Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الاول 1436ھ

ہ رسالہ

12 - 20
مختصر سیرت نبوی صلى الله عليه وسلم

مولانا محمدنجیب قاسمی، ریاض
	
٭… ہمارے نبی حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم مکہ مکرمہ میں دوشنبہ کے روز 9ربیع الاول (571ء) کو پیدا ہوئے۔
٭…ابھی ماں کے پیٹ میں ہی تھے کہ آپ کے والد عبداللہ کا انتقال ہوگیا۔
٭…جب 6 سال کی عمر ہوئی تو آپ کی والدہ آمنہ کا انتقال ہوگیا۔
٭… جب 8 سال 2 ماہ 10 دن کے ہوئے تو آپ کے دادا عبدالمطلب بھی فوت ہوگئے۔
٭…جب13 سال کے ہوئے، تو چچا ابو طالب کے ساتھ تجارت کی غرض سے ملک ِشام روانہ ہوئے، مگر راہ سے ہی واپس آگئے۔
٭…جوان ہوکر آپ صلی الله علیہ وسلم نے کچھ دنوں تجارت کی۔
٭…25 سال کی عمر میں حضرت خدیجہ  سے آپ صلی الله علیہ وسلم کی شادی ہوئی۔ شادی کے وقت حضرت خدیجہ  کی عمر40 سال تھی۔
٭…35سال کی عمر میں جب قبیلہ ٴ قریش میں کعبہ کی تعمیر پر جھگڑا ہوا، آپ صلی الله علیہ وسلم نے اس جھگڑے کا بہترین حل پیش کیا، جس سے سارا مسئلہ ہی حل ہوگیا، جس پر سب نے آپ کو صادق اور امین کے لقب سے نوازا۔
٭… 40 سال کی عمر میں آپ صلی الله علیہ وسلم کو نبوت عطا کی گئی۔
٭…تین سال تک نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم چپکے چپکے لوگوں کو اسلام کی دعوت دیتے رہے۔ پھر کھلم کھلا اسلام کی دعوت دینے لگے۔
٭… کھلم کھلا اسلام کی دعوت دینے پرمسلمانوں کو بہت زیادہ ستایا جانے لگا۔ 2سال تک مسلمانوں کو بہت تکلیفیں دی گئیں۔
٭…مسلمانوں نے تنگ آکر مکہ مکرمہ سے چلے جانے کا ارادہ کیا۔ چناں چہ5 نبوت میں صحابہ کی ایک جماعت حبشہ ہجرت کرگئی۔
٭…6 نبوت : آپ صلی الله علیہ وسلم کے چچا حضرت حمزہ اور ان کے تین دن بعد حضرت عمر فاروق  مسلمان ہوئے۔
٭…ان دونوں کے ایمان لانے سے قبل تک مسلمان چھپ چھپ کر نماز پڑھا کرتے تھے، اب کھل کر نماز پڑھنے لگے۔
٭… 7 نبوت : قریش نے آپس میں ایک عہد نامہ تحریر کیا کہ کوئی شخص مسلمانوں اور ہاشمی قبیلہ کے ساتھ لین دین اور رشتہ ناطہ نہیں کرے گا۔

اس ظلم کی وجہ سے مسلمان اور ہاشمی قبیلے کے لوگ تقریباً تین سال تک ایک پہاڑی کی کھوہ میں بند رہے۔

