Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الاول 1436ھ

ہ رسالہ

20 - 20
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
فتح الرحمن بسیرة سیّدنا عثمان بن عفان رضي الله عنه
تالیف: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات:600 سائز:23x36=16
ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر، برطانیہ
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ کتاب خلیفہٴ راشد سیّدنا عثمان بن عفان رضی الله عنہ کی سیرت وحیات ، مقام وکردار، کارناموں، فتوحات، شہادت اور آپ پر لگائے جانے والے الزامات کے جوابات کے سلسلے میں لکھی گئی ہے، جسے ماہنامہ ”الہلال“ مانچسٹر کے مدیر مولانا، حافظ محمد اقبال رنگونی نے مرتب کیا ہے جو اس سے پہلے خلیفہ اوّل سیّدنا ابوبکر صدیق رضی الله عنہ اور خلیفہٴ ثانی سیّدنا عمر فاروق رضی الله عنہ کی سیرت وحیات پر ضخیم کتابیں تالیف کر چکے ہیں، جب کہ زیر نظر کتاب پر مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب نے نظر ثانی بھی کی ہے ۔ کتاب کے مقدمے میں مشہد عثمان پر حاضری کے آداب، صحابہ وتابعین اور اکابر اہل سنت کے ہاں حضرت عثمان غنی  کا مقام ومرتبہ اور عقیدہ، حضرت عثمان  سے متعلق روافض کے جارحانہ عقائد اور آخر میں حضرت عثمان کے مقام ومرتبہ سے متعلق حضرت علی  کے ارشادات نقل کیے گئے ہیں جو اہل سنت کے موافق اور اہل تشیع کے بے بنیاد عقائد ونظریات کے خلاف ہیں ۔ کتاب کے بڑے عنوانات میں سیرت سیّدنا عثمان غنی ذوالنورین، سیّدنا عثمان غنی کا قبول اسلام، حضرت عثمان کی غزوات میں شرکت، حضرت عثمان غنی  عہدصدیقی میں ،حضرت عثمان غنی  عہد فاروقی میں ، حضرت عثمان غنی کی خلافت باکرامت، حضرت عثمان کی اولیات وایجادات، حضرت عثمان غنی کے دور کی فتوحات، آپ کے خلیفہ ثالث ہونے کے نبوی اشارے، حضرت عثمان کی حدیثی خدمات، حضرت عثمان غنی کے شاگردان حدیث، حضرت عثمان غنی کا فقہی مقام، حضرت عثمان غنی کی روحانی بلندی، حضرت عثمان عبادات کے آئینے میں ، حضرت عثمان کی خشیت الہی اور خوف آخرت، حضرت عثمان غنی کی شہادت، حضرت عثمان کے بارے میں اجلہ صحابہ کے تأثرات، حضرت عثمان کی شہادت کے المناک نتائج، حضرت عثمان اور اہل بیت نبوت ، آپ کی ازواج واولاد، حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم کی لخت جگر سیدہ رقیہ ،حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی پیاری صاحبزادی سیّدہ ام کلثوم  ، حضرت عثمان پر الزامات اور ان کے جوابات، سیّدنا حضرت عثمان کی گستاخی کا انجام، حضرت عثمان کے خطبات وملفوظات اور مکتوبات شامل ہیں۔

ان میں سے ہر عنوان کے تحت کئی ذیلی عنوانات قائم کیے گئے ہیں ،جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ زیر نظر کتاب میں حضرت عثمان غنی کی سیرت و سوانح، حیات، خدمات ،کاوشوں اور کارناموں کو مفصل وجامع او رمستند ومرتب انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرما کر دنیا میں راہ نمائی اور آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے۔

کتاب میں علامات ترقیم اورکمپوزنگ وسیٹنگ کے حوالے سے سلیقے کی کمی محسوس ہوتی ہے اور اس میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں اس کمی کو پورا کر دیا جائے گا۔ یہ کتاب مضبوط جلد بندی اور عمدہ ورق کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

