اخبار جامعہ
ادارہ
فضلائے کرام کی دستاربندی
28 جمادی الثانیہ بمطابق9 مئی2013ء بروز جمعرات جامعہ فاروقیہ کراچی میں دستار بندی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 392 فضلاء کرام کی دستار بندی ہوئی، حسب معمول تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا، صبح نو بجے ہی اعلان ہوا اور فضلائے کرام اساتذہ اور طلبہ مسجد میں جمع ہوگئے، تلاوت اور نعت کے بعد حضرت شیخ الحدیث صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ نے فضلائے کرام میں مختصر بیان فرمایا، اس کے بعد حضرات اساتذہ حدیث حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، حضرت مولانا عبدالرزاق صاحب، حضرت مولانا نور البشر صاحب، حضرت مولانا محمد عظیم صاحب ، مفتی سمیع الله صاحب، مفتی عبدالباری صاحب نے طلبہ کرام کے سروں پر دستار فضیلت رکھی، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب (ناظم تعلیمات) نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
دستار بندی کا دن کسی بھی جامعہ کے لیے وہی حیثیت رکھتا ہے جو کسی زمین دار کے لیے فصل پکنے کا وقت، جب محنتوں، مشقتوں اور رَت جگوں کے بعد بالآخر فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے اور زمین دار اپنی فصل کو لہلہاتے دیکھ کر اس قدر مسرور ہوتا ہے کہ وہ کیفیت بیان سے باہرہوتی ہے اور اسی کیفیت کو قرآن مجید نے تمثیل کے طور پر کچھ اس طرح ذکر فرمایا ہے، کمثل زرعٍ اخرج شطئہ فازرہ فاستغلظ․
اور یہ دن ہر فاضل کے لیے ایک یوم عہد ہوتا ہے کہ اس کے سر پر محض کپڑے کا ایک خرقہ نہیں بلکہ ذمے داری ، سپہ سالاری اور عزیمت کی امانت رکھی جاتی ہے اور پھر آئندہ وقت گواہی دیتا ہے کہ کس نے اس امانت کا کتنا لحاظ کیا۔
حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر پنجاب
13 مئی2013ء بمطابق2 رجب بروز پیر حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ دورہٴ پنجاب کے لیے روانہ ہوئے، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ( ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ کراچی) بھی اس سفر میں حضرت کے ہمراہ تھے ۔ اولاً یہ حضرات بہاولپور پہنچے جہاں ایئر پورٹ پر مولانا مفتی مظہر اسعدی صاحب ( مہتمم جامعہ اسعد بن زرارہ) مولانا شمس الدین صاحب ( جامعہ نظامیہ) اور دیگر علماء کرام نے استقبال کیا۔ بعد ازیں جامعہ اسعد بن زرراہ تشریف لے گئے جہاں بعد نماز مغرب حضرت شیخ زید مجدہ کا بیان ہوا۔ دوردراز سے آنے والے علماء کرام نے حضرت سے ملاقاتیں کی۔ جن میں مولانا عبدالمجید لدھیانوی (امیر عالمی مجلس ختم نبوت) مولانا ظفر احمد قاسم، مولانا محمد نواز، مولانا ارشاد احمد، مولانا عمر قریشی شامل تھے۔
14 مئی2013ء بہاولپور سے یہ حضرات لودھراں تشریف لے گئے جہاں مولانا الله بخش صاحب ( صدر مدرس جامعہ سراج العلوم، لودھراں) سے ان کے مرحوم بھائی کی تعزیت کی اور پھر یہ حضرات مرکزی دفتر وفاق المدارس العربیہ ملتان پہنچے… جہاں قاری محمد حنیف جالندھری صاحب اور دیگر عملہٴ دفتر نے ملاقاتیں کیں۔
اساتذہ کرام کی آخری ماہانہ مشاورت
