Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

170 - 607
ہو۔
۴۔ عَنْ أَبِيْ ھُرَیْرَۃؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ اَلسَّخِيُّ قَرِیْبٌ مِّنَ اللّٰہِ، قَرِیْبٌ مِّنَ الْجَنَّۃِ، قَرِیْبٌ مِّنَ النَّاسِ، بَعِیْدٌ مِنَ النَّارِ۔ وَالْبَخِیْلُ بَعِیْدٌ مِّنَ اللّٰہِ، بَعِیْدٌ مِّنَ الْجَنَّۃِ، بَعِیْدٌ مِّنَ النَّاسِ، قَرِیْبٌ مِنَ النَّارِ، وَلَجَاھِلٌ سَخِيٌّ أَحَبُّ إِلَی اللّٰہِ مِنْ عَابِدٍ بَخِیْلٍ۔
رواہ الترمذي، کذا في مشکاۃ المصابیح۔


حضورِاقدسﷺکا ارشاد ہے کہ سخی آدمی اللہ سے قریب ہے، جنت سے قریب ہے، لوگوں سے قریب ہے، جہنم سے دور ہے۔ اور بخیل آدمی اللہ سے دور ہے، جنت سے دور ہے، آدمیوں سے دور ہے اور جہنم سے قریب ہے۔ بے شک جاہل سخی اللہ کے نزدیک عابد بخیل سے زیادہ محبوب ہے۔
فائدہ: یعنی جو شخص عبادت بہت کثرت سے کرتا ہو، نوافل بہت لمبی لمبی پڑھتا ہو، اس سے وہ شخص اللہ کے نزدیک زیادہ محبوب ہے جو نوافل بہت کم پڑھتا ہو لیکن سخی ہو۔ عابد سے مراد نوافل کثرت سے پڑھنے والا ہے۔ فرائض کا پڑھنا تو ہر شخص کے لیے ضروری ہے چاہے سخی ہو یا نہ ہو۔
امام غزالی ؒ نے نقل کیا ہے کہ حضرت یحییٰ بن زکریاعلی نبینا و علیہما الصلوۃ والسلام نے ایک مرتبہ شیطان سے دریافت فرمایا کہ تجھے سب سے زیادہ کو ن شخص محبوب ہے اور سب سے زیادہ نفرت کس سے ہے؟ اس نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ محبت مؤمن بخیل سے ہے اور سب سے زیادہ نفرت  فاسق سخی سے ہے۔ انھوں نے فرمایا: یہ کیا بات ہے؟ اس نے عرض کیا کہ بخیل اپنے بخل کی وجہ سے مجھے بے فکر رکھتا ہے۔ یعنی اس کا بخل ہی جہنم میں لے جانے کے لیے کافی ہے، لیکن فاسق سخی پرمجھے ہر وقت فکرسوار رہتا ہے کہ کہیں حق تعالیٰ شا نہٗ اس کی سخاوت کی وجہ سے اس سے درگزر نہ فرما ویں۔ (اِحیاء العلوم)
یعنی حق تعالیٰ شا نہٗ اس کی سخاوت کی وجہ سے کسی وقت اس سے راضی ہوگئے تو اس کے دریائے مغفرت و رحمت میں عمر بھر کے فسق و فجور کی کیا حقیقت ہے۔ وہ سب کچھ معاف فرما سکتا ہے۔ ایسی صورت میں میری عمر بھر کی محنت جو اس سے گناہ صادر کرانے میں کی تھی، ساری ضائع ہوگئی۔
ایک حدیث میںہے کہ جو شخص سخاوت کرتا ہے وہ اللہ کے ساتھ حسنِ ظن کی وجہ سے کرتا ہے۔ اور جو بخل کرتا ہے وہ حق تعالیٰ شا نہٗ کے ساتھ بدظنی سے کرتا ہے۔ (کنزالعمال) حسنِ ظن کا مطلب یہ ہے کہ وہ یہ سمجھتا ہے کہ جس مالک نے یہ عطا فرمایا وہ پھر بھی عطا فرماسکتا ہے، اور ایسے شخص کے اللہ سے قریب ہونے میں کیا تردد ہے؟ اور بدظنی کا مطلب یہ ہے کہ وہ یہ سمجھتا ہے کہ یہ ختم ہوگئے تو پھر کہاں سے آئیں گے۔ ایسے شخص کا اللہ سے دور ہونا ظاہر ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے خزانہ کو 
Flag Counter