Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رمضان المبارک 1433ھ

ہ رسالہ

17 - 17
مبصر کے قلم سے
ادارہ
ثمرة النجاح شرح نور الإیضاح
تالیف: مولانا ثمیر الدین قاسمی
صفحات: جلد اول:460، جلد دوم:456 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

یہ فقہ کی معروف کتاب ”نور الإیضاح“ کی اردو شرح ہے، جسے دارالعلوم دیوبند کے فاضل حضرت مولانا ثمیر الدین قاسمی نے مرتب کیا ہے ، اس سے پہلے انہوں نے ”قدوری“ اور ”ہدایہ“ کی بھی شروحات لکھی ہیں اور وہ دونوں شرحیں علمی حلقوں میں مقبول ہوئی ہیں، اس شرح میں انہوں نے ان تمام امور کی رعایت رکھی ہے جن کی ہدایہ کی شرح ” اثمار الہدایہ“ میں رکھی تھی۔ چناں چہ یہ شرح درج ذیل خصوصیات پر مشتمل ہے:
٭… اس میں ہر مسئلے کے لیے ممکنہ حد تک تین حدیثیں اور تین حوالے دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
٭…طلبہ کے مستوی کو سامنے رکھتے ہوئے عبارت کا بامحاورہ اور آسان ترجمہ کیا گیا ہے۔
٭…مسائل کی تشریح آسان اور سلیس اردو میں کی گئی ہے۔
٭…طلبہ کی آسانی کے لیے ترجمہ،تشریح اور بیان دلائل کے ضمن میں ایک مسئلے کی تشریح تقریباً تین مرتبہ آجاتی ہے۔
٭…فرائض، واجبات اور سنتوں کو نمبر کی ترتیب سے شمار کرکے پیش کیا گیا ہے
٭…کون سا مسئلہ کس اصل پر فٹ آتا ہے اس فقہی اصل کو بھی بیان کیا گیا ہے۔
٭…” لغت“ کے عنوان کے تحت مشکل الفاظ کی تحقیق پیش کی گئی ہے ۔
٭… حدیث کے حوالے میں باب ، جلد وصفحہ اور حدیث کا نمبر بھی لکھا گیا ہے۔
٭…پرانے اوزان کے ساتھ ساتھ نئے اوزان بھی لکھ دیے گئے ہیں۔

اس شرح کو دو جلدوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی جلد کتاب الطہارة سے لے کر کتاب الصلاة ، باب صلاة المسافر تک ہے جب کہ دوسری جلد، باب صلاة المریض سے کتاب الحج تک ہے، اس میں مسائل کی تشریح وتوضیح کے لیے محنت وعرق ریزی سے کام لیا گیا اور اساتذہ وطلبہ کو درس کی تفہیم میں جن چیزوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے ممکن حد تک ان امور کا اس میں خیال رکھا گیا ہے ، بہرحال درسی کتابوں کی شروحات میں یہ ایک عمدہ اور قابل قدر اضافہ ہے۔

شرح کی پہلی جلد کے ٹائٹل اور فہرست میں ”باب صلاة المسافر“ اور دوسری جلد کے ٹائٹل پر ”باب صلاة المریض“ میں لفظ”صلاة “ کو معرف باللام لکھا گیا ہے ، جب کہ نحوی قاعدے کے اعتبار سے ترکیب میں یہ لفظ مضاف ہے اوراس پر الف لام داخل نہیں ہو سکتا، آئندہ ایڈیشن میں اس کی تصحیح کر لینی چاہیے۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔

موبائل فون کے شرعی احکام
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ رسالہ موبائل فون کے شرعی احکام سے متعلق ہے او راس میں موبائل کے احکام سے متعلق ان فتاوی کو جمع کیا گیا ہے جو جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ کے دارالافتاء سے سوالات کی صورت میں پوچھے گئے تھے اور اس میں کالز، ایس ایم ایس، ایزی لوڈز، کال پیکجز، کال کانفرنس، رنگ ٹونز، میموری کارڈ اور ان کے علاوہ موبائل فون سے متعلق دیگر احکام ومسائل کو بیان کیا گیا ہے ۔ اس کے مرتب مولانا مفتی شاہ اورنگزیب حقانی ہیں جو جامعہ ابوہریرہ کے مدرس اور دارالافتاء کے نگران ہیں رسالے کے بعض مسائل فقہی اعتبار سے نظر ثانی کے قابل ہیں۔ مثلاً:

صفحہ20 پر میموری کارڈ کو آلہ لعب وتلہی قرار دے کر اس میں قرآن لوڈ کرنے اور سننے کو مطلقاً ناجائز وحرام قرار دیا گیا ہے جب کہ صحیح مسئلہ یہ ہے کہ اگر میموری کارڈ میں فلم او رگانے وغیرہ خرافات نہ ہوں تو اس میں قرآن محفوظ کرنا اور سننا درستہے۔

اسی طرح صفحہ34 میں کہا گیا ہے کہ اگر دوران نماز دونوں ہاتھوں کا استعمال لازمی ہو جائے تو نماز توڑ دی جائے اور موبائل بند کرکے از سر نو نماز کا آغاز کیا جائے جب کہ صحیح فقہی مسئلہ یہ ہے کہ موبائل کو بند کرنے کے لیے نماز کا توڑنا جائز نہیں (اس لیے کہ ایک ہاتھ سے اسے بند کرنا ممکن ہے اور ایک ہاتھ سے بندکرنے سے نماز فاسد نہیں ہوتی، لأن ھذا لیس بعمل کثیر) اور موبائل کی گھنٹی کا بجنا ان اعذار میں شامل نہیں جن کی وجہ سے نماز کا توڑنا جائز ہے۔

یہ رسالہ54 صفحات پر مشتمل ہے اور القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ سے شائع ہوا ہے۔

نظام جاسوسی ایک جائزہ او راس کا شرعی حکم
تالیف: مفتی ضیاء الرحمن فاروقی
صفحات:160 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ عمر فاروق، شاہ فیصل کالونی نمبر4، کراچی

زیر نظر کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، حصہ اول میں جاسوسی کی لغوی واصطلاحی تحقیق، جاسوسی کی تاریخ، جاسوسی سے متعلق خفیہ اصطلاحات او رمعروف بین الاقوامی انٹلیجنس ایجنسیوں مثلاً فری میسن، خفیہ میسونی، موساد، ایف بی آئی، سی آئی اے، کے جی بی، آئی ایس آئی، را، ایم آئی سیکس اور بلیک واٹر وغیرہ کا مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے او راس سلسلے میں زیادہ تر مواد جناب طارق اسماعیل ساگر، برگیڈیئر ( ر) سید ارشاد احمد بخاری اورجناب نورالحق صدیقی کی کتابوں سے لیا گیا ہے جب کہ کتاب کے دوسرے حصے میں جاسوسی کی شرعی حیثیت اور اس کے جائز وناجائز پہلوؤں کی وضاحت کی گئی ہے ، اس طرح اس کتاب میں معروف انٹلیجنس ایجنسیوں کے تعارف کے ساتھ ساتھ شرعی اعتبار سے ان کا حکم بھی قار ی کے سامنے آجاتاہے ۔ اس کتاب کو جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل مفتی ضیاء الرحمن فاروقی نے تالیف کیا ہے اور مکتبہ عمر فاروق کراچی نے عمدہ ورق پر معیاری طباعت کے ساتھ شائع کیاہے۔

المعونة في مسألة رفع المؤنة
اس کتابچے میں عشروخراج کی تعریف ، ان کے درمیان باہمی فرق، عشری وخراجی زمینوں کا تعارف، خراجی وعشری پانی کی تفصیل اور خاص کر ادائیگیٴ عشر میں اخراجات منہا کرنے کے مسئلے کو بیان کیا گیا ہے، جس میں فقہاء کے مذاہب کو دلائل کے ساتھ تفصیلاً ذکر کیا گیا ہے اور آخر میں مؤلف نے اپنی رائے پیش کی ہے کہ دلائل کی روشنی میں ان فقہاء کی رائے راجح معلوم ہوتی ہے جن کے ہاں اخراجات منہا کیے بغیر کل پیداوار سے عشر نکالاجائے گا۔ رسالے کے مؤلف جامعہ فاروقیہ کے استاذ مولانا محمد مزمل سلاوٹ صاحب ہیں اور یہ رسالہ دراصل ان کا تخصص فی الفقہ کا مقالہ ہے جسے جامعہ کے استاد حدیث حضرت مولانا منظور احمد مینگل صاحب کے اشراف ونگرانی میں مرتب کیا گیا ہے ۔80صفحات پر مشتمل یہ رسالہ مکتبہ عمر فارق شاہ فیصل کالونی کراچی سے خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ اعلیٰ کاغذ پر چھپا ہے۔

