Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

117 - 607

حضورِ اقدس ﷺ کا پاک ارشاد ہے کہ مسلمان کے علاوہ کسی کے ساتھ مُصاحبت اور ہم نشنیی نہ رکھ، اور تیرا کھانا غیرِ متقی نہ کھائے۔
في مشکاۃ المصابیح، وبسط في تخریجہ صاحب الاتحاف۔
فائدہ: اس حدیثِ پاک میں حضو رِ اقدسﷺ نے دو آداب ارشاد فرمائے۔ اول یہ کہ ہم نشینی اور نشست و برخاست غیر مسلم کے ساتھ نہ رکھ۔ اگر اس سے کامل مسلمان مراد ہے تب تو مطلب یہ ہے کہ فاسق فاجر لوگوں کے ساتھ مجالست اختیار نہ کر۔ دوسرے جملہ میں چوںکہ متقی کا ذکر ہے اس سے اس مفہوم کی تائید ہوتی ہے، نیز اس سے بھی تائید ہوتی ہے کہ ایک حدیث میں حضورﷺ کا ارشاد ہے کہ نہ داخل ہوں تیرے گھر میں مگر متقی لوگ۔ (کنزالعمال)اور اگر اس سے مطلقًا مسلمان مراد ہے تو مطلب یہ ہے کہ کافروں کے ساتھ بے ضرورت مجالست اختیار نہ کی جائے۔
 اور ہر صورت میں تنبیہ مقصود ہے اچھی صحبت اختیار کرنے پر۔ اس لیے کہ آدمی جس قسم کے لوگوں میں کثرت سے نشست و برخاست رکھا کرتا ہے اسی قسم کے آثار آدمی میں پیدا ہوا کرتے ہیں۔ اسی بنا پر حضورﷺکا وہ ارشاد ہے جو ابھی گزرا کہ تیرے گھر میں متقیوں کے علاوہ داخل نہ ہوں۔ یعنی ان سے میل جول ہوگا تو ان کے اثرات پیدا ہوں گے۔ حضورﷺ کا پاک ارشاد ہے کہ صالح ہم نشین کی مثال مشک بیچنے والے کی ہے کہ اگر اس کے پاس بیٹھا جائے تو وہ تجھے تھوڑا سا مشک کا ہدیہ بھی دے دے گا، تُو اس سے خرید بھی لے گا اور دونوں باتیں نہ ہوں تو پاس بیٹھنے کی وجہ سے مشک کی خوشبو سے دماغ معّطر رہے گا۔ (اور فرحت پہنچتی رہے گی) اور برے ساتھی کی مثال لوہار کی بھٹی کے پاس بیٹھنے والے کی ہے کہ اگر اس کی بھٹی سے کوئی چنگاری اڑ کر لگ گئی تو کپڑے جلا دے گی، اور یہ بھی نہ ہو تو بدبو اور دھواں تو کہیں گیا ہی نہیں۔ (مشکاۃ المصابیح)
ایک اور حدیث میں ہے کہ آدمی اپنے دوست کے مذہب پر ہوا کرتا ہے، پس اچھی طرح غورکرلے کہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔ (مشکاۃ المصابیح) مطلب یہ ہے کہ پاس بیٹھنے کا اور صحبت کا اثر بے ارادہ رفتہ رفتہ آدمی میں سرایت کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ آدمی اس کا مذہب بھی اختیار کرلیا کرتا ہے۔ اس لیے پاس بیٹھنے والوں کی دینی حالت میں اچھی طرح سے غور کرلینا چاہیے۔ بددینوں کے پاس کثرت سے بیٹھنے سے بددینی آدمی میں پیدا ہوا کرتی ہے۔ روز مرہ کاتجربہ ہے کہ شراب پینے والوں کے، شطرنج کھیلنے والوں کے پاس تھوڑے دن کثرت سے اٹھنا بیٹھنا ہو تو یہ مرض آدمی میں لگ جاتے ہیں۔
ایک اور حدیث میں ہے کہ حضورِ اقدسﷺ نے حضرت ابورَزِینؓ سے فرمایا کہ میں تجھے ایسی چیز بتائوں جس سے اس 
Flag Counter