Deobandi Books

ماہنامہ الحق جنوری فروری 2014ء

امعہ دا

84 - 89
ادارہ
تعارف و تبصرہ کتب 


n 	 شرح صحیح مسلم  ……  تالیف حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی 
	''شرح صحیح مسلم'' جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے سابق مدرس اور جامعہ ابوہریرہ کے مہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی مدظلہم کا تازہ ترین علمی' تحقیقی اور تاریخی کارنامہ ہے۔ مولانا حقانی کو شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق صاحب قدس سرہ العزیز کی خصوصی شفقت و عنایت، توجہ و تربیت اور اُن کا قربِ خاص حاصل رہا۔ شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق مدظلہم نے انہیں ہاتھ میں قلم پکڑوایا، مولانا حقانی نے اس کی لاج رکھ لی۔ وقت کی حفاظت اور اپنے علمی مشاغل کا اہتمام ان حضرات کی صحبت وخدمت کا ثمرہ ہے۔
	 مولانا عبدالقیوم حقانی درس و تدریس' وعظ و تبلیغ' ماہنامہ القاسم کی ادارت' جامعہ ابوہریرہ کے اہتمام کے دشوار کام کیساتھ ساتھ جس طرح اپنے تصنیفی شغل کو جاری رکھے ہوئے ہیں دسیوں موضوعات پر بیسیوں کتب بالخصوص علمِ حدیث کے حوالے سے شیخ الحدیث مولانا عبدالحق قدس سرہ کے امالیٔ ترمذی ''حقائق السنن'' کی ترتیب وتالیف،''توضیح السنن شرح آثار السنن'' اور ''شرح شمائل ترمذی'' کے بعد ''شرح صحیح مسلم'' کے صرف مقدمہ و رجال کے مباحث و تذکرے دو مبسوط جلدوں میں ایک محققانہ، جامع، مکمل علمی سوغات منظر عام پر لے آئے ہیں۔ یہ تو ابھی ''شرح صحیح مسلم'' کا آغازِ کار ہے، کتاب الایمان پر تین جلدیں تیار ہوچکی ہیں اور کتاب الطہارت پر کام جاری ہے 
''شرح صحیح مسلم'' میں مؤلف نے حدیث و فقہ کے علمی نادر مباحث، بیانِ مذاہب، دلائل اور مذہبِ راجح کے وجوہِ ترجیح، حلّ نسخہ، مشکل لغات کی توضیح اور معرکة الآراء موضوعات پر محدثانہ، فقیہانہ اور حکیمانہ گفتگو کی ہے۔ تمام تر مباحث میں علمائِ دیوبند کے مزاج و مسلکِ اعتدال کے عین مطابق جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ رکھ کر خالص درسی اور تدریسی انداز میں علمی جواہرات کو مرتب کیا ہے۔ دوسری جلد میں فن اسماء الرجال' علمِ جرح و تعدیل کا تعارف' اس حوالے سے متعدد عنوانات کے تحت سیرِحاصل علمی مباحث، محدثانہ تحقیقات کا گلدستہ تیار فرمایا ہے۔ 
	جلد ثانی (٢٩٧) راویانِ مقدمہ صحیح مسلم کے مفصل حالات، فضل و تفوق، حیرت انگیز کمالات اور ایمان افروز واقعات کا حسین مرقع ہے۔ 
''شرح صحیح مسلم'' اُردو زبان میں ایک نہایت ہی مفید' جامع اور معلومات افزاء تالیف ہے۔ کتاب میں علم و تحقیق کی گہرائی بھی ہے اور زبان و بیان کی رنگینی بھی جو مؤلف کی ذہانت و طباعت کا عمدہ کا نمونہ ہے۔
Flag Counter