آہ! دل چاہتا ہے کہ سارے عالم کے جوان اللہ پر فدا ہوکر اپنی جوانی کا مزہ حاصل کرلیں، شادی کرو اور حلال کی بیوی سے جتنی محبت کرو کم ہے، اس پر ثواب بھی ہے۔ میں تو صرف حرام سے بچاتا ہوں، لہٰذا عورتیں نہ ڈریں کہ یہ جو حسن کی توہین کرتے رہتے ہیں تو کہیں ہمارے شوہروں کی نظر میں ہمیں کمتر نہ کردیں۔میں آپ کو کمتر نہیں کررہا ہوں بلکہ آپ کے شوہروں کی نظر میں آپ کو بہتر بنارہا ہوں۔جب انسان سڑکوں والیوں سے اور غیروں سے نظر بچائے گا تو اس کی نظر میں لے دے کے تم ہی تم رہو گی۔ میں تو غیر عورتوں پر حرام نظر ڈالنے سے بچا رہا ہوں ۔
نظر کی حفاظت کا حکم اپنی بندیوں پر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے کہ ایسا نہ ہو کہ شوہر اِدھر اُدھر دیکھ کر میری بندیوں پر ظلم کرے، اپنی بیویوں سے صَرفِ نظر کر کے ان سے بے توجہی برتے۔یہ اللہ تعالیٰ کا اپنی بندیوں پر کرم ہے، جیسے باپ اپنی بیٹی کے لیے تعویذ مانگتا ہے کہ مولانا ایسا تعویذ دے دو کہ میرا داماد میری بیٹی کو آرام سے رکھے۔ اللہ تعالیٰ کو تعویذ کی ضرورت نہیں ہے، اللہ نے حکم نازل کردیا ہے کہ خبردار! اپنی بیویوں کے علاوہ اِدھر اُدھر مت دیکھو۔ بدنظری کی لعنتوں سے بچا کر درحقیقت اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو چین بخشا ہے اور بندیوں پر رحم فرمایا ہے کہ جب ان کے شوہر کہیں نظر خراب نہیں کریں گے تو میری بندیوں کو پیار سے رکھیں گے،یہ اللہ کا بندیوں پر بھی پیار ہے اور بندوں پر بھی پیار ہے۔
صحبتِ اولیاء ہر حال میں نافع ہے
عارف کا ہر سکوت ہے درسِ محبت
اور ان کی تجلی کا نظارہ لیے ہوئے
اللہ والے اگر خاموش بیٹھے ہیں تب بھی ان کے پاس بیٹھے رہو کیوں کہ ان کے قلب میں اللہ تعالیٰ کی تجلیاتِ متواترہ ہیں،آپ کے قلب میں ان کی تجلی کا عکس پڑے گا اور آپ کا دل روشن ہوجائے گا۔خواجہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ؎
جو چپ بیٹھوں تو اک کوہِ گراں معلوم ہوتا ہوں
جو لب کھولوں تو دریائے رواں معلوم ہوتا ہوں