Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الثانی 1436ھ

ہ رسالہ

17 - 17
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تفسیر بیضاوی ترجمہ وتشریح
تالیف: مولانا عمران عیسیٰ
صفحات:673 سائز:20x30=8
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی

تفسیر بیضاوی ساتویں صدی ہجری کے مایہ ناز محقق علامہ قاضی ناصر الدین بیضاوی کی شہرہٴ آفاق تفسیر ہے، جس کا اصل نام ”انوار التنزیل وأسرار التاویل“ ہے۔ درس نظامی درجہ سابعہ کے نصاب میں اس کے پہلے پارے کا ربع اول شامل ہے۔ زیر نظرکتاب تفسیر بیضاوی پارہ اول کے اسی ایک پاؤ کا ترجمہ وتشریح ہے، جو جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے استاذ مولانا عمران عیسی کی درسی تقریر ہے اور انہوں نے تفسیر بیضاوی کی شیخ محمد فوجوی کی معروف عربی شرح ”حاشیہ شیخ زادہ“ اور مولانا محمد منظور نعمانی  کی ”ہدیہ نعمانیہ“ کو سامنے رکھ کر جو دروس طلبہ کو دیے انہیں مرتب کرکے کتابی صورت میں پیش کیا گیا ہے ۔ اس میں کتاب کا متن ہے، ترجمہ ہے اورپھر تشریحی فوائد بیان کیے گئے ہیں۔ قاضی بیضاوی  نے اپنی تفسیر میں نحوی، صرفی، لغوی ، بلاغی ،کلامی، ادبی اور فلسفیانہ غرائب ونکات ذکر کیے ہیں ۔ یہ تفسیر متفرق فنون و مباحث کا مجموعہ ہے ، خصوصاً اس کے اس ابتدائی حصے کی عبارت بھی مغلق وپیچیدہ ہے، لہٰذا زیر نظر شرح میں ترتیب واختصار کے ساتھ ساتھ آسان وسہل اور دل نشین اسلوب اختیار کرنے کی کوشش کیگئی ہے تاکہ طلبہ عبارت کے مطلب ومدعیٰ کو آسانی سے سمجھ کر استفادہ کر سکیں۔ کتاب کے حل اور سمجھنے کے حوالے سے یہ ایک عمدہ اور قابل قدر علمی کاوش ہے اور امید کی جاتی ہے کہ علماء اور طلبہ کتاب فہمی کے لیے اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

کتاب کا ورق عمدہ، ٹائٹل خوب صورت اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

حدیقة النحو اردو شرح تسہیل النحو
تالیف: مولانا محمد ہارون ہاشم
صفحات:262 سائز:20x30=8
ناشر: دارالاشاعت، اردو بازار، کراچی

”تسہیل النحو“ درس نظامی درجہ اولیٰ کی نصاب میں شامل نحو کی مقبول ترین کتاب ” نحومیر“ کی تسہیل ہے جس میں ”نحو میر“ میں مذکور علم نحو کے قواعد وضوابط کو سہل وآسان بنا کر تمرینات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ”حدیقة النحو“ کے نام سے یہ اسی” تسہیل النحو“ کی اردو شرح ہے جس میں درج ذیل امور کا خیال رکھا گیا ہے کہ:
1..ہر مثال کا ترجمہ کیا گیا ہے اور آیات قرآنیہ کے ترجمہ کے لییتفسیر ”انوار البیان“ کے ترجمہ کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔
2..ہر مثال کی ممکنہ ترکیبیں کی گئی ہیں اور آیات قرآنیہ کی تراکیب میں ”روح المعانی،” التفسیر المنیر“، ”جمالین شرح جلالین“ اور ”اعراب القرآن“ از درویش سے استفاد کیا گیا ہے ۔
3..فوائد نافعہ کے عنوان سے نحوی اور ترکیبی فوائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ کتاب” نحو میر “اور” تسہیل النحو“ دونوں سے استفادہ کو مزید آسان بنا دیتی ہے اور اس کے ذریعہ مبتدی طلبہ واساتذہ ”نحو میر“ کے قواعد وضوابط کو تمرینات کے ساتھ بآسانی سمجھ سکیں گے۔ دعا ہے کہ الله تعالیٰ اس کاوش کو قبول ومنظور فرمائے اور طلبہ کے لیے نحوی قواعد کو سمجھنے میں آسانی کا ذریعہ !

یہ کتاب عمدہ اور دورنگہ طباعت کے ساتھ دارالاشاعت کراچی سے شائع کی گئی ہے۔

سعی الفقیرشرح اردو نحو میر
تالیف: مولانا محمدجمیل
صفحات:236 سائز:20x30=8
ناشر: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ قواعد نحو کی معروف کتاب ”نحو میر“ کی اردو شرح ہے ، جسے جامعہ دارالعلوم کراچی کے فاضل اور جامعہ اسلامیہ بحر العلوم کوئٹہ کے استاد مولانا محمد جمیل نے مرتب کیا ہے اور اس میں درج ذیل خصوصیات کا خیال رکھا گیا ہے ۔

1.نحو میر کا متن ذکر کرکے اس کا لفظی ترجمہ کیا گیا ہے۔ 2.مصنف کی عبارت کی دل نشین تشریح کی گئی ہے۔3. ہر بحث سے متعلق ضروری فوائد وترکیبی ضوابط بیان کرکے مثالوں کی ترکیب کی گئی ہے۔4. ہر بحث کے آخر میں ”تمرینی سوالات“ کے عنوان سے اجراء کے لیے پندرہ مثالیں ذکر کی گئی ہیں ، اکثر مثالیں قرآن مجید سے ماخوذ ہیں۔5.” نمونہ حل سوالات“ کے عنوان سے تین سوالوں کو حل کرکے اجراء کا طریقہ بتایا گیا ہے۔6. ہر بحث کے آخر میں اس بحث کو نقشے کی مدد سے سمجھایا گیا ہے۔7. حروف عاملہ، افعال عاملہ اور اسمائے عاملہ کی بحث سے پہلے تمام (100) عوامل اور ان کے معمولات کا مختصر جائزہ لیا گیا ہے8.۔ کتاب کے آخر میں پوری ”نحومیر“ کا خلاصہ پیش کیا گیا ہے ۔9. پھر پچاس مشکل اور کثیر الاستعمال الفاظ کی ترکیب پیش کی گئی ہے۔10. اور آخر میں ”تراکیب غریبہ“ کے عنوان سے چند نادر جملوں کی وضاحت کی گئی ہے ۔

کتاب پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی کے علاوہ متعدد نامور علماء واکابر کی تقاریظ بھی شامل کی گئی ہیں۔ یہ کتاب ”نحو میر“ کے قواعد وضوابط کو سمجھنے میں ممد ومعاون ثابت ہو گی او راساتذہ وطلبہ دونوں کے لیے کتاب سے استفادہ کرنے میں سہولت وآسانی پیدا کرے گی۔

کتاب کا ورق اعلیٰ، ٹائٹل دیدہ زیب ہے اورطباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔

Flag Counter