اخبار جامعہ
ادارہ
جامعہ فاروقیہ کی شاخ رفاہ عام میں تقریری مقابلہ
7 جون بروز جمعرات رفاہ عام سوسائٹی میں واقع جامعہ کی شاخ میں شعبہ تحفیظ اور ناظرہ کے بچوں کا تقریری مقابلہ ہوا جس میں مدرسے کے اساتذہ کرام مولانا عبدالله صاحب، مولانا قاری محمد امین صاحب اورقاری اعجاز صاحب وغیرہ نے طلبہ کی راہ نمائی کی، جامعہ فاروقیہ کراچی مرکز سے مولانا عمار خالد صاحب ،مولانا ولی الرحمن صاحب او رمفتی عثمان صاحب بھی پروگرام میں تشریف لے گئے اور طلبہ کرام کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
حضرت قاری جنید الرحمان صاحب کی وفات
حضرت مولانا قاری جنید الرحمان صاحب ( فاضل مظاہر العلوم سہارن پور) جو کہ جامعہ فاروقیہ کراچی کے اولین اساتذہ میں شمار ہوا کرتے تھے اور جامعہ علوم اسلامیہ میں بھی ایک عرصہ تک مدرس رہے، انتقال فرما گئے۔ انا لله وانا الیہ راجعون․
11 جون بروز پیر حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب ان کے علاقے(اُسامہ مسجد) کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی، نزد محمود آباد تشریف لے گئے او ران کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، اس موقع پر مفتی معاذخالد صاحب اور مولانا ولی الرحمن صاحب بھی حضرت زید مجدہ کے ہمراہ تھے۔
اصلاحی بیان
21 رجب بروز منگل حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب رئیس دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی نے تعلیمی سال کے اختتام پر طلبہ کرام میں اصلاحی والوداعی بیان فرمایا جو تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا، اخلاقی ، علمی اور اصلاحی حوالے سے حضرت نے طلبہ کرام کو اپنے قیمتی ملفوظات سے نہایت مؤثر انداز میں خوب خوب سیراب فرمایا۔
وفاق المدارس شعبہ تحفیظ کراچی کے امتحانات ختم
23 رجب کو کراچی شعبہ تحفیظ وفاق المدارس کے تحت شروع ہونے والے امتحانات کا سلسلہ مکمل ہوا۔ اس دوران 60 سنیٹروں میں 10 ہزار سے زائد طلبہ اور3400 سے زائد طالبات تحفیظ کے امتحانات میں شریک ہوئیں۔
وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا شمار دنیا کے چند عظیم ترین غیر سرکاری دینی تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، وفاق المدارس دراصل 16 سالہ دورانیہ پر مشتمل دینی تعلیم کا مستقل نصاب یافتہ ملک گیر ادارہ ہے، جس کے تحت ہزاروں مدارس وجامعات دینی تعلیم کے فروغ میں مصروف عمل ہیں۔
چناں چہ اس سال بھی 25 رجب بروز ہفتہ بمطابق16 جون سے وفاقی درجات کتب کے امتحانات کا آغاز ہوا جس میں پانچوں صوبوں سے آزاد کشمیر سمیت تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ امتحانی مراکز کی تعداد پورے پاکستان میں1466 جب کہ امتحانی عملہ کی تعداد8025 تھی۔
حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کی سفر ماریشس سے واپسی
27 رجب بمطابق18 جون حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ماریشس کے سفر سے واپس پاکستان تشریف لائے، دعوتی اور اصلاحی نوعیت کے اس دورے میں حضرت کی علماء کرام او راہل اسلام سے ملاقات کا سلسلہ رہا۔
حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر ملتان
3 شعبان بروز اتوار مطابق24 جون حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ ( صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان) وفاق المدارس کی امتحانی کمیٹی کے اجلاس او رملکی سطح پر ہونے والے سالانہ امتحانات کے پرچوں کی چیکنگ کی سرپرستی کے لیے ملتان تشریف لے گئے۔
اس سفر میں مولانا ساجد احمد صدوی صاحب (نگران شعبہ تخصص فی الحدیث) جامعہ فاروقیہ کراچی بھی حضرت کے ساتھ تھے۔
ادارہ معارف القرآن کے شہید علماء کرام کی تعزیت
9 شعبان المعظم بروز ہفتہ بمطابق30 جون حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب ادارہ معارف القرآن، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلزار ہجری تشریف لے گئے، اور مولانا عبدالوحید صاحب مہتمم ادارہ معارف القرآن سے اُن کے دو اساتذہ کرام مولانا انوار انجم صاحب اور مولانا جمیل قاسم صاحب جن کوگزشتہ ہفتے دہشت گردی کی ایک واردات میں شہید کردیا گیا تھا، ان کی تعزیت اور دعاء مغفرت فرمائی۔