںباپ کا حق ماں پر مقدم ہے۔ (مظاہرِ حق) اور یہ بھی ظاہر ہے کہ عورت ہونے کی وجہ سے ماںاحسان کی زیادہ محتاج ہوتی ہے۔ اور ان دونوں کے بعد دوسرے رشتہ دار ہیں، جس کی قرابت جتنی قریب ہوگی اتنا ہی مقدم ہوگا۔
ایک حدیث میں ہے کہ اپنی ماں کے ساتھ حسن سلوک کی ابتدا کرو،ا س کے بعد باپ کے ساتھ، پھر بہن کے ساتھ، پھر بھائی کے ساتھ اَلْأَقْرَبُ فَالْأَقْرَب۔ اور اپنے پڑوسیوں اور حاجت مندوں کو نہ بھولنا۔ (کنز العمال)
حضرت بہزبن حکیم ؒ اپنے دادا سے نقل کرتے ہیں کہ انھوںنے حضورﷺ سے عرض کیاکہ حضور! میں سلوک و احسان کس کے ساتھ کروں؟ حضورﷺ نے فرمایا کہ اپنی ماں کے ساتھ۔ انھوںنے پھر یہی دریافت فرمایا، حضورﷺنے پھریہی جواب دیا۔ اسی طرح تیسری مرتبہ بھی، چوتھی مرتبہ میں حضورﷺنے فرمایا: باپ کے ساتھ۔ اس کے بعد پھر دوسرے رشتہ دار جو جتنا قریب ہو اتنا ہی مقدم ہے۔
ایک اور حدیث میں ہے کہ ایک شخص حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ مجھے کوئی حکم دیں تاکہ تعمیلِ ارشاد کروں۔ حضورﷺ نے فرمایا کہ اپنی ماںکے ساتھ احسان کرو۔ دوسری اور تیسری مرتبہ کے بعد حضورﷺنے فرمایا کہ اپنے باپ کے ساتھ احسان کرو۔ (دُرِّمنثور)
ایک حدیث میں ہے کہ تین چیزیں ایسی ہیں جس میں یہ پائی جائیں حق تعالیٰ شا نہٗ مرنے کے وقت کو اس پر آسان کر دیتے ہیں اور جنت میں اس کو داخل کر دیتے ہیں۔ ضعیف پر مہربانی، والدین پرشفقت اور ماتحتوں پر احسان۔ (مشکوٰۃ المصابیح)
۲۔ عَنْ أَنَس ٍؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ: مَنْ أَحَبَّ أَنْ یُّبْسَطَ لَہٗ فِيْ رِزْقِہٖ وَیُنْسَأَ لَہٗ فِيْ أَثَرِہٖ فَلْیَصِلْ رَحِمَہِ۔ 
متفق علیہ، مشکاۃ المصابیح۔

Flag Counter