٭… 10 نبوت: آپ صلی الله علیہ وسلم کے چچا ابوطالب اور ام الموٴمنین حضرت خدیجہ  کا انتقال ہوا، آپ کو بہت زیادہ رنج وغم ہوا۔
٭… 10 نبوت: ابوطالب کے انتقال کے بعد کفار مکہ نے کھل کر آپ صلی الله علیہ وسلم کو اذیت اور تکلیف دینی شروع کردی۔
٭…10 نبوت: آپ نے طائف جاکر لوگوں کے سامنے اسلام کی دعوت دی، لیکن وہاں پر بھی آپ صلی الله علیہ وسلم کو بہت ستایا گیا۔
٭… 11 نبوت : آپ صلی الله علیہ وسلم کے وعظ ونصائح پر مدینہ منورہ کے چھ حضرات مسلمان ہوئے۔
٭… 27 رجب 12 نبوت :51 سال 5 مہینہ کی عمر میں نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کو معراج ہوئی۔ مسلمانوں پر پانچ نمازیں فرض ہوئیں۔
٭… 12 نبوت: موسم حج میں 18 شخص مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ آئے ، انہوں نے رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔
٭… 13 نبوت: 2 عورتیں اور 73 مرد مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ آئے ، انہوں نے رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا اور انہوں نے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم سے مدینہ چلنے کی درخواست کی، نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم مدینہ منورہ ہجرت کرنے کے لیے راضی ہوگئے۔
٭… 13 نبوت (یکم ربیع الاول ): آپ صلی الله علیہ وسلم مدینہ منورہ ہجرت فرمانے کے لیے مکہ مکرمہ سے روانہ ہوئے۔
٭… آپ صلی الله علیہ وسلم نے سفر ہجرت میں مدینہ منورہ کے قریب بنو عمروبن عوف کی بستی قبا میں چند روز کا قیام فرمایا اور مسجد قبا کی بنیاد رکھی۔ قُبا سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے بنو سالم بن عوف کی آبادی میں پہنچ کر اُس مقام پر جمعہ پڑھایا، جہاں اب مسجد (مسجد جمعہ) بنی ہوئی ہے۔
٭…1 ہجری : مدینہ منورہ پہنچ کر نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے صحابہ کرام کے ساتھ مل کر مسجد نبوی کی تعمیر فرمائی۔ ظہر، عصر اور عشاء کی نماز میں اب تک فرض رکعات کی تعداد 2 تھی، مدینہ منورہ پہنچ کر4 رکعات مقرر ہوئیں۔ مہاجرین صحابہ کا انصار صحابہ کے ساتھ بھائی چارا قائم کیا گیا۔ مدینہ کے یہودیوں اور آس پاس کے رہنے والے قبیلوں سے امن اور دوستی کے عہدنامے ہوئے۔
٭…2ہجری : نماز کے لیے اذان دی جانے لگی۔
٭…کعبہ (بیت اللہ) کی طرف رخ کرکے نماز پڑھی جانے لگی۔
٭…2ہجری : ماہِ رمضان کے روزے فرض ہوئے۔
٭…3ہجری : زکاة فرض ہوئی۔
٭… 4ہجری : شراب پینا حرام ہوا۔
٭…5ہجری : عورتوں کو پردہ کرنے کا حکم ہوا۔
٭… 6ہجری : صلح حدیبیہ ہوئی۔ آپ صلى الله عليه وسلم عمرہ کی ادائیگی کے بغیرمدینہ منورہ واپس آگئے۔ اس وقت کے مشہور بادشاہوں کو نبی اکرم صلى الله عليه وسلم نے اسلام کی دعوت دی۔ آپ صلى الله عليه وسلم کی دعوت پر بادشاہوں اور حکم رانوں کے علاوہ عرب کے بڑے بڑے قبیلے مسلمان ہوئے۔
٭… 7ہجری : آپ صلی الله علیہ وسلم نے عمرہ کی قضا کی، کیوں کہ آپ صلی الله علیہ وسلم 6ہجری میں صلح حدیبیہ کی وجہ سے عمرہ ادا نہیں کرسکے تھے۔
٭… 8 ہجری: مکہ مکرمہ فتح ہوا۔ خانہ کعبہ کو بتوں سے پاک وصاف کیا گیا۔
٭…9ہجری : حج فرض ہوا۔ حضرت ابوبکر صدیق  کی سرپرستی میں صحابہ کرام کی ایک جماعت نے حج ادا کیا ۔ حضرت علی نے میدان حج میں نبی اکرم صلى الله عليه وسلم کے حکم سے اعلان کیا کہ اب آئندہ کوئی مشرک خانہ کعبہ کے اندر داخل نہیں ہوگا۔
٭… 10ہجری: آپ صلی الله علیہ وسلم نے تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار صحابہ کرام کے ساتھ حج (حجة الوداع) ادا کیا۔
٭… 11ہجری : 63 سال اور پانچ دن کی عمر میں 12 ربیع الاول پیر کے روز آپ صلی الله علیہ وسلم اس دار فانی سے کوچ فرماگئے۔

غرض نبوت کے بعد آپ صلی الله علیہ وسلم تقریباً 23 سال حیات رہے، 13 سال مکہ مکرمہ میں اور 10 سال مدینہ منورہ میں۔

غزوات: نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے مدینہ منورہ ہجرت کرنے کے بعد دشمنوں کے ساتھ 2ہجری سے 9 ہجری کے دوران آٹھ سال میں متعدد جنگیں ہوئیں، جن میں سے مشہور غزوات یہ ہیں: غزوہ بدر2ہجری۔ غزوہ احد3ہجری ۔ غزوہ خندق 5ہجری ۔ غزوہ خیبر 5ہجری ۔ غزوہ فتح مکہ 8ہجری۔ غزوہ حنین8ہجری ۔ غزوہ تبوک9ہجری۔

Flag Counter