Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

136 - 607
اپنے ساتھی کے ساتھ بہترین تقسیم کرنے والا ہوں۔ جو شخص اپنی عبادت میں میرے ساتھ کسی دوسرے کو ساجھی کر دے میں اپنا حصہ بھی اس ساجھی کو دے دیتا ہوں۔ ایک حدیث میں ہے کہ جہنم میںایک وادی ایسی ہے جس سے جہنم خودبھی چار سو مرتبہ روزانہ پناہ مانگتی ہے، وہ ریاکار قاریوں کے واسطے ہے۔
ایک اور حدیث میںحضورِ اقدسﷺ کا ارشاد آیا ہے کہ جُبُّ الْحُزْن سے پناہ مانگا کرو۔ (یعنی غم کے کنوئیں سے جو جہنم میں ہے) صحابہ نے عرض کیا: یارسول اللہ! اس میں کون لوگ رہیں گے؟ حضورﷺنے فرمایا کہ جو اپنے اعمال میں ریاکاری کرتے ہیں۔ ایک صحابی کہتے ہیں کہ یہ آیتِ شریفہ قرآنِ پاک میں سب سے آخر میں نازل ہوئی۔ (دُرِّمنثور) قرآن پاک میں دوسری جگہ ارشاد ہے:
{یٰٓـاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَاتُبْطِلُوْا صَدَقٰـتِکُمْ بِالْمَنِّ وَالْاَذٰی لا کَالَّذِیْ یُنْفِقُ مَالَہٗ رِئَآئَ النَّاسِ (الآیۃ)}
 ( البقرۃ : ع ۳۶)


اے ایمان والو! تم احسان جتاکر یا اِیذا پہنچا کر اپنی خیرات کو برباد مت کرو، جس طرح وہ شخص (برباد) کرتا ہے جو اپنا مال لوگوں کو دکھلانے کی غرض سے خرچ کرتا ہے، اور 
ایمان نہیں رکھتا اللہ پر اور قیامت کے دن پر، اس شخص کی مثال ایسی ہے جیسا کہ ایک چکنا پتھر ہو جس پرکچھ مٹی آگئی ہو (اور اس مٹی میں کچھ سبزہ وغیرہ جم گیا ہو)، پھر اس پتھر پرزور کی بارش پڑ جائے سو وہ اس کو بالکل صاف کر دے گی، (اسی طرح ان احسان رکھنے والوں، اِیذا دینے والوں اور ریاکاروں کا خرچ کرنا بھی بالکل صاف اُڑ جائے گا اور قیامت کے دن) ایسے لوگوں کو اپنی کمائی ذرا بھی ہاتھ نہ لگے گی۔ (یعنی یہ جو نیکیاں کی تھیں صدقات دیے تھے یہ سب ضائع جائیںگے)
اس کے علاوہ اور بھی کئی جگہ قرآنِ پاک میں ریا کی مذمت فرمائی ہے۔ایک حدیث میں ہے کہ قیامت کے دن سب سے پہلے جن لوگوں کا فیصلہ ہوگا ان میںایک تو شہید ہوگا، اس کو بلایا جائے گا اور بلانے کے بعددنیا میں جو اللہ کے انعامات اس پرہوئے تھے وہ اس کو یاد دلائے جائیں گے۔ اس کے بعد اس سے مطالبہ ہوگا کہ اللہ کی ان نعمتوں میں رہ کر تو نے کیا نیک عمل کیا؟ وہ عرض کرے گا کہ میں نے تیری رضا جُوئی میں جہاد کیا حتیٰ کہ شہید ہوگیااور تجھ پر قربان ہوگیا۔ ارشاد ہوگاکہ یہ جھوٹ ہے، تُو نے جہاد اس لیے کیا تھا کہ لوگ بڑا بہادر بتائیں گے، وہ تجھے بہت بڑا بہادر بتا چکے۔ (جو غرض عمل کی تھی وہ پوری ہو گئی ہے) اس کے بعد اس کوجہنم میں پھینک دینے کاحکم کیا جائے گا اورتعمیلِ حکم میں اس کومنہ کے بل کھینچ کر جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔
Flag Counter