دوستو! قبولیت کا وقت ہے، آج جمعہ کا دن ہے۔ یہ دعا کرلیجیے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اکابر اور بزرگوں کے صدقہ میں ہم سب کو سو فیصد صاحبِ نسبت بنادے اور نسبتِ بھی اتنی اونچی عطا فرما کہ اولیائے صدیقین کی نسبت عطا فرمادے۔ اے اللہ! ولایت کی جو آخری منزل ہے وہاں تک ہم سب کو پہنچادے اور ہمارے گھر والوں کو بھی اولیائےصدیقین کی نسبت عظمیٰ عطا فرمادے۔ اے اللہ! آپ کریم ہیں اور کریم کی تعریف ہے کہ جو نالائقوں پر بھی مہربانی کردے۔ اَلَّذِیْ یُعْطِیْ بِغَیْرِ اِسْتِحْقَاقٍ وَ بِدُوْنِ الْمِنَّۃِ14؎ اس لیے اے اللہ! ہم آپ کو کریم سمجھ کر اور اپنی نالائقیوں کا اعتراف اور یقین کرتے ہوئے آپ سے یہ فریاد کررہے ہیں اور اے اللہ! جہاں جہاں دینی درس گاہیں ہیں ان کو قبول فرما۔ علمائے دین کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمادے۔ جتنے دینی خدام ہیں ان سب کو اور جتنے یہاں حاضرین ہیں سب کو، ہم کو اور ہمارے گھر والوں کو اور ہمارے احباب کو اے اللہ! سلامتیٔ اعضااور سلامتیٔ ایمان کے ساتھ حیات نصیب فرما، سلامتیٔ اعضا اور سلامتیٔ ایمان کے ساتھ دنیا سے اُٹھائیے۔ اے اللہ! کشمیر میں جو مجاہدین محصور ہیں اُن کی مدد کے لیے غیب سے فرشتے بھیج دے۔ اے اللہ! اپنی قدرتِ قاہرہ کے ڈنڈے سے کفار کو پاش پاش کردے اور محاصرہ توڑ دے۔ اے اللہ! بوسنیا کے مظلوم مسلمانوں پر رحم فرما۔ سارے عالَم میں جہاں بھی مسلمان مظلوم ہیں اے اللہ! اُن کو مظالم سے نجات عطا فرما۔ اختر کو اور ہم سب کو فلاحِ دارین عطا فرما اور سارے عالَم کے مسلمانوں کو فلاحِ دارین عطا فرما۔
رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنۡیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الۡاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ
اَللّٰہُمَّ اِنَّا نَسْئَلُکَ الْعَفْوَ وَالْعَافِیَۃَ وَدَوَامَ الْعَافِیَۃِ وَالشُّکْرَ عَلَی الْعَافِیَۃِ
وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِخَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ
بِرَحْمَتِکَ یَااَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ
_____________________________________________
14؎ مرقاۃ المفاتیح: 212/3،باب التطوع، المکتبۃ الامدادیۃ، ملتان