مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
تحفة النساء المعروف پردہ اور حقوق زوجین
تالیف: مولانا محمد کمال الدین
صفحات:312 سائز:23x36=16
ناشر: ادارہ تالیفات اشرفیہ، چوک فوارہ، ملتان
اس کتاب میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں میاں بیوی کے ایک دوسرے پر حقوق، نکاح کے آداب وفضائل ، پردہ کی ضرورت واہمیت، شادی کے ثمرات وبرکات اور حقوق زوجین سے متعلق دیگر کئی امور پر گفت گو کی گئی ہے۔ اس میں شادی کی غیر شرعی رسومات کے نقصانات او ران کارد بھی کیا گیا ہے اور ساتھ ساتھ نصیحت آموز حکایات وواقعات بھی ذکر کیے گئے ہیں۔ بہترین اور خوش گوار ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے شریعت پر عمل کرنا ضروری ہے اور اس کی راہ نمائی کے لیے زیر نظر کتاب کا مطالعہ مفید ثابت ہو گا۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
الدعاء المسنون
تالیف: مفتی محمد ارشاد قاسمی
صفحات:686 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی
یہ کتاب مفتی محمد ارشاد قاسمی کی تالیف ہے او ران کی معروف تصنیف”شمائل کبری“ کی ترتیب کی آخری جلد ہے ، دعاؤں کی اہمیت وضرورت کی بنا پر اس کی تکمیل دوسری جلدوں سے پہلے کی گئی ہے اور اسے بڑے مجموعے سے الگ مستقل کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے ، اس میں زندگی کے ہر موقع ومناسبت کی دعائیں اور دعاؤں کے احکام وفضائل احادیث وآثار کی روشنی میں بیان کیے گئے ہیں ۔ دعاؤں کے حوالے سے یہ نہایت جامع، بہترین اور وسیع مجموعہ ہے احادیث سے دعاؤں کو نقل کرتے ہوئے ان کی فنی حیثیت کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے اور مصادر کے حوالے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ یہ کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے ، اس کی تخریج ونظر ثانی مفتی محمد ساجد میمن نے کی ہے۔
کتاب کی طباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔
طلباء کے لیے مثالی تحفہ
مؤلف: مولانامحمد اصغر کرنالوی
صفحات:474 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
زیر نظر کتاب میں تعلیم وتعلم کی اہمیت وفضیلت، اخلاص وتقوی، وقت کی قدروقیمت، استاد وشاگرد کے حقوق وآداب او ران کے علاوہ طلبہ کی کام یابی وکامرانی کے دیگر کئی اصول مرتب کیے گئے ہیں ۔
یہ کتاب مندرجہ ذیل تیرہ ابواب پر مشتمل ہے: فضائل علم ، تعلیم القرآن، اخلاص اورتقوی، وقت کی قدر ، طلباء پر اساتذہ کے آادب وحقوق ، طالب علم کے آداب وفضیلت، اساتذہ کرام کی ذمہ داری، اکابر کی طالب علمی، اکابر کے واقعات، طلباء کے لیے قیمتی نصائح، حضرات اکابرین کا طلباء سے خطاب، فضولیات سے اجتناب، گستاخ طلباء کے واقعات بطور عبرت، اس کتاب کا مطالعہ خصوصاً طلباء کے لییزیادہ افادیت کا باعث ہو گا۔ کتاب کی کمپوزنگ وسیٹنگ اور طباعت واشاعت میں سلیقہ مندی کو مدّ نظررکھاگیا ہے۔
ذرا سوچیے!
اس کتابچے میں دنیا اور آخرت کی عزت اور کام یابیوں وکام رانیوں کو حاصل کرنے کے لیے مختلف اعمال جمع کیے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ ”ذرا سوچئے“ کے الفاظ سے غور وفکر او راعمال پر عمل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے، اس مجموعہ کو علماء کی ایک جماعت نے مرتب کیا ہے، جن کی سرپرستی مفتی محمد صغیر نعمانی نے کی ہے۔
155 صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ غیر مجلد چھپا ہے۔ اس پر ناشر کا پتہ درج نہیں۔
نسخہٴ سکون
یہ رسالہ مولانا محمد اقبال رنگونی (مدیر ماہنامہ ”الہلال“ مانچسٹر، یوکے) نے مریضوں کے لیے لکھا ہے ، جس میں بیماری کی حالت کے مختصر احکام ومسائل مختلف بیماریوں کے مادی اور روحانی علاج اور حالت بیماری کی ماثور دعاؤں جمع کی گئی ہیں، مسلمان مریضوں کے لیے یہ ایک مفید کاوش ہے، البتہ قرآنی آیات اور دعاؤ میں اعراب کی صحت کا اہتمام نہیں کیا گیا ، جس سے دعاؤں کے معنی ومفہوم میں تبدیلی کا اندیشہ ہے، جو مناسب نہیں، لہٰذا آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح ضروری ہے۔56 صفحات پر مشتمل یہ رسالہ کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ اس کی اشاعت کا اہتمام ادارہ اشاعت الاسلام ،مانچسٹر (U.K) نے کیا ہے۔