مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
حرمین شریفین فضائل وآداب
تالیف: مولانا محمد عابد ندوی
صفحات:368 سائز:23x36=16
زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی
ندوة العلماء لکھنو، ہندوستان کے فاضل اور سعودی عرب، جدہ کی مسجد” الشریفہ حزما“ کے امام مولانا محمد عابدندوی ”کتاب الحج“ کے نام سے حج وعمرہ کے مسائل واحکام، فضائل وآداب، حرمین شریفین، کعبة الله کی عظمت وتقدیس، تاریخی آثار جیسے زمزم، حجر اسود اور مقام ابراہیم وغیرہ کی اہمیت وفضیلت جیسے موضوعات پر مشتمل ایک تفصیلی کتاب لانے کا ارادہ رکھتے ہیں ، جس میں حج وعمرہ او رحرمین شریفین سے متعلق ضروری واہم مسائل کا احاطہ کرکے مسائل واحکام اور فضائل وآداب کو دلائل کی روشنی میں بیان کیا گیا ہو۔ انہوں نے اس کا کو تدریجاً مستقل عنوانات کے تحت منظر عام پر لانے کا ارادہ کیا ہے اور ” حرمین شریفین ۔ فضائل وآداب“ کے عنوان سے یہ اس سلسلے کی جلد اول ہے ۔ مؤلف نے اس کے بارے میں لکھا ہے کہ:
”یہ پہلی جلد پانچ ابواب پر مشتمل ہے:
1... خانہ کعبہ اور غلاف کعبہ مختصر تاریخ۔
2... کعبة الله شریف کی عظمت وحرمت۔
3... حرم شریف کی عظمت وحرمت۔
4... حرم شریف میں گناہوں کا وبال۔
5... مدینہ منورہ فضائل وبرکات۔
چوں کہ تاریخ مقصود نہیں، اس لیے تاریخی معلومات اور تفصیلات اس میں کم ہیں، عظمت وحرمت اور حرمین شریفین کی تقدیس کے پہلو کو اُجاگر کرنے نیز اس حوالے سے حرمین شریف کے فضائل ، خصوصیات اور بعض خاص احکامات جو کتاب وسنت کے ذخیرہ میں موجود ہیں، ان کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔“
کتاب کی ابتداء میں مولانا محمد رابع ندوی دامت برکاتہم العالیہ کا مقدمہ شامل کیا گیا ہے او راس کی کمپوزنگ وسیٹنگ اور طباعت واشاعت میں معیار وسلیقے کا خیال رکھا گیا ہے۔
حج وعمرہ فضائل وآداب
تالیف: مولانا محمد عابد ندوی
صفحات:312 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
یہ ”کتاب الحج“ کے نام سے مرتب کی جانے والی مولانا محمد عابد ندوی کی مذکورہ تالیف کی دوسری جلد ہے جو حج وعمر اور ان کے تحت انجام پانے والی عبادات مثلاً طواف وسعی، وقوف منی، وقوف عرفہ، مزدلفہ اور حلق وغیرہ کے اجروثواب ، آداب اور مشاعر مقدسہ کے فضائل وآداب پر مشتمل ہے ۔ مؤلف نے جلد اول کے” ابتدائیے“ میں اس جلد کا تعارف بھی کر ایا ہے اور دونوں جلدوں کے حوالہ جات میں جن امور کی رعایت رکھی گئی ہے ان کو بھی ذکر کیا ہے ۔ ذیل میں معمولی ترمیم کے ساتھ ان کے تعارفی کلمات کو پیش کیا جاتا ہے۔ چناں چہ وہ لکھتے ہیں:
”یہ کتاب چار ابواب پر مشتمل ہے:
1... ”حج وعمرہ اہمیت وفضائل“: اس میں حج وعمرہ سے متعلق جو عمومی فضائل احادیث میں بیان ہوئے ہیں ، جیسے حج وعمرہ کی وجہ سے گناہوں کی مغفرت ، فقر ومحتاجی کا ازالہ، دُعاؤں کی قبولیت ، پیدل حج کی فضیلت، سفر حج میں ہونے والے اخراجات کا صلہ او راجرو ثواب نیز اس سفر میں اگر کوئی انتقال کر جائے تو اس کا کیا مقام ومرتبہ ہے ؟ وغیرہ ، یہ او راس طرح کے عناوین قائم کرکے قرآن وحدیث کی روشنی میں گفت گو کی گئی ہے۔
2... دوسراباب”افعالِ حج وعمرہ فضیلت وثواب“ کے عنوان سے ہے ، جس میں مناسک حج کے انفرادی طور پر احادیث میں جو فضائل بیان ہوئے ہیں جیسے تلبیہ ، طواف وسعی، تقبیل واستلام، حلق وقصر، قربانی اور رمی جمار وغیرہ کے فضائل، اسی طرح ایامِ حج، ایامِ تشریق اور عشرہٴ ذی الحجہ کے فضائل بھی اس میں بیان ہوئے ہیں۔