خلیفة النبی، المظلوم الامین عثمان ذوالنورین رضي الله عنه
تالیف: مولانا محمد بشیر احمد حامدحصاری
صفحات:520 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبة الفیض، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور
زیر نظر کتاب حضرت مولانا بشیر احمد حامد حصاری رحمة الله علیہ کی تالیف ہے جس میں خلیفہٴ راشد حضرت عثمان غنی رضی الله عنہ کی سیرت، سیاست اور شہادت کے اسباب ووجوہ کو محنت و کوشش اور تاریخی روایات کی چھان بین کرکے محقق ومدلّل انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ حضرت عثمان کا مقام ومرتبہ، خلافت اور خلافت کے بارہ سالوں کے حالات وواقعات کی سن وار تفصیل وتحقیق، حضرت عثمان کی شہادت کا باعث بننے والے ابن سبا یہودی کے برپا کردہ فتنے کا آغاز، عوامل اور پس پردہ حقائق واسباب، نیز حضرت عثمان  کی مقدس شخصیت پر لگائے گئے الزامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے، اس سلسلے میں صحابہ کرام کی جن ہستیوں کو مطعون کرنے کی کوشش کی گئی ہے ان کا مقام ومرتبہ اور دفاع تاریخی واقعات وحقائق کی روشنی میں کیا گیا ہے، چاہے وہ صحابہ کرام ہوں جن کی وجہ سے حضرت عثمان کی مقدس ہستی کو مطعون کرنے کی کوشش وسعی کی جاتی رہی ہے یا وہ صحابہ کرام ہوں جنہیں حضرت عثمان کی شہادت کے المناک ودل سوز واقعے میں ملوث کرنی کی کوشش کی گئی ہے ۔ اس سلسلے کی بے سروپا، متضاد ومتعارض روایات کا دلائل وحقائق کی روشنی میں جائزہ پیش کیا گیا ہے اور کتاب کے آخر میں خصوصاً سید ابوالاعلی مودودی کی کتاب”خلافت وملوکیت“ میں حضرت عثمان کی مبارک ہستی پر جو الزامات اچھالے گئے ہیں ان کا مدلّل جواب خوب صورت اسلوب میں دیا گیا ہے، کتاب کا انداز واسلوب رواں، جاذب اور دلکش ہے او رحضرت عثمان  کی سیرت، سیاست، خلافت اور شہادت کے حالات وواقعات کی حقیقت کو معلوم کرنے اور سمجھنے میں بہترین معاون ثابت ہو گا۔ کتاب کی جلدی بندی مضبوط، کمپوزنگ معیاری اور کاغذ درمیانے درجے کا ہے۔

حضرت علی المرتضیٰ رضي الله عنه
تالیف: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
صفحات، جلد اوّل536، جلد دوم:512 سائز:23x36=16
ناشر:ادارہ اشاعت السلام، مانچسٹر، یو، کے۔
چوتھے خلیفہ راشد حضرت علی بن ابی طالب رضی الله عنہ کی سیرت وحیات اور دینی خدمات وکارناموں کے حوالے سے یہ مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی کی ایک او رقابل قدر علمی کاوش ہے، جس کا پورا نام ”زبدة المناقب من حیات سیّدنا علی بن ابی طالب، المسمی بہ حضرت علی المرتضی رضی الله عنہ“ ہے۔ مؤلف اس سے پہلے خلفائے ثلاثہ سیّدنا ابوبکر صدیق، سیّدنا عمر فاروق اور سیّدنا عثمان بن عفان  کی حیات وخدمات پر مستقل کتابیں مرتب کر چکے ہیں، زیر نظر کتاب کو دو جلدوں میں مرتب کیا گیا ہے ۔ جلداوّل کے بڑے عنوانات میں تذکرہ سیّدنا علی، حضرت علی  کے والد جناب ابو طالب، حضرت علی  کی والدہ حضرت فاطمہ  ، حضرت علی  کے بہن بھائی، حضرت علی  کی غزوات میں شرکت، حضرت علی مرتضیٰ  کی خلافت باسعادت، معرکہ جنگ جمل، جنگ صفین، جنگ صفین پروارد چند سوالات کے جوابات ہیں، جب کہ جلد دوم کے بڑے عنوانات میں حضرت علی  کتب سماویہ میں ، حضرت علی  قرآن کریم کی نظر میں، حضرت علی  نگاہ رسالت مآب میں، حضرت علی  اجلہ صحابہ کے عقیدے میں، حضرت علی کی حدیثی خدمات، حضرت علی  کی فقہی خدمات، حضرت علی  کی شان قضاء، حضرت علی  کی شان علم، حضرت علی  کی روحانی عظمت، حضرت علی  کا زہدوتقویٰ، حضرت علی  کی کرامات، حضرت علی  کے ملفوظات وخطبات، حضرت علی  کا مسلک ومشرب، حضرت علی  کے اہل وعیال شامل ہیں۔

