Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الاوّل 1434ھ

ہ رسالہ

18 - 19
اخبار جامعہ

ادارہ
	
 پچھلا صفحہ  ►
◄  اگلا صفحہ 
    فہرست   

حضرت شیخ زید مجدہ کا طلبہ کرام سے خطاب
یکم صفر المظفربروز ہفتہ15 دسمبر جامعہ فاروقیہ کی جامع مسجد میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ نے جامعہ کے طلبہ کرام سے خصوصی خطاب فرمایا، جس میں طلب علم کی اہمیت ، فضائل او رمنصب مولویت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت نے موجودہ ناساز گار حالات میں ادعیہ مسنونہ میں لگنے کی ترغیب دی اور طلبہ کرام کو ان حالات میں حضرات اکابر کے فیصلوں اور آراء پر مکمل اعتماد او رعمل کرنے کی تلقین بھی فرمائی، نیز احتیاط اور آمددرفت میں جامعہ کے ضوابط اور اصولوں کا بھی اعلان فرمایا۔

حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کا سفر
یکم صفر المظفر بروز ہفتہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب متحدہ عرب امارات تشریف لے گئے، یہ سفر تقریباً ایک ہفتہ جاری رہا۔

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر اسلام آباد
2 صفر المظفر بروز اتوار16 دسمبر صدر وفاق المدارس اور صدرتنظیمات مدارس پاکستان حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب ،ناظم تعلیمات جامعہ فاروقیہ کراچی اسلام آباد تشریف لے گئے دو ماہ قبل” اوگرا“ نے دینی مدارس میں گیس کنکشنز اور بلنگ کے حوالے سے ایک متنازع حکم نامہ جار ی کیا تھا۔ جس میں مساجد اور مدارس کو کمرشلائز شعبہ جات میں سب سے زیادہ مہنگے داموں گیس فراہم کیے جانے کا نوٹیفکیشن تھا۔ اس سلسلے میں اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان اور ”اوگرا“ کے درمیان ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا اس میں شرکت کے لیے یہ حضرات بھی اسلام آباد روانہ ہوئے، جہاں نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہٰی صاحب کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں تفصیلی مذاکرات کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ صاحب نے ”اوگرا“ کے چیئرمین کو مدارس اور مساجد کی بلنگ اور کنکشن کے سلسلے میں لگائے گئے تمام اضافی چارجز ختم کرنے کا حکم دیا۔

2 صفر المظفر ہی مولانا حنیف جالندھری صاحب (ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان) بھی جامعہ تشریف لائے او رحضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوئے اور اجلاس میں شرکت کی۔

یک ماہی امتحان
19 دسمبر بروز بدھ5 صفر المظفر کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں درجہ رابعہ سے نچلے درجات کے طلبہ کرام کا یک ماہی امتحان تقریری طور پر لیا گیا، جب کہ 20 دسمبر کو بقیہ تمام درجات کا تحریری امتحان ہوا۔

حضرت مولانا عبدالستار تونسوی  کا سانحہٴ ارتحال
6 صفر بروز جمعہ بمطابق21 دسمبر2012ء کو نامور عالم دین امام المناظرین حضرت مولانا عبدالستار تونسوی طویل علالت کے بعد انتقال فرما گئے۔ 1946ء میں دارالعلوم دیوبند سے درس نظامی کی تکمیل کی اور شیخ الحدیث العرب والعجم حضرت مولانا حسین احمد مدنی  کے شاگر د رشید رہے فراغت کے بعد لکھنؤ میں امام اہل سنت حضرت مولانا عبدالشکور لکھنوی  کے پاس ( دارالمبلغین) میں رد روافض اور دیگر فرق پر تخصص کیا اور پھر پاکستان واپس آکر ساری زندگی تدریس حدیث اور رد روافض میں گزاری، ہندوستان، ایران، عراق، افغانستان، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے اسفار کیے وہاں کے اہل علم کے ساتھ مکالمے افادہ واستفادہ اور درس کا اہتمام فرمایا۔

حضرت نور الله مرقدہ کے سانحہٴ ارتحال کی خبر پر اساتذہ وطلبہ سوگوار ہو گئے، دارالحدیث اور دیگر تمام درس گاہوں میں ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔

صحنِ جامعہ میں بورنگ کا کام مکمل
جامعہ فاروقیہ میں پانی کی قلت کے سبب نئی بورنگ کی ضرورت ایک عرصے سے محسوس کی جارہی تھی ، لہٰذا چند روز قبل صحن جامعہ میں دو سوفٹ گہری بورنگ اور میٹھے پانی کے حصول سمیت تمام مراحل مکمل ہو گئے۔

دعائے صحت
23 دسمبر بروز اتوار حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی طبیعت ناساز ہو گئی اور تکلیف شدت اختیار کر گئی، چناں چہ سرجن اور اسپیشلسٹ حضرات کا وفد جو حضرت کے معائنے کے لیے جامعہ آیا ہوا تھا اس نے حضرت کو فوراً ہسپتال لے جانے کا طے کیا جہاں رات گئے تک حضرت کا معائنہ اور علاج رہا پھر رات گئے حضرت زیدمجدہ جامعہ واپس تشریف لے آئے، علالت کی وجہ سے کچھ دن حضرت درس گاہ بھی تشریف نہ لاسکے،قارئین سے دعاؤں کی درخواست ہے، اسی طرح جامعہ کے استاذ حدیث حضرت مولانا محمد انور صاحب بھی علالت کی وجہ سے چند دن تک درس گاہ تشریف نہ لاسکے۔ فنسأل الله العظیم، رب العرش العظیم ان یشفیھما․ آمین!
Flag Counter