Deobandi Books

نسبت مع اللہ کی عظیم الشان دولت

ہم نوٹ :

27 - 34
حکیم الامت رحمۃ اﷲ علیہ کے طریقے پر ہوگا کہ اہل اللہ سے جو ذکر پوچھو اس میں ناغہ نہ     کرو۔ اگر نفس کہے کہ آج ناغہ ہے تو نفس کو کھانا نہ دو، جسم کو فاقہ کراؤ، اگر نفس روح کو فاقہ کرارہا ہے تو تم بھی جسم کو فاقہ کراؤ۔
نمبر تین، زہر نہ کھاؤ یعنی گناہ نہ کرو۔ کتنی ہی مرغیوں کا سوپ پی لو، سیب کا جوس پی لو مگر بتاؤ کہ زہر کھانے کے بعد طاقت رہے گی یا نہیں؟ اسی طرح گناہ کرکے اللہ کے غضب کے، اﷲ کے قہر کے اعمال کے ہوتے ہوئے ولایت اور دوستی کا خواب دیکھنے سے بڑھ کر کیا گدھا پن ہوسکتا ہے۔ اﷲ کی ناراضگی اور قہر و غضب کے ساتھ کوئی ان کا دوست نہیں بن سکتا۔ اسی لیے بزرگوں نے فرمایا کہ اِصْرَارْ عَلَی الْمَعْصِیَۃِ کے ساتھ اگر کوئی ولایت اور نسبت مع اللہ کا خواب دیکھتا ہے تو یہ نسبت نہیں ہے یہ ملکۂ یادداشت ہے، ذکر کی حرارت سے اس کو ایک ملکہ حاصل ہوگیا لیکن اس کا نام نسبت نہیں ہے، نسبت نام ہے تعلق طرفین کا یعنی بندے کو اللہ تعالیٰ سے تعلق ہو اور اللہ تعالیٰ کو بھی بندے سے تعلق ہو، گناہوں کی وجہ سے حق تعالیٰ کی نگاہِ عنایت سے محروم نہ ہو ورنہ پھر نسبت کہاں رہی، اور اللہ تعالیٰ کو بندے سے جبھی تعلق ہوسکتا ہے جب وہ اللہ تعالیٰ کے غضب اور قہر کے اعمال سے اپنے کو دور کرے۔ اگر کوئی غلطی ہوجائے تو استغفار و توبہ کرکے فوراً اس کی تلافی کرے اور اپنے بزرگوں سے پوچھے کہ ہم اس گناہ کی تلافی کیسے کریں، خیرات، صدقات دے اور نفلیں پڑھے۔ 
حکیم الامت رحمۃ اﷲ علیہ کی کتاب ’’تربیت السالک‘‘ میں ہے کہ ایک گناہ کبیرہ پر ستر روپیہ خرچ کرو اور پچاس اور سو رکعات نفل پڑھو اور جس کپڑے میں گناہ ہوا اس کو بھی خیرات کردو، جس چٹائی پر گناہ ہوا ہو اسے بھی خیرات کردو۔  جس وقت مدینہ شریف میں شراب حرام ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے شراب کےمٹکوں کو بھی تُڑوا دیا کہ جن برتنوں میں شراب ہو ان کو بھی باقی نہ رکھو ایسا نہ ہو کہ ظرف دیکھ کر مظروف یاد آجائے۔
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ جن لوگوں سے گناہِ کبیرہ ہو ان کی توبہ کا یہ طریقہ ہے کہ وہ جنگل میں چلے جائیں، یہ اللہ والوں کا پسندیدہ درجہ ہے، جنگل میں چلے جاؤ جہاں کوئی انسان نہ ہو اور مصلّٰی بھی نہ بچھاؤ، باوضو رہو، صاف زمین پر نماز پڑھو اور اس کے بعد ٹوپی کو اُتارو اور مٹی کو اپنے بالوں میں ڈال لو، مٹی کو اپنے منہ پر مل لو، ہاتھ پر مل لو، اپنے اوپر بھی 
Flag Counter