Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شعبان المعظم 1434ھ

ہ رسالہ

1 - 17
راحت رساں زندگی
مولانا عبید اللہ خالد
انسان کو اس دُنیا میں اکیلا نہیں بھیجا گیا نہ انسان اس دنیا میں تنہا زندگی گزار سکتا ہے ۔ انسانوں کے ساتھ رہنااور زندگی بسر کرنا انسان کی ضرورت ہے اور اس کی سرشت میں شامل بھی۔ اسی بنا پر اسلام نے بھی ایسے اصول شریعت میں وضع کیے ہیں جو انسان اور انسان کے درمیان تعلق کی وضاحت کرتے ہیں۔

بلاشبہ انسان کو الله کی عبادت کے لیے زمین پر بھیجا گیا ہے اس لیے بعض اوقات یہ غلط فہمی ہو جاتی ہے کہ شاید الله تعالیٰ کی براہ راست حمد وثنا ہی عبادت ہے اور انسانوں کے ساتھ تعلق خاطر، دنیا داری ہے۔ لیکن شریعت واضح طور پر ہمیں یہ بتاتی ہے کہ انسانوں کے ساتھ خیر اور بھلائی کا معاملہ کرنا اوراپنے تعلقات کو دُرست رکھنا بھی عین عبادت ہے۔

اسلامی تعلیمات کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ یہ پہلو اتنا اہم ہے کہ ایک مسلمان کا دوسرے لوگوں کے ساتھ تعلق کا انداز یہ واضح کرتا ہے کہ خود الله تعالیٰ کا اس مسلمان کے ساتھ کیا معاملہ ہو گا۔ چناں چہ یہ بات بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کر دینی چاہیے کہ آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ جیسا معاملہ کریں گے الله تعالیٰ بھی آپ کے ساتھ ویسا ہی معاملہ فرمائیں گے۔

اپنے جاننے والوں اور شتے داروں وغیرہ سے اچھا برتاؤ، اصطلاحاً صلہٴ رحمی کہلاتا ہے جب کہ بُرا برتاؤ قطع رحمی ہے، شریعت میں صلہٴ رحمی کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ صلہٴ رحمی کرنے پر انسان کی دُنیا وی زندگی میں اور رزق میں برکت ووسعت پیدا کر دی جاتی ہے صلہٴ رحمی کرنے والے کی عزّت لوگوں کے دلوں میں بڑھادی جاتی ہے اور صلہٴ رحمی کرنے والے کو سکون میسر آتا ہے۔

اس کے برخلاف، قطع رحمی ایک ایسا شدید گناہ ہے جس کی وجہ سے انسان جنت سے محروم کر دیا جاتا ہے ۔ نیز، حدیث شریف سے پتا چلتا ہے کہ قطع رحمی اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس کی سزا آخرت کے علاوہ دُنیا میں بھی ملتی ہے۔ قطع رحمی کرنے والے کا رزق تنگ رہتا ہے اور پریشان حال۔ ایسا فرد خاندانی جھگڑوں، اندرونی کڑھن بے جا گھٹن اور پے درپے تشویش کا شکار ہتا ہے۔

انسان کو الله تعالیٰ نے اگرچہ آخرت کی آزمائش کے ساتھ اس دنیا میں بھیجا ہے مگر وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ اس کا بندہ اپنے عمل کے ذریعے اس دنیا کو بھی جنت نما بنا دے یہی وجہ ہے کہ تمام شرعی احکام انسان کی دنیوی زندگی میں بھی بہتری اور سکون لاتے ہیں اور صلہٴ رحمی ان احکامات میں سر فہرست ہے کیوں کہ صلہٴ رحمی ہی وہ واحد عمل ہے جس کے ذریعے ایک انسان دوسرے انسان کے لیے راحت رساں بن سکتا ہے پھر زندگی پُرراحت اور پر سکون ہو جاتی ہے۔
Flag Counter