Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رجب المرجب 1437ھ

ہ رسالہ

8 - 17
مسنون طریقہ زندگی اختیار کریں

ضبط وترتیب: محترم طارق محمود
	
صدر وفاق المدارس العربیہ حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خاں صاحب دامت برکاتہم العالیہ9/ صفر1437ھ بروز اتوار جامعہ بیت السلام لنک روڈ( کراچی) تشریف لے گئے، جہاں آپ نے جامعہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت فرمائی۔ حضرت نے اس موقع پر علماء وطلبہ کو قیمتی نصائح سے بھی نوازا۔ ذیل میں حضرت شیخ الحدیث صاحب دامت برکاتہم کا نصیحت افروز بیان پیش کیا جارہا ہے۔ (ادارہ الفاروق)

الحمدلله وکفی، والصلاة والسلام علی عبادہ الذین اصطفیٰ… امّا بعد!…
فاعوذ بالله من الشیطن الرجیم، بسم الله الرحمن الرحیم:﴿یَرْفَعِ اللَّہُ الَّذِیْنَ آمَنُوا مِنکُمْ وَالَّذِیْنَ أُوتُوا الْعِلْمَ دَرَجَات﴾․

وقال رسول الله صلی الله علیہ وسلم:
”فضل العالم علی العابد کفضلی علی ادناکم․“ وقال:”العلماءُ ورثة الانبیاء، والانبیاءُ لم یورِّثوا دیناراً ولادرھماً“ …۔(او کما قال علیہ السلام)

تین باتیں عرض کرنی ہیں:
پہلی یہ کہ آج یہاں کا یہ اجتماع جس ترتیب کے ساتھ، حسن اور خوب صورتی کے ساتھ اول سے لے کر آخر تک چلتا رہا، اس پر میں یہاں کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اس کے بعد دوسری بات مجھے یہ عرض کرنی ہے کہ یہ طلبہ جو ہمارے مدارس میں اور خود یہاں علم دین حاصل کر رہے ہیں اور شریعت کے علوم سے بہرہ ور ہو رہے ہیں، یہ بڑے خوش نصیب ہیں، بڑے خوش قسمت ہیں، الله تبارک وتعالی نے حضرات انبیا علیہم السلام کو جو علم عطا فرمایا ہے یہ وہ علم حاصل کر رہے ہیں اور سید الاولین والآخرین جناب رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی وراثت سے یہ خوش نصیب بن رہے ہیں۔ آپ کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی زندگی اخلاق کے ساتھ، اعمال کے ساتھ، عزیمت کے ساتھ، ہمت وحوصلے کے ساتھ اور قربانیوں کے ساتھ اس دنیا کے اندر گزری ہے، تو اب اگر ہم نبی پاک صلی الله علیہ وسلم کے وارث ہیں تو یہ ضروری ہو گا کہ وہ اعمال اور وہ اخلاق جو نبی پاک صلی الله علیہ وسلم کو الله پاک نے عطا کیے تھے وہ ہمارے اندر پائے جائیں اور اگر وہ اخلاق اور وہ اعمال ہمارے اندر موجود نہیں ہیں تو چاہے ہم کتنی کتابیں پڑھ لیں، چاہے ہم کتنی کتابیں لکھ لیں، آپ یقین کریں ہم عالم کہلانے کے مستحق نہیں ہیں، عالم وہی ہوتا ہے جو باعمل ہوتا ہے، جو آدمی باعمل نہیں ہے وہ عالم نہیں ہے…،اس لیے اگر آپ کو اپنے علم کی قدر کرنی ہے، اپنے علم کی عظمت اور حرمت کی حفاظت کرنی ہے تو آپ کو عمل والی زندگی گزارنی ہو گی۔ اس کے بغیر آپ عالم نہیں ہیں۔

تیسری بات مجھے یہ عرض کرنی ہے کہ آج بہت سے فتنے ہمارا چاروں طرف سے احاطہ کر رہے ہیں، ہم ان فتنوں کے گھیرے میں داخل ہیں۔ ان فتنوں میں سے ہمارے پاس آج ایک صورت یہ پیدا ہو گئی ہے کہ بہت سے نام نہاد علما، چاہے وہ کتنے بھی مشہور ہیں، کتنی بھی ان کی عزت ہے، لیکن وہ فتنوں کا شکار ہو گئے ہیں اور نئے نئے طریقے جو سنت کے خلاف ہیں اور نئے نئے طریقے جو نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے طریقوں کے خلاف ہیں ان کو اختیا رکرنا شروع کر دیا ہے تو آپ کو اس بات کا بہت اہتمام کرنا چاہیے کہ سنت والی زندگی گزاریں اور سنت کے خلاف جو صورتیں اختیار کی جارہی ہیں انہیں کچل دیں، ان کو پھینک دیں، ان سے نفرت اختیار کریں اور کسی کے بڑے نام کی وجہ سے دھوکے میں نہ آئیں۔ الله تبارک وتعالیٰ ہماری ان کوششوں کو قبول فرمالیں۔

Flag Counter