Deobandi Books

یا ارحم الراحمین ۔ مولائے رحمۃ للعلمین

ہم نوٹ :

25 - 34
اپنی اس صفت کو ظاہر نہ کرنے پر بھی قادر ہیں یعنی آپ کو دونوں قدرت ہے۔ آپ ہم کو جتنا رسوا کرنے کی قدر ت رکھتے ہیں اتنا ہی رسوا نہ کرنے کی بھی قدرت رکھتے ہیں لہٰذا اے      ارحم الراحمین!اپنی رحمت کے صدقے میں اپنی رسوا کرنے والی صفت ہم پر ظاہر نہ کیجیے بلکہ اس کا ضد اور عکس یعنی رسوا نہ کرنے والی صفت کا ہم پر ظہور فرمادیجیے۔
ایک بزرگ سے کسی نے کہا کہ ہم نے تم کو نامناسب حالت میں دیکھا ہے۔ اس بزرگ نے کہا کہ تم نے تو میری صرف ایک غلطی دیکھی ہے لیکن میری زندگی میں کتنے گناہ ہیں کہ جن کی اللہ تعالیٰ نے پردہ پوشی فرمائی ہے۔ جو تم کہہ رہے ہو یہ تو اُن ہزاروں خطاؤں اور گناہوں میں سے ایک ہے جن کو تم نہیں جانتے۔ ہر گناہ گار اپنے گناہوں کی تعداد کو جانتا ہے، کمیات کو بھی جانتا ہے، کیفیات کو بھی جانتا ہے اور کس جغرافیہ سے گناہ کیا ہے وہ بھی جانتا ہے لیکن علم جغرافیہ کے باوجود اللہ تعالیٰ نے اس کی تاریخِ  گناہ پر اپنی ستاریت کا پردہ ڈالا ہوا ہے۔ اسی لیے دعا کرتا ہوں کہ اَللّٰہُمَّ لَاتُخْزِنِیْ فَاِنَّکَ بِیْ عَالِمٌ اے اللہ! مجھے رسوا نہ کیجیے کہ آپ میرے تمام گناہوں سے باخبر ہیں۔
حدیثِ پاک کے دوسرے جز کی عشق انگیز و عارفانہ شرح
اب دوسرا جملہ بھی اسی سرکارِ عالیہ کا ہے جس کا پہلا جملہ ابھی آپ سن چکے ہیں۔ اب اسی دربارِ عالیہ کا دوسرا جملہ بھی مسجدِ اشرف سے نشر کرنے کا شرف حاصل ہورہا ہے وَلَاتُعَذِّبْنِیْ فَاِنَّکَ عَلَیَّ قَادِرٌ5؎ اور اے خدا! ہم کو عذاب نہ دیجیے کہ ہمیں عذاب دینے کی بحقِ قانون و ضابطہ آپ کو پوری قدرت حاصل ہے لہٰذا پوری قدرت کے اعتبار سے ہم کو پورا عذاب دینے پر آپ قادر ہیں لیکن اے مولیٰ! جتنا عذاب دینے کی آپ کو قدرت ہے تو اس قضیہ کے عکس کی یعنی عذاب نہ دینے کی بھی آپ کو اتنی ہی قدرت حاصل ہے۔ عذاب دینے کی یک طرفہ قدرت کے اظہار پر آپ مجبور نہیں ہیں،لہٰذا ہم بے کسوں، غریبوں اورگناہ گاروں پر آپ رحم فرمائیں اور عذاب نہ دینے کی قدرت کا ہم پر ظہور فرمادیجیے۔
_____________________________________________
5؎   مصنَّف ا بن ابی شیبۃ:177/7 کلام مطرف ابن الشخیر،مکتبۃ الرشد ،ریاض
Flag Counter