مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبلیغی واصلا حی خطبات
مرتب: پروفیسر حافظ عبدالشکور
صفحات: جلد اوّل:512، جلد دوم:448، جلد سوم:656
جلد چہارم:526، جلد پنجم:416، جلد ششم:512
سائز:2030=8
ناشر: ادارہ تالیفات اشرفیہ، چوک فوارہ، ملتان، پاکستان
پروفیسر حافظ عبدالشکور اگرچہ باقاعدہ کسی دینی ادارے کے فاضل نہیں ہیں لیکن انہوں نے امام اہل سنت حضرت مولانا سرفراز خان صفدر صاحب رحمة الله علیہ سے دورہٴ تفسیر پڑھ کر شرف تلمذ حاصل کیا ہے اور وہ شیخ الحدیث حضرت مولانا صوفی محمد سرور صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے خلیفہ مجاز بیعت بھی ہیں، انہوں نے مختلف دینی موضوعات پر ” تبلیغی واصلاحی خطبات“ کا یہ مجموعہ مستند علمی مواد کی روشنی میں مرتب کیا ہے، عموماً ہر خطبے کے آخر میں مصادر اور جن کتب سے وہ خطبہ ماخوذ ہوتا ہے ان کی فہرست بھی دی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خطبات کی تیاری میں محنت وکوشش کے ساتھ ساتھ معیار کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ادارہ تالیفات اشرفیہ ملتان کے مولانا محمد اسحاق صاحب عرض ناشر کے تحت لکھتے ہیں کہ :
”ماضی قریب میں ہمارے اکابر نے اپنے وقت میں ایسے کارہائے نمایاں سر انجام دیے کہ پڑھنے سننے والا بے اختیار یہ سمجھتا ہے کہ میں خیرالقرون کی کسی مقدس شخصیت کا، کارنامہ پڑھ رہا ہوں۔
اکابر برصغیر کے جملہ کارناموں میں ایک ملکہ تقریر بھی ہے کہ تقریباً نصف صدی سے زائد عرصہ بیت جانے کے باوجود ان حضرات کی تقاریر آج بھی نہ صرف علم میں اضافہ کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ ان حضرات کے خلوص کی برکت سے پڑھنے والے کا عملی جذبہ بھی بیدار ہوتا ہے۔
زیر نظر کتاب ” تبلیغی واصلاحی خطبات“ ماضی قریب اور موجودہ دور کے اکابر کے علمی واصلاحی خطبات وتحریرات سے مرتب شدہ مجموعہ ہے جس میں تقریباً 225 اہم عنوانات پر تقاریر مرتب کی گئی ہیں، چار ضخیم جلدوں پر مشتمل ان کے مرتب محترم جناب مولانا عبدالشکور صاحب مدظلہ ہم سب کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں، جنہوں نے محنت بسیار سے نہ صرف عوام الناس کے لیے سینکڑوں صفحات پر مشتمل بیسیوں اہم عنوانات کامستند ذخیرہ تیار کر دیا بلکہ ارباب علم وفضل اور مبلغین ومقررین کے لیے خطبات کا ایسا انسائیکلو پیڈیا تیار کر دیا جس سے نہ صرف موضوع کا انتخاب سہل ہو گیا بلکہ ہر موضوع پر بیش بہا مستند معلومات بھی یکجا ہو گئیں اور مبتدی مقررین کے لیے بھی جدید موضوعات پربہترین معلومات اکٹھی کی ہیں۔“
یہ خطبات ابتداء میں چار جلدوں میں شائع کیے گئے جیسا کہ ”عرض ناشر“ میں مذکور ہے، بعد ازاں ان میں دو جلدوں کا اضافہ کیا گیا اور اس طرح خطبات کا یہ مجموعہ اب چھ جلدوں میں تقریباً تین سو اسلامی موضوعات پر مشتمل ہے اور اس وقت ہمارے سامنے اس کی پوری چھ جلدیں ہیں، جلد اوّل میں توحید وایمانیات، اخلاقیات اور ظاہری وباطنی اصلاح سے متعلق مختلف عنوانات پر خطبات ہیں، جلد دوم میں عبادات ، نماز، زکوٰة، جہاد فی سبیل الله وغیرہ موضوعات پر مختلف عنوانات کے تحت خطبات جمع کیے گئے ہیں، جلد سوم میں سیرت طیبہ ، خلفائے راشدین اور بعض صحابہ واولیائے امّت کی سیرت کو موضوع بنا کر جامع تقاریر شامل کی گئی ہیں، جلد چہارم میں معاملات ومعاشرت او راسلامی مہینوں کے احکام ومسائل پر مختلف عنوانات کے تحت خطبات تیار کیے گئے ہیں، جلد پنجم میں متنوع موضوعات عقائد، عبادات، معاملات اور معاشرت سے متعلق مختلف عنوانات کے تحت جامع خطبات ہیں، جب کہ چھٹی جلد میں بھی متفرق عنوانات معاشرت، قرآن کریم، سیرت نبوی اور سیرت صحابہ واہل بیت وغیرہ موضوعات و خطبات مرتب کیے گئے ہیں، ان خطبات میں بعض عنوانات مثلاً سیرت نبوی، خلفائے راشدین، شہادت حسین ،معاشرت وغیرہ پر خطبات مکرر آگئے ہیں، جن میں سے بعض عنوانات بعض جگہ ایک جیسے جب کہ بعض جگہ ایک دوسرے سے مختلف ہیں، اس طرح کے خطبات کے مکررات کو حذف کرکے اگر ایک ہی جگہ مرتب کر دیا جائے تو یہ کتاب کے معیار میں اضافے اور قاری کے لیے سہولت وآسانی کا باعث ہو گا۔
