تمہیںمعاف کر دُوں گا۔''
ایک حدیث میں ہے حضور ۖ نے فرمایا :
''اللہ تعالیٰ ہر رات کواپنی رحمت اور مغفرت کاہاتھ بڑھاتا ہے کہ دن کے گنہگار توبہ کر لیں اور ہر دن کوہاتھ بڑھاتا ہے کہ رات کے گناہ کر نے والے توبہ کر لیں اور اللہ کا یہ معاملہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ قیامت کے قریب سورج مغرب کی طرف سے نکلے۔''
ایک حدیث میں حضور ۖ نے بیان فرمایا :
''اللہ کے ایک بندے نے کوئی گناہ کیا پھر اللہ سے عرض کیا اے میرے رب ! میں نے گناہ کیا تواللہ تعالیٰ نے فرمایا میرا بندہ جانتا ہے کہ اُس کاکوئی رب ہے جو گناہوں پر پکڑ بھی کر سکتا ہے اور معاف بھی کر سکتا ہے اورمیں نے اپنے بندے کا گناہ بخش دیا پھر جب تک اللہ تعالیٰ نے چاہا وہ گناہ سے رُکا رہا اور پھر کسی وقت گناہ کربیٹھا اور پھر اللہ سے عرض کیا میرے مالک ! مجھ سے گناہ ہو گیا تواُس کو بخش دے تواللہ تعالیٰ نے پھر فرمایا میرا بندہ جانتا ہے کہ اُس کا کوئی مالک ہے جوگناہ وقصور معاف بھی کر تا ہے اور پکڑ بھی سکتا ہے میں نے اپنے بندے کاگناہ معاف کردیا، پھر اللہ نے جب تک چاہا بندہ رُکا رہا اور کسی وقت پھر کوئی گناہ کر بیٹھا اور پھر اللہ سے عرض کیا اے میرے مولا ! مجھ سے اور گناہ ہوگیا تو مجھے معاف کر دے تو اللہ تعالیٰ نے پھر اِرشاد فرمایا کہ میرے بندے کو یقین ہے کہ اُس کا کوئی مالک اور مولیٰ ہے جو گناہ معاف بھی کرتا ہے اور سزا بھی دے سکتا ہے ،میں نے اپنے بندے کو بخش دیا وہ جو چاہے کرے۔ ''
ایک اور حدیث میں ہے حضور ۖ نے فرمایا کہ ''گناہ سے توبہ کرنے والا بالکل اُس آدمی کی طرح ہوجاتا ہے جس نے وہ گناہ کیا ہی نہ ہو۔ ''