Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

13 - 607
ایک حدیث میں ہے کہ جب یہ آیتِ شریفہ نازل ہوئی { مَنْ جَآئَ بِالْحَسَنَۃِ } الآیۃ جو ایک نیکی کرے اس کو دس گنا ثواب ملے گا۔ تو حضورﷺ نے دعا کی کہ یا اللہ! میری امت کا ثواب اس سے بھی زیادہ کردے۔ اس کے بعد یہ آیت { مَنْ ذَا الَّذِیْ یُقْرِضُ اللّٰہَ}  الآیۃ نازل ہوئی۔ حضور ﷺنے پھر دعا کی: یا اللہ! میری امت کا ثواب اور بھی زیادہ کردے۔ پھر { مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ }الآیۃ  جو نمبر (۷) پر آرہی ہے نازل ہوئی۔ حضورﷺنے پھر دعا کی: یا اللہ! میری امت کا ثواب بڑھادے۔ اس پر { اِنَّمَا یُوَفَّی الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَھُمْ بِغَیْرِحِسَابٍo } ( الزمر: ع ۲) نازل ہوئی کہ صبر کرنے والوں کو ان کا ثواب پورا پورا دیا جائے گا، جو بے اندازہ اور بے شمار ہوگا۔
ایک حدیث میں ہے کہ ایک فرشتہ ندا کرتا ہے: کون ہے جو آج قرض دے اور کل کو پورا بدلہ لے لے ؟ ایک اور حدیث میں ہے کہ اللہ  فرماتے ہیں: اے آدمی! اپنا خزانہ میرے پاس امانت رکھا دے۔ نہ اس میں آگ لگنے کا اندیشہ ہے، نہ غرق ہو جانے کا، نہ چوری کا۔ میں ایسے وقت میں وہ تجھ کو پورا کا پورا واپس کروں گا جس وقت تجھے اس کی انتہائی ضرورت ہوگی۔ (دُرِّمنثور)
۶۔ یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اَنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰـکُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لاَّ بَیْعٌ فِیْہِ وَلاَخَُلَّۃٌ وَّلَا شَفَاعَۃٌ ط الآیۃ۔
( البقرۃ: ع۳۴ )


اے ایمان والو! خرچ کرو ان چیزوں میں سے جو ہم نے تم کو دی ہیں، قبل اس کے کہ وہ دن آجائے جس میں نہ تو خرید و فروخت ہوسکتی ہے، نہ دوستی ہوگی، نہ کسی کی (اللہ کی اجازت بغیر) سفارش ہوگی۔
فائدہ: یعنی اس دن نہ تو خرید و فروخت ہے کہ کوئی اس دن دوسروں کی نیکیاں خریدلے، نہ دوستی ہے کہ تعلقات میں کوئی دوسرے سے نیکیاں مانگ لے، نہ بغیر اجازت کے سفارش کا کسی کو حق ہے کہ اپنی طرف سے منت سماجت کرکے سفارش ہی کرالے۔ غرض جتنے اسباب دوسرے سے اعانت حاصل کرنے کے ہوا کرتے ہیں وہ سب ہی اس دن مفقود ہوں گے۔ اس دن کے واسطے کچھ کرنا ہے تو آج کا دن ہے۔ جو بونا ہے بولیا جائے، اُس دن تو کھیتی کے کاٹنے کا ہی دن ہے۔ جو بویا گیا ہے وہ کاٹ لیا جائے گا۔ غلہ ہو یا پھول، کاٹنے ہوں یا ایندھن، ہر شخص خود ہی غور کرلے کہ وہ کیا بو رہا ہے۔
۷۔ مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنْبَتَتْ سَبْعَ سَنَابِلَ فِیْ کُلِّ سُنْبُلَۃٍ مِّائَۃُ حَبَّۃٍ ط وَاللّٰہُ یُضٰعِفُ لِمَنْ یَّشَآئُ ط وَاللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ o    ( البقرۃ : ع ۳۶ )


Flag Counter