خطبات کا یہ مجموعہ علماء، مقررین، مبلغین اور خطباء کے لیے مستند خطبات وتقاریر کی تیاری کے حوالے سے بہتر معاون ثابت ہو گا۔ یہ کتاب تالیفات اشرفیہ ملتان سے درمیانے کاغذ پر مضبوط جلد بندی کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔
اسلام اور دور حاضر کے شبہات ومغالطے
افادات: مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مرتب: مولانا محمد عمر انور
صفحات:474 سائز:20x26=8
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار ، کراچی
زیر نظر کتاب حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی مختلف کتابوں اور خطبات سے ان مضامین کا انتخاب ہے جو اسلامی احکام اور دینی حلقوں سے متعلق شکوک وشبہات واعتراضات کے جوابات او رعوام الناس میں دین کے نام سے پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کے ازالے سے متعلق ہیں۔ یہ مجموعہ مولانا محمد عمر انور نے مرتب کیا ہے اور حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے اس پر پیش لفظ بھی لکھا ہے۔ مرتب اس مجموعہ کے متعلق لکھتے ہیں کہ :
”(خطبات و دروس کی تیاری کے لیے)مطالعہ کے دوران جہاں کہیں ایسا مضمون ملتا جس میں حضرت مفتی صاحب زید مجدہ نے دین اسلامی، دینی اَحکام اور دینی حلقوں سے متعلق شبہات ومغالطے دور فرمائے ہیں بندہ اُن کو کمپوز کرتا رہا، یہاں تک کہ ایک مجموعہ کی شکل اختیار کر گیا، اس کے بعد دل میں خیال آیا کہ یہ مجموعہ اگر شائع ہو جائے تو سب کے لیے نافع اورمفید ہو گا، ابتدائی مسودہ تیار ہونے کے بعد جب حضرت کی خدمت میں پیش کیا تو الحمدلله آپ نے اسے پسند فرمایا اور طباعت کی اجازت بھی عنایت فرمائی، اب یہ مجموعہ آپ کے سامنے ہے۔
واضح رہے کہ یہ مجموعہ حضرت کی تالیفات وخطبات میں بکھرے ہوئے مضامین کا مجموعہ ہے راقم نے موضوع سے متعلق اِن مضامین کوجمع کرکے عنوانات کا اضافہ کیا اور ساتھ ہی متعلقہ مضمون کا حوالہ بھی درج کر دیا، پیش نظر کتاب کی جمع وترتیب میں درج ذیل کتب سے استفادہ کیا گیا:
مقدمہ آسان ترجمہ قرآن، علوم القرآن، ذکر وفکر فقہی مقالات، اِصلاحی خطبات18 جلد، اِصلاحی مجالس3 جلد، اِسلام اور سیاسی نظریات، تقلید کی شرعی حیثیت، خطبات عثمانی 3 جلد۔
اس کتاب کا پس منظر تو بیان کردیا، لیکن جہاں تک اس کے مضامین کا تعلق ہے اس کے بارے میں عرض کرنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے، کتاب کی طوالت کے پیش نظر بہت سے مضامین شامل کرنے سے رہ گئے ہیں جسے اِن شاء الله آئندہ منظرعام پر لایا جائے گا۔“
یہ مضامین مختلف عنوانات قائم کرکے مرتب انداز میں جمع کیے گئے ہیں، جن میں ایمان وعقیدہ، قرآن وحدیث، دین اسلام، اسلام اور انسانی حقوق، اسلامی تحریکات، سیاست وحکومت، استفسارات، اجتہاد، تقلید، علماء ودینی مدارس، اخلاقیات، تزکیہ وتصوف، عملیات وتعویذات، خواب او رتعبیر، اصلاح معاشرہ، نماز، حاجت واستخارہ، وسوسہ اور خیالات، روزہ ورمضان، زکوٰة، حج ، عمرہ اور عیدین، قربانی، دعاء ومناجات، گناہ اورتوبہ، سنت وبدعت، شب معراج، شب براء ت وعاشورا، آزادی وحقوق نسواں، حجاب وپردہ، نکاح وشادی، طلاق، لباس،امانت وخیانت، معیشت وتجارت ، امر بالمعروف ونہی عن المنکر، خورد ونوش اور فتنہ جیسے عنوان شامل ہیں۔
جیسا کہ ان عنوانات سے ظاہر ہے کہ فاضل مرتب نے ان مضامین کو محنت وکوشش کے ساتھ خوب صورت ومرتب انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ انتخاب خصوصاً دور حاضر کے حوالے سے ایک اہم علمی وفکری کاوش ہے، جس کی معاشرے کو اس وقتضرورت ہے اور یہ مجموعہ عوام وخواص سب کے لیے یکساں مفید وسود مند ہے، لہٰذا علماء، طلبہ، عوام اور ہر شعبہٴ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔
یہ کتاب معیاری کمپوزنگ، خوب صورت ٹائٹل، مضبوط جلد بندی اور ادنیٰ کاغذ پر زمزم پبلشرز کراچی سے شائع کی گئی ہے۔