{اعدل الایام بہت صحیح فارمولہ ہے }
بسم اللہ الر حمن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم ، اما بعد
برطانیہ غیر معتدل ملک ہے ، یہاں گرمی کے زمانے میں صبح صادق ، شفق ابیض سے مل جاتی ہے اور آدھی رات کو سحری بند کرنی پڑتی ہے جسکی وجہ سے بعض حضرات نصف اللیل ، یعنی ایک بجکر 20 منٹ پر روزہ بند کرتے ہیں ، اور دوسرے حضرات رات کے ساتویں حصے پر سحری بند کرتے ہیں ، جو مانچیسٹر میں 21 جون کو 3 بجکر 10 منٹ پر سحری بند ہوگی ، اور دونوں وقتوں کے درمیان2 گھنٹہ 20 منٹ کا فاصلہ ہوگا ، ایک ہی شہر میں دو مسجدوں میں یہ دو الگ الگ ٹائم ہوں تو کتنی تکلیف دہ بات ہے ، پھر ساتویں حصے پر بہت اجالا ہوجاتا ہے ، اور لوگ کھاتے رہتے ہیں ۔ اور ایک بجکر 20 منٹ پر سحری بند کرنے میں صرف45 منٹ سحری کے لئے وقت ملتا ہے جو بہت کم ہے ، پھر روزہ 20 گھنٹے کا ہوجاتا ہے ، جو بوڑھے اور بیماروں کے لئے تکلیف دہ ہے ۔
ان ساری مشکلات کو سامنے رکھ کر حضرت مولانا ثمیر الدین صاحب دامت برکاتہم نے اعدل الایام کا فارمولہ پیش کیا ہے ، جو دونوں کے درمیان میں ہے ، اور حدیث و قرآن کی روشنی میں بہت مناسب ہے ، اور اس پر اتفاق کی صورت بھی نکل سکتی ہے کہ پورا برطانیہ اس کو قبول کرلے ، اور اس پر عمل پیرا ہوجائے ، خدا کرے کہ ایسا ہو۔ آمین یا رب العالمین۔
حضرت مولانا ایک طرف ماہر فلکیات ہیں ، وہ براہ راست گرین ویچ کے ویب سائٹ سے استفادہ کرتے ہیں ، اور دوسری طرف ہدایہ کی عظیم شرح اثمار الھدایہ لکھنے کی سعادت حاصل ہے ، اس لئے امید کی جاتی ہے کہ فلکیات اور شریعت دونوں سے استفادہ کئے ہوں گے ، اور امت کے لئے ایک عظیم تحفہ پیش کر رہے ہیں ۔
اللہ تعالی اس کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور پوری امت کو اتفاق کرنے کی توفیق عنایت فرمائے ، آمین۔
و السلام ۔احقر ابو الحسن قاسمی غفر لہ
۵ ؍ ۸ ؍ ۲۰۱۲ ء