Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

109 - 607
دے، اور اگر یہ نہ ہوسکے تو اس پھل کو ایسی طرح پوشیدہ گھر میں لاکہ وہ نہ دیکھے اور اس کو تیری اولاد باہر لے کر نہ نکلے تاکہ پڑوسی کے بچے اس کو دیکھ کررنجیدہ نہ ہوں، اور اپنے گھر کے دھوئیں سے اس کو تکلیف نہ پہنچا مگر اس صورت میں کہ جو پکائے اس میں سے اس کا بھی حصہ لگالے۔ تم جانتے ہو کہ پڑوسی کا کتنا حق ہے؟ قسم ہے اس پاک ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے! کہ اس کے حق کو اس کے سوا کوئی نہیں جانتا جس پر اللہ رحم کرے۔ روایت کیا اس کو غزالی ؒ نے ’’اربعین‘‘ میں۔ (مظاہرِ حق بتغیُّر) حافظ ابنِ حجر ؒنے ’’فتح الباری‘‘ میں بھی اس حدیث کو ذکر کیا ہے۔
ایک حدیث میں آیا ہے کہ حضورِ اقدسﷺ نے (تین مرتبہ) فرمایا: خدا کی قسم! مؤمن نہیں ہے۔ خدا کی قسم! مؤمن نہیں ہے۔ خدا کی قسم! مؤمن نہیں ہے۔ کسی نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کون شخص؟ حضورﷺ نے فرمایا: جس کا پڑوسی اس کی مصیبتوں (اور بدیوں) سے مامون نہ ہو۔ (مشکاۃ المصابیح عن الشیخین)
ایک اور حدیث میں ہے کہ جنت میں وہ شخص داخل نہ ہوگا جس کا پڑوسی اس کی مصیبتوں سے مامون نہ ہو۔ حضرت ابنِ عمر اور حضرت عائشہ ? دونوں حضرات حضورِاقدسﷺ کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ حضرت جبرئیل ؑ مجھے پڑوسی کے بارہ میں اس قدر تاکید کرتے رہے کہ مجھے ان کی تاکیدوں سے یہ گمان ہوا کہ پڑوسی کو وارث بنا کررہیں گے۔ (مشکاۃ المصابیح) حق تعالیٰ سبحانہ ٗوتقدس کا پاک ارشاد ہے:
{وَاعْبُدُوْا اللّٰہَ وَلَا تُشْرِکُوْا بِہٖ شَیْئًا وَّبِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا وَّبِذِی الْقُرْبٰی  وَالْیَتٰمٰی وَالْمَسٰکِیْنِ وَالْجَارِ ذِی الْقُرْبٰی وَالْجَارِ الْجُنُبِ وَالصَّاحِبِ  بِالْجَنْبِ وَابْنِ السَّبِیْلِ}
( النساء :ع ۶)


تم اللہ تعالیٰ کی عبادت اختیار کرو، اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک مت کرو، اور اپنے والدین کے ساتھ اچھا معاملہ کرو، اور دوسرے اہلِ قرابت کے ساتھ بھی، اور  یتیموں کے ساتھ اور غربا کے ساتھ اور پاس والے پڑوسی کے ساتھ بھی اور دور والے 
پڑوسی کے ساتھ بھی اور ہم مجلس کے ساتھ بھی اور مسافر کے ساتھ بھی۔
فائدہ: ’’پاس والے پڑوسی‘‘ سے مراد یہ ہے کہ اس کامکان قریب ہو۔ اور ’’دُور کے پڑوسی‘‘ سے مراد یہ ہے اس کا مکان دُور ہو۔ حسن بصری ؒ سے کسی نے پوچھا کہ پڑوس کہاں تک ہے ؟ انھوں نے فرمایا کہ چالیس مکان آگے کی جانب اور چالیس پیچھے کی جانب، چالیس دائیں اور چالیس بائیں جانب۔
Flag Counter