Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

174 - 607
ہوتی تھی وہ بھی نہ دیتا تھا۔ (الترغیب والترہیب) ایک اور حدیث میں حضورﷺ کا ارشاد وارد ہوا ہے: لوگو! صدقہ کرو، میں قیامت کے دن اس کی گواہی دوں گا۔ شاید تم میں سے بعض لوگ ایسے بھی ہوں گے جن کے پاس رات کو سیر ہونے کے بعد بچ رہے اور اس کا چچا زاد بھائی بھوک کی حالت میں رات گزارے۔ تم میں شاید کچھ ایسے بھی لوگ ہوںگے جو خود تو اپنے مال کو بڑھاتے رہیں اور ان کامسکین پڑوسی کچھ نہ کما سکے۔ (کنز العمال)
ایک اور حدیث میں حضورﷺ کا ارشاد وارد ہوا ہے کہ آدمی کے بخل کے لیے یہ کافی ہے کہ وہ یوں کہے کہ میںا پنا حق پورا کاپورا لوں گا، اس میں سے ذرا سا بھی نہیں چھوڑوں گا۔ (کنز العمال) یعنی تقسیم وغیرہ میں رشتہ داروں سے ہو یا پڑوسیوں سے اپنا پورا حق وصول کرنے کی فکر میں لگا رہے، ذرا ذرا سی چیز پر کُنج و کائو کرے، یہ بھی بخل کی علامت ہے۔ اگر تھوڑا بہت دوسرے کے پاس چلاہی جائے گا تو اس میں کیا مرجائے گا۔
۸۔ عَنِ ابْنِ  عُمَرَ  وَأَبِيْ ھُرَیْرَۃَ ? قَالَا: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ: عُذِّبَتْ امْرَأَ ۃٌ فِيْ ھِرَّۃٍ أَمْسَکَتْھَا حَتَّی مَاتَتْ مِنَ الْجُوْعِ فَلَمْ تَکُنْ تُطْعِمُھَا وَلاَ تُرْسِلُھَا فَتَاکُلَ مِنْ خُشَاشِ الأَرْضِ۔
متفق علیہ، کذا في مشکاۃ المصابیح۔


حضرت ابنِ عمر اور حضرت ابوہریرہ ? دونوں نے حضورﷺ کایہ ارشاد نقل کیا کہ ایک عورت کو اس پر عذاب کیاگیا کہ اس نے ایک بلی کو باندھ رکھا تھا جو بھوک کی وجہ سے مر گئی۔ نہ تو اس نے اس کو کھانے کو دیا، نہ ا س کو چھوڑا کہ وہ زمین کے جانوروں (چوہے وغیرہ) سے اپنا پیٹ بھرلیتی۔
فائدہ: جو لوگ جانورںکو پالتے ہیں ان کی ذمہ داری بہت سخت ہے کہ وہ بے زبان جانور اپنی ضروریات کو ظاہر بھی نہیں کرسکتے، ایسی حالت میں ان کے کھانے پینے کی خبر گیری بہت اہم اور ضروری ہے۔ اس میں بخل سے کام لینا اپنے آپ کو عذاب میں مبتلا کرنے کے لیے تیار کرناہے۔ بہت سے آدمی جانوروں کے پالنے کا تو بڑا شوق رکھتے ہیں، لیکن ان کے گھاس دانہ پر خرچ کرتے ہوئے جان نکلتی ہے۔ حضورِ اقدسﷺ سے مختلف احادیث میں مختلف عنوانات سے یہ مضمون نقل کیاگیا کہ ان جانورں کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہا کرو۔
ایک مرتبہ حضورِ اقدسﷺ تشریف لے جا رہے تھے راستہ میں ایک اونٹ نظرِاقدس سے گزرا جس کا پیٹ کمر سے لگ رہا تھا (بھوک کی وجہ سے یا دُبلے پن کی وجہ سے)۔ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ان بے زبان جانوروں کے بارے میں اللہ سے ڈرتے رہا کرو، ان کی اچھی حالت میں ان پر سوار ہوا کرو اور اچھی حالت میں ان کو کھایا کرو۔
Flag Counter