Deobandi Books

تقریر ختم قرآن مجید و بخاری شریف

ہم نوٹ :

29 - 38
ناپو تو مایوسی ہوجائے گی لیکن چھ مہینے کے بعد ناپو تو پتا چلے گا۔ خانقاہوں کا بھی نفع روزانہ فیتہ لگاکر مت ناپو کہ آج کیا ملا؟ اگرچہ ملا، لیکن ملنا محسوس ہونا ضروری نہیں ہے۔ کچھ دن کے بعد پتا چلے گا۔ جیسے کچھ دن بعد پتا چلتا ہے کہ بچہ اتنا تھا آج ماں کی تربیت سے اتنا بڑا ہوگیا۔ ایسے ہی روح میں ذکر اللہ سے، صحبتِ اہل اللہ سے رفتہ رفتہ ترقی ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ ایک دن روح ایک دم اللہ والی ہوجائے گی، نسبت عطا ہوجائے گی جس کی علامت یہ ہوگی کہ گناہ کرنے کی طاقت تو ہوگی لیکن اس طاقت کو استعمال کرنے کی پھر طاقت نہ رہے گی۔ یہ جملہ خاص مجھے  اللہ تعالیٰ نے عطا فرمایا ہے جیسے جنگل میں ایک سیاح کے سامنے اچانک جھاڑی سے ایک شیر نکل آیا اور اسی وقت پوری دنیا میں جو حسن میں اوّل نمبر آئی ہے وہ آکر کھڑی ہوگئی اور کہا کہ یہ اخبار ہے، میں پوری دنیا میں اوّل نمبر آئی ہوں تو وہ سیاح کہے گا کہ مجھے کچھ سنائی نہیں دیتا میں تو بہرا ہوں۔ وہ کہتی ہے اچھا مجھے دیکھ ہی لو تو وہ کہتا ہے کہ میں اندھا ہوں۔ کہا کیوں؟ کہا یہ شیر جو سامنے کھڑا ہے۔ تو جب شیرسے یہ حال ہے تو خالقِ شیر سے کتنا ڈرنا چاہیے! عظمتِ الٰہیہ جن کے سامنے ہوتی ہے وہ اللہ تعالیٰ کی قدرتِ قاہرہ غیرمحدود کو سامنے رکھتے ہیں کہ اے نفس! تیری کیا سنوں مجھے وہ اللہ دیکھ رہا ہے جو بہت بڑی قدرت والا ہے، جو ہم کو چٹنی بناکر رکھ سکتا ہے، جو ہمارے دماغ کو ہلاسکتا ہے کہ ہم گٹر کے پانی کو شربت سمجھ کر پی جائیں۔ اگر وہ ہمارے گردے میں پتھری ڈال دے تو ہماری ساری حسن بازی اور عشق بازی ختم ہوجائے، جو ہمیں بلڈ کینسر کردے کہ جسم سے سارا خون نکالا جارہا ہے اور ہم ہائے ہائے کرتے رہیں لیکن افسوس یہ ہے کہ انسان اتنا بے وقوف ہے کہ جب تک ہائے ہائے میں مبتلا نہیں کیا جاتا تب تک اس کو اللہ یاد نہیں آتا۔ الا ماشاء اللہ جن کو اللہ نے اپنی محبت وعظمت کی معرفت سے نوازا ہے اور یہ اہل اللہ کی جوتیوں کا انعام ہے، اور جس کو یہ نصیب نہ ہو تو سمجھ لو کہ اس کے اندر ابھی کوئی خامی اور بے وفائی موجود ہے۔ یہ چکنا گھڑا ہے۔ اس نے روغنِ نفس لگارکھا ہے، چکنے گھڑے پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ اس لیے نمکین اور حسین صورتوں سے پاگل ہورہا ہے لیکن اتنے میں کوئی شخص ایک کالا سانپ وہاں لاکر چھوڑدے جس کے ڈسنے کے بعد کھوپڑی پھٹ جاتی ہے تو جب وہ کالا سانپ دیکھے گا تو بتاؤ یہ وہاں حسین کو دیکھے گا یا بھاگے گا؟ چاہے وہ حسین، نمکین، چمکین اور دمکین بھی ہو، سب چھوڑکر بھاگ جائے گا۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی عظمت کا استحضار مانگو۔
Flag Counter