مؤلف کتاب کے متعلق لکھتے ہیں کہ : ”راقم الحروف نے سیّدنا حضرت علی مرتضیٰ کے حالات زندگی پر مشتمل یہ کتاب محض سیرت وسوانح کی کتابوں میں اضافہ کرنے کے لیے نہیں لکھی بلکہ اس کا اصل مقصد حضرت علی مرتضیٰ کے صحیح اور مستند حالات زندگی کے ساتھ ساتھ آپ کے متعلق اہل سنت والجماعت کا عقیدہ بیان کرنا ہے اور ان شکوک وشبہات کو دو رکرنا ہے جو اس وقت ایک مخصوص ریڈیو اور ٹی وی چینل کے ذریعہ حضرت علی مرتضی ٰ اور اہل بیت نبوت کے نام پر خلفائے ثلاثہ او راہل سنت مسلمانوں کے خلاف پیدا کیے جارہے ہیں، ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم حضرت علی مرتضیٰ کے اس طرز عمل کو دلائل کے ساتھ سامنے لائیں اور ان لوگوں کو دعوت دیں ( جو حضرت علی مرتضی کا نام تو لیتے ہیں مگر ان کا طریقہ اختیار کرنے کے لیے تیارنہیں ) کہ وہ عبدالله بن سبا اور عبدالله بن کواء کی بجائے حضرت علی مرتضی ٰ کی پیروی پر آجائیں، اس طرح امید کی جاسکتی ہے کہ اختلافات اگر ختم نہیں ہوتے تو کم از کم ان کی شدت میں ضرور کمی آجائے گی۔“

کتاب میں اہل سنت کے نظریہ کی تائید کے لیے شیعہ کتابوں اور روایات سے بھی استفادہ کیا گیا ہے کہ حضرت علی  کے خلفائے ثلاثہ کے ساتھ تعلقات مخلصانہ اور محبانہ تھے، وہ ان بزرگوں کا بے حد ادب واحترام کرتے تھے او ران کا وہی نظریہ وعقیدہ تھا جو اہل السنة والجماعت کا ہے۔ حضرت علی  کی سیرت وحیات، خدمات اورکارناموں کے حوالے سے یہ کتاب ایک جامع، معیاری اور مستند علمی کاوش ہے اور آپ کی پوری زندگی ، حالات وواقعات اور دینی خدمات کا احاطہ کیے ہوئے ہے ۔ الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرماکر مسلمانوں کی راہ نمائی کا ذریعہ بنائے۔

کتاب کا کاغذ عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے، البتہ کمپوزنگ، سیٹنگ اور علامات ترقیم کے حوالے سے سلیقے کی کمی محسوس ہوتی ہے، کتاب سے استفادے اور معیار میں اضافے کے لیے اس کی تلافی بہرحال ضروری ہے۔

Flag Counter