موبائل فون کا استعمال
زیر نظر کتابچے میں موبائل فون کے فوائد ونقصانات اور آداب واحکام کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، جس میں کالز، ایس ایم ایس، ایزی لوڈز، ایزی پیسہ، کال پیکجز، کال کانفرنس، رنگ ٹونز، میموری کارڈ، موبائل نیٹ، ریپئرنگ اور ان کے علاوہ موبائل سے متعلق دیگر کئی امور کا شرعی حکم اس میں آگیا ہے۔ اس کتابچے کو جامعہ اشرف المدارس کے متخصص مولانا بلال بابر نے مرتب کیا ہے اور انہوں نے مسائل کو جمع کرنے کے سلسلے میں ملک کے معروف اداروں مثلاً دارالعلوم کراچی، جامعہ فاروقیہ کراچی، جامعہ خیر المدارس ملتان، جامعہ دارالہدیٰ کراچی، جامعہ اشر ف المدارس، جامعہ بنوریہ سائٹ ایریا کراچی وغیرہ کے دارالافتاؤں سے رجوع کیا ہے او ران کے علاوہ ماہنامہ البلاغ، ماہنامہ الفاروق او رہفت روزہ ضرب مومن سے بھی بعض مسائل لیے ہیں اور ساتھ ساتھ حوالہ دینے کا اہتمام بھی کیا ہے، اسی طرح یہ کتابچہ موبائل فون سے متعلق شرعی مسائل کا ایک بہترین او رمستندمجموعہبن گیا ہے او راس کے مطالعہ سے موبائل صارفین کی شرعی مسائل کے حوالے سے بہت سی الجھنیں دور ہو جائیں گی اور انہیں موبائل کے جائز استعمال میں عمدہ راہ نمائی ملے گی ۔144 صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ کارڈ ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر چھپا ہے ۔ ناشر کا پتہ ہے : مکتبہ عمر فارق ، شاہ فیصل کالونی نمبر4 ،کراچی۔

عقد الفوائد البھیة فی جمع القواعد الفقھیة
تالیف: مفتی محمد وہاب منگلوری
صفحات:144 سائز:23x36=16

اس کتاب میں مفتی محمد وہاب منگلوری نے ” الاشباہ والنظائر“،”شرح المجلة“ اور ”المدخل“ سے فقہی قواعد کوجمع کیا ہے اور مکررات کو حذف کر دیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ قواعد فقہ کی اہمیت ، فوائد او ر اس کی مختصر تاریخ پرروشنی بھی ڈالی ہے۔ یہ کل 151 قواعد ہیں او ران کے ماخذ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے ۔ آخر میں حروف تہجی کے اعتبار سے قواعد کی فہرست بھی دی گئی ہے ۔ کتاب میں مفتی محمد فرید صاحب ، مولانا قاضی محمد فضل الله صاحب اورمفتی محمد رضاء الحق صاحب کی تقاریظ بھی شامل کی گئی ہیں۔ کتاب کی زبان عربی ہے اور اس میں ناشر کا پتہ درج نہیں ۔ حقوق طبع مؤلف کے لیے محفوظ ہیں او رکتاب کے ملنے کے لیے بعض معروف کتب خانوں کا نام دیا گیا ہے۔ مثلاً وحیدی کتب خانہ پشاور، مکتبہ صفدریہ راولپنڈی، اسلامی کتب خانہ، مکتبہ عمر فاروق کراچی۔

تذکرہٴ قراء کرام
اس رسالے میں قاری مشتاق احمد بالاکوٹی ( نگران شعبہٴ تجوید جامعہ احتشامیہ کراچی) نے پندرہ معروف قراء کرام کا تذکرہ مرتب کیا ہے ۔ یہ مضامین اس سے پہلے ماہنا مہ” نوائے احتشام “میں بھی شائع ہوئے ہیں، رسالے کے آخر میں تجوید وقراء ت سے متعلق کتابوں کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے۔ یہ رسالہ 64 صفحات پر مشتمل ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ ملنے کا پتہ ہے: جامعہ احتشامیہ ،جیکب لائن، کراچی نمبر74400۔
Flag Counter