Deobandi Books

فضائل صدقات اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

338 - 607
(اس موقع سے ایسی طرح) واپس ہوئے کہ ان کو کوئی مضرت نہ پہنچی اور وہ رضائے حق کے تابع رہے اور اللہ تعالیٰ بڑے فضل والا ہے۔ (مسلمانو! ایسے حوادث میںایک بات سمجھ لو کہ اس قسم کے واقعات میں) شیطان اپنے دوستوں سے ڈرایا کرتا ہے، تم ان سے نہ ڈرا کرو  اور صرف مجھ ہی سے ڈرا کرو اگر تم مؤمن ہو۔
مطلب یہ ہے کہ جس وقت دشمنوں کے مقابلہ اور حملہ کی خبریں سنو تواس سے خوف زدہ اور متوحش ہونے کی بات نہیں ہے۔ اللہ پراعتمادِ کامل اور پورا بھروسہ رکھتے ہوئے اپنی امکانی تیاری کرو، اور خوف صرف اس بات کا رکھو کہ ہم سے کوئی بات مالک کی مرضی کے خلاف صادر نہ ہو کہ اصل ہلاکت یہی ہے، جو دنیا کی بھی ہلاکت ہے اورآ خرت کی ہلاکت تو ہے ہی۔ اس کے علاوہ کسی سے خوف کی بات نہیں ہے۔ اس لیے کہ دوسرے آدمی اس سے زیادہ توکچھ نہیں کرسکتے کہ وہ مار دیں گے۔ سو موت بہرحال آنے والی چیز ہے اور اپنے وقت سے پہلے آنہیں سکتی۔
۵۔ وَکَفٰی بِاللّٰہِ وَلِیًّا وَّکَفٰی بِاللّٰہِ نَصِیْرًا o (النساء : ع ۷)
اللہ تعالیٰ شا نہٗ تمہاری مدد (اعانت) کے لیے بھی کافی ہے اور تمہاری حمایت  کے لیے بھی کافی ہے۔
۶۔ وَتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ ط وَکَفٰی بِاللّٰہِ وَکِیْلاً o (النساء : ع ۱۱)
آپ اللہ ہی پر توکل کیجیے، وہ کار ساز ہونے کے لیے کافی ہے۔
۷۔ وَعَلَی اللّٰہِ فَتَوَکَّلُوْا اِنْ کُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ o (المائدہ : ع ۴)
صرف اللہ ہی پربھروسہ کرو اگر تم مؤمن ہو۔
۸۔ قُلْ اَغَیْرَاللّٰہِ اَتَّخِذُ وَلِیًّا فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَھُوَ یُطْعِمُ وَلَا یُطْعَمُ ط (الأنعام : ع ۲)
آپ کہہ دیجیے! کیا اللہ کے سوا کسی اور کو مددگار بنائوں؟ وہ اللہ جو آسمان اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے، وہ سب کو روزی دیتا ہے، اس کو کوئی (بوجہ عدمِ اِحتیاج) روزی نہیں دیتا۔
۹۔ وَاِنْ یَّمْسَسْکَ اللّٰہُ بِضُرٍّ فَلاَ کَاشِفَ لَہٗ اِلاَّ ھُوَ ط وَاِنْ یَّمْسَسْکَ بِخَیْرٍ فَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ o (الأنعام : ع ۲)
اگراللہ تعالیٰ تجھے کوئی مضرت پہنچائیں تو اس کا دُور کرنے والا ان کے سوا کوئی نہیں اور اگر وہ کوئی نفع پہنچائیں تو (کوئی روکنے والا نہیں) وہ ہر چیز پر قادر ہیں۔
۱۰۔ وَمَنْ یَّتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ فَاِنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ o (الأنفال:ع۷)
اور جو شخص اللہ پر توکل کرتا ہے (تو وہ اکثر غالب رہتا ہے۔ اس لیے کہ) اللہ تعالیٰ بلاشبہ زبردست ہے (وہ اپنے اوپر امید رکھنے والے کو غالب کرتا ہے اور اگر کبھی ایسا نہ ہو تو اس میں کوئی حکمت ہوتی ہے، کیوںکہ) وہ حکیم ہے۔

Flag Counter