Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

118 - 607
چیز پر قدرت ہوجائے جو دارَین کی خیر کا سبب ہو؟ اللہ کاذکر کرنے والوں کی مجلس اختیار کر،اور جب تو تنہا ہوا کرے تو جس قدر بھی تو کرسکے اللہ کے ذکر سے اپنی زبان کو حرکت دیتا رہا کر، اور اللہ کے واسطے دوستی کر اور اسی کے لیے دشمنی کر۔ (مشکاۃ المصابیح) یعنی جس سے دوستی یا دشمنی ہو وہ اللہ ہی کی رضا کے واسطے ہو ، اپنے نفس کے واسطے نہ ہو۔
امام غزالی ؒ فرماتے ہیں کہ جس شخص کی مصاحبت اختیار کرے اس میں پانچ چیزیں ہونا چاہییں۔ اول صاحب عقل ہو۔ اس لیے کہ عقل اصل راس ُالمال ہے، بے وقوف کی مصاحبت میں کوئی فائدہ نہیں ہے، اس کا مآلِ کار وحشت اور قطع رحمی ہے۔ حضرت سفیان ثوری ؒ سے تو یہ بھی نقل کیا گیا کہ احمق کی صورت کو دیکھنا بھی خطا ہے۔ دوسری چیز یہ ہے کہ اس کے اخلاق اچھے ہوں کہ جب آدمی کے اخلاق خراب ہوں تو وہ عقل پر بسا اوقات غالب آجاتے ہیں۔ ایک آدمی سمجھ دار ہے، با ت کو خوب سمجھتا ہے، لیکن غصہ، شہوت ،بخل وغیرہ اس کو اکثر عقل کا کام نہیں کرنے دیتے۔ تیسری چیز یہ ہے کہ وہ فاسق نہ ہو۔اس لیے کہ جو شخص اللہ سے بھی نہ ڈرتا ہو اس کی دوستی کا کوئی اعتبار نہیں، نہ معلوم کس جگہ کس مصیبت میں پھنسا دے۔ چوتھی چیز یہ ہے کہ وہ بدعتی نہ ہو کہ اس کے تعلقات سے بدعت کے ساتھ متاثر ہو جانے کا اندیشہ ہے اور اس کی نحوست کے متعدی ہونے کا خوف ہے۔ بدعتی اس کا مستحق ہے کہ اس سے تعلقات اگر ہوں تو منقطع کرلیے جائیں، نہ یہ کہ تعلقات پیدا کیے جائیں۔ پانچویں چیز یہ ہے کہ وہ دنیا کمانے پر حریص نہ ہوکہ اس کی صحبت سمِ قاتل ہے۔ اس لیے کہ طبیعت تشبُّہ اور اِقتدا پر مجبور ہوا کرتی ہے اور مخفی طور پر دوسرے کے اثرات لیا کرتی ہے۔ (اِحیاء العلوم)
 حضرت امام باقر ؒ فرماتے ہیں کہ مجھے میرے والد حضرت زین العابدین ؒ نے وصیت فرمائی ہے کہ پانچ آدمیوں کے ساتھ نہ رہنا، ان سے بات بھی نہ کرنا، حتیٰ کہ راستہ چلتے ہوئے ان کے ساتھ راستہ بھی نہ چلنا۔ 
۱۔ فاسق شخص کہ وہ تجھے ایک لقمہ بلکہ ایک لقمہ سے کم میں بھی فروخت کر دے گا۔ میں نے پوچھا کہ ایک لقمہ سے کم میں فروخت کرنے کا کیا مطلب؟ فرمایا کہ ایک لقمہ کی امید پر وہ تجھے فروخت کر دے پھر اس کو وہ لقمہ بھی جس کی امید تھی نہ ملے۔ (محض امید پر فروخت کردے) ۲۔ بخیل کے پاس نہ جائیو کہ وہ تجھ سے ایسے وقت میں تعلق توڑ دے گا جب تو اس کا سخت محتاج ہو۔ ۳۔ جھوٹے کے پاس نہ جائیو کہ وہ بالُو (دھوکہ) کی طرح سے قریب کو دُور اور دُور کو قریب ظاہر کرے گا۔ ۴۔ احمق کے پاس کو نہ گزرنا کہ وہ تجھے نفع پہنچانا چاہے گا اور نقصان پہنچا دے گا۔ ۵۔ قطع رحمی کرنے والے کے پاس کونہ گزریو کہ میں نے اس پر قرآنِ پاک میں تین جگہ لعنت پائی ہے۔ (روض الریاحین)
اثرات کا لینا آدمیوں ہی کے ساتھ خاص نہیں ہے، بلکہ جس چیز کے ساتھ آدمی کا تلبُّس زیادہ ہوا کرتا ہے اس کے اثرات مخفی طور پر آدمی کے ا ندر آجایا کرتے ہیں۔ حضورِاقدسﷺ سے نقل کیا گیا کہ بکریوں والوں میں مسکنت ہوتی ہے اور 
Flag Counter