3... تیسراباب” مشاعر مقدسہ اہمیت وفضیلت“ کا ہے، حرم شریف میں جو قابل عظمت چیزیں ہیں جیسے مقاماتِ حج ( منیٰ ،مزدلفہ اور میدانِ عرفہ) حجراسود، رکن یمانی، مقام ابراہیم ، زمزم، حجر اسماعیل او رملتزم وغیرہ ، ان کے فضائل اس باب میں بیان ہوئے ہیں۔
4... آخری باب ”حج وعمرہ کے قائم مقام نیکیاں“ کے عنوان سے ہے جس میں اختصار کے ساتھ ان اعمالِ صالحہ اور نیکیوں کا بیان ہے ، جن پر احادیث میں حج وعمرہ کے ثواب کی خوش خبری سنائی گئی ہے ، جیسے فرض نمازوں کے بعد تسبیحات کا اہتمام ، فجر کے بعد طلوع شمس تک ذکر الہٰی میں مشغول رہ کر نما زاشراق ادا کرنے کا ثواب او رنماز کے لیے مسجد چلنے کی فضیلت وغیرہ۔
ان دو کتابوں میں الحمدلله حوالوں کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے ، مطابع کے فرق سے بسا اوقات صفحہ نمبر کا فرق ہو جاتا ہے ، بلکہ کبھی جلدنمبر بھی بدل جاتا ہے اس لیے حوالہ دیتے ہوئے حدیث نمبر اور صفحہ وجلد نمبر کے ساتھ اکثر کتاب اورباب کا نام یا نمبر بھی لکھ دیا گیا ، نیز کتاب کی ترتیب وتالیف میں جن کتابوں سے استفادہ کیا گیا ، اخیر میں کتابیات کے عنوان سے فہرست میں کتاب ومؤلف کے علاوہ محقق ، ناشر وغیرہ کا نام نیز کتاب پر سن طباعت کی صراحت ہو تو اس کو بھی نقل کر دیا گیا ہے۔
احادیث میں حتی الامکان صحیح او رحسن درجہ کی احادث کو اولیت دی گئی ہے ، فضائل کے بیان میں چند شرائط کے ساتھ محدثین ضعیف احادیث بھی قبول کرتے ہیں ۔
اس کتاب میں ضمناً بعض عناوین کے تحت ضعیف احادیث بھی بیان کی گئی ہیں، البتہ حاشیہ میں نہ صرف ان کے ضعف کی طرف اشارہ کیا گیا، بلکہ جہاں ضرورت محسوس ہوئی ، حدیث کے بارے میں محدثین کی آراء بھی (عربی میں بغیر ترجمہ کیے) حوالوں کے ساتھ نقل کر دی گئیں“۔
کتاب میں زبان وبیان کی چاشنی کو برقرار رکھتے ہوئے سلیس ورواں او رعام فہم اسلوب اختیار کیا گیا ہے او راس دوسری جلد میں ”پیش لفظ“ ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا خالد سیف الله رحمانی نے تحریرکیا ہے ۔ کتاب کی کمپوزنگ وپروف ریڈنگ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
نفحة الابرار
افادات وارشادات: مولانا حافظ ابرارالحق کلیانوی
صفحات:384 صفحات:23x36=16
ناشر: مکتبة الارشاد، رفاہ عام سوسائٹی، ملیر ہالٹ، کراچی
مولانا حافظ ابرار الحق کلیانوی حضرت ڈاکٹر محمد عبدالحئی عارفی رحمة الله علیہ کے خلیفہ مجاز ہیں۔ یہ کتاب ان کے اصلاحی بیانات اور مواعظ وارشادات کا مجموعہ ہے ، جو ابتداءً کیسٹوں کی شکل میں محفوظ کیے گئے اور اسی طرح کیسٹوں ہی سے سن کر ان سے استفادہ کیا جاتا رہا ، پھر ان کے بعض متعلقین نے انہیں کیسٹوں سے نقل کرکے ترتیب وتدوین کے مراحل سے گزار کر کتابی شکل میں شائع کیا اور اس کا نام ”تحفة الابرار“ نیکوکاروں کی مہکار“ رکھا ۔ اس مجموعے کو اس طرح ترتیب دیا گیا کہ اس کی ابتداء ”نفس وشیطان کی مکاریاں اور اس سے بچنے کے طریقے“ کے عنوان سے کی گئی ہے او رپھر مختلف عنوانات قائم کرکے شیطان کے پندرہ دشمن اور دس دوست شمار کرائے گئے ہیں۔ اس کے دشمنوں کی فہرست میں معصیت وگناہ کا ارتکاب کرنے والوں اور دوستوں کی فہرست کے تحت نیکی کرنے والوں کو علی الترتیب رکھا گیا ہے اور قرآن وحدیث، آثار وروایات اور تجربات ومشاہدات کے آئینے میں ان پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ان مواعظ کا انداز بیان سادہ وعام فہم ، سہل وآسان اور ناصحانہ وخیر خواہانہ ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مفیدو کار آمد!
یہ کتاب اعلیٰ رنگین پیپر اور خوب صورت ودلآویز گیٹ اپ کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