Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الثانی 1433ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم سے
	

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

منتخب لغات قرآن
تالیف: مولانا محمد نسیم بارہ بنکوی
صفحات:552 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ دارالہٰدی، اردو بازار، کراچی
دارالعلوم دیوبند کے استاد تفسیر وادب مولانا مفتی محمد نسیم صاحب بارہ بنکوی نے یہ کتاب قرآن مجید کی سورتوں اور آیتوں کی ترتیب کے اعتبار سے قرآن کریم کے منتخب الفاظ وکلمات کی تحقیق وتشریح کے سلسلے میں مرتب کی ہے، کتاب کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے ”حرف آغاز“ میں وہ لکھتے ہیں:
”۱۔ اس میں قرآنی کلمات کی توضح وتشریح سورتوں اور آیتوں کی ترتیب کے اعتبار سے ہے ۔ جس کی وجہ سے استفادہ کرنا نہایت آسان ہے۔ اس انداز پر سب سے پہلی کتاب جو میری نظر سے گزری ہے وہ” کلمات القرآن“ ہے۔ یہ مصر کے سابق مفتی شیخ حسنین محمد مخلوف کی لکھی ہوئی ہے ۔ جو بہت مختصر او رعمدہ کتاب ہے۔ اپنی اس تالیف کے سلسلے میں راقم الحروف نے اس سے بھی استفادہ کیا ہے ۔ منتخب لغات القرآن میں ہر لفظ سے پہلے دائیں جانب آیت نمبر درج کر دیا گیا ہے ۔ ہر کلمہ کے سامنے بائیں جانب اس کی توضیح وتشریح ہے ۔ جس میں سب سے پہلے الفاظ کے معانی لکھے گئے ہیں ۔ الفاظ کی لغوی اور صرفی تحقیق کرتے ہوئے افعال کے ابواب اور صیغوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ اسماء کے واحد اور جمع کی وضاحت بھی کر دی گئی ہے ۔ بعض اسماء او رافعال کے مادوں کو بھی بیان کر دیا گیا ہے۔ اس کتا ب میں حل لغات کے ساتھ نحوی ترکیب کا ایک ذخیرہ بھی موجود ہے ۔ بعض مقامات میں حسب ضرورت تفسیری مباحث بھی ذکر کیے گئے ہیں ۔ حضرت انبیاء علیہم السلام کے مبارک حالات سے بھی اس کتاب کو زینت بخشی گئی ہے ۔۔ بہت سے مقامات میں آپ کو الفاظ کا تکرار نظر آئے گا۔ اس سلسلے میں عرض یہ ہے کہ جن الفاظ کی تشریح مختصر ہے ان کو مکرر لانے میں توسع سے کام لیا گیا ہے۔ تاکہ زیادہ ورق گردانی کی زحمت نہ ہو ۔ البتہ جن کلمات میں تفصیل کچھ زیادہ ہے ۔ ان کے دوبارہ آنے پر سابق تشریح کا حوالہ دے دیا گیا ہے۔ ۱۱۔ اس کتاب کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ کلمات کی تشریح میں اتباع سلف کا بہت اہتمام کیا گیا ہے۔ جو تشریح قرآن کی حقیقی روح ہے ۔ اسی وجہ سے یہ کتاب تفسیر کی مستند او رمعتبر کتابوں کے حوالوں سے مزین ہے۔ اس کتاب میں کلمات قرآن کے معانی ترجمہ ٴ حضرت شیخ الہند (مولانا محمو دحسن صاحب دیوبندی رحمة الله علیہ ) اور ترجمہٴ حکیم الامت (مولانا اشرف علی تھانوی رحمة الله علیہ) سے ماخوذ ہیں۔ اور الفاظ کی توضیح وتشریح کے مآخذ عربی تفسیروں میں تفسیر بیضاوی، تفسیر جلالین، تفسیر مظہری اور تفسیر قرطبی ہیں۔ اور اردو تفسیروں میں اس کے مآخذ بیان القرآن( حضرت تھانوی رحمة الله علیہ) معارف القرآن ( حضرت مفتی محمد شفیع صاحب دیوبندی رحمة الله علیہ) تفسیر عثمانی ( علامہ شبیر احمد عثمانی رحمة الله علیہ) تفسیر ماجدی ( مولانا عبدالماجد دریابادی رحمة الله علیہ) وغیرہ ہیں۔ اوراس کتاب میں مذکورہ تفسیروں کے حوالے بھی موجود ہیں او رترکیب نحوی کے سلسلے میں اعراب القرآن سے بھی استفادہ کیا گیا ہے ، جو مشہور شہر حمص کے ممتاز عالم شیخ محی الدین درویش کی لکھی ہوئی ہے۔ یہ اپنے موضوع پر بہت عمدہ کتاب ہے ، حضرت انبیاء علیہم السلام کے اکثر حالات قاموس القرآن اور قصص القرآن (قاضی زین العابدین صاحب میرٹھی رحمة الله علیہ) سے تلخیص کے ساتھ ماخوذ ہیں۔“
کتاب کی جلد بندی، کمپوزنگ اور طباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔
صرف پانچ منٹ کا مدرسہ
مرتبین: علماء دینیات اسکول، ممبئی ، ہند
صفحات: حصہ اول410، حصہ دوم:413، سائز:23x36=16
ناشر: دارالہٰدی، اردو بازار، کراچی
زیر نظر کتاب میں اسلامی مہینوں کے اعتبار سے ہر دن کے لیے قرآن وحدیث سے دین کی دس اہم اور ضروری باتیں مرتب کی گئی ہیں اور ان کے عنوانات ہیں، اسلامی تاریخ، الله کی قدرت میں، دنیا کے بارے میں ، آخرت کے بارے میں، طب نبوی سے علاج ، قرآن کی نصیحت۔ اس کتاب کے دو حصے ہیں، حصہ اول میں چھ سال کے اول مہینے محرم الحرام تا جمادی الثانیہ اور حصہ دوم میں آخری چھ مہینے رجب المرجب تا