19 مئی8 رجب بروز اتوار جامعہ کے مہمان خانے میں حضرات اساتذہ کرام کی آخری ماہانہ مشاورت منعقد ہوئی، جس میں آئندہ تعلیمی سال کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، مثلاً آئندہ سال 7شوال1434ھ سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو گا ( ان شاء الله)
اسی طرح معہد اللغة العربیہ کے تمام درجات جامعہ فاروقیہ فیزII منتقل کیے جانے کا بھی فیصلہ ہوا۔
شعبہ تحفیظ وفاق المدارس (کراچی) کے ممتحنین کی تربیتی نشست
بروز پیر 20 مئی2013ء بعد نماز ظہر جامعہ کے مہمان خانے میں وفاق المدارس ( شعبہ تحفیظ کراچی) کے منتخب ممتحنین حضرات کے لیے تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں محترم جناب تحسین منظر صاحب نے تربیتی امور کے حوالے سے نہایت مفید اور مؤثر بیان فرمایا، بعد ازیں مولانا عمار خالد صاحب ( مسئول وفاق المدارس شعبہ تحفیظ) نے امتحانی نظم ونسق،طریقہ کار اور تیکنیکی امور ممتحنین کے سامنے رکھے اس تربیتی نشست میں مذکورہ امور سمجھانے کے لیے پروجیکٹر سے بھی کام لیا گیااور بغیر تصویری شکلوں کے نہایت مؤثر اور عمدہ طریقے پر تمام امتحانی مراحل کو سمجھایا گیا، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب مدظلہ کی دعاء پر یہ تربیتی نشست مکمل ہوئی۔
سفرعمرہ
جامعہ کے اساتذہ حدیث حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب ( رئیس دارالافتاء) اور حضرت مولانا عبدالرزاق صاحب اپنے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سعادت عمرہ حاصل کرنے حرمین شریفین کے سفر پر روانہ ہوئے۔
شعبہ تحفیظ کے امتحانات
جامعہ فاروقیہ مرکز اور شاخ رفاہ عام سوسائٹی میں مفتی عبدالحفیظ صاحب ( مدرس جامعہ) نے شعبہ تحفیظ کا امتحان لیا۔ اسی طرح جامع مسجد محمد بن قاسم(شاخ جامعہ) میں قاری اعجاز صاحب، قاری عبدالخالق صاحب ، قاری سلیم صاحب، اور قاری شیر احمد صاحب ( مدرسین رفاہ عام) نے امتحانات لیے اور جامعہ فاروقیہ فیزII میں مولانا محمد مزمل صاحب، مولانا محمد عبدالله صاحب، مفتی عطا ء الرحمان صاحب ، مولانا مبشر صاحب اور قاری محمدیوسف صاحب نے امتحان لیا۔
تقریب تکمیل حفظ وناظرہ
12 مئی2013ء کو جامعہ فاروقیہ فیزII میں حضرت شیخ الجامعہ زید مجدہ کی زیر صدارت تکمیل حفظ وناظرہ اور دستار بندی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 29 حفاظ کرام30 ناظرہ کے بچے شامل تھے۔
اس تقریب میں ، بچوں کی تقریریں، نعتیں اور نظمیں اور علمی وتعلیمی مکالمے بھی ہوئے، جامعہ سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب سمیت دیگر اساتذہ جامعہ نے شرکت کی باہر سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کی کثیر تعداد بھی اس تقریب میں شریک رہی۔
تعمیرجامع مسجد محمد بن قاسم فیزII ودارالقرآن
جامعہ فاروقیہ فیزII کی جامع مسجد محمد بن قاسم کی تعمیر کا کام زورں پر ہے اور تہ خانے کی تعمیر کے بعد اب پہلی منزل کا کام بھی تیزی سے جاری ہے،100 ستون مکمل او رچھت بھی عنقریب ڈال دی جائے گی۔
اسی طرح دارالقرآن کی تین منزلہ شاندار عمارت کا افتتاح بھی ان شاء الله اس رمضان میں متوقع ہے۔ قارئین کرام جان ومال اور دعاؤں سے ضرور تعاون فرمائیں۔
فتاوی محمودیہ کی چھٹی اشاعت
طویل انتظار کے بعد شائقین علوم نبوت نے یہ خوش خبری سنی کہ فتاوی محمودیہ کا چھٹا ایڈیشن ادارہ الفاروق او رملک بھر کے مکتبوں کی زینت بن چکا ہے اور فروخت جاری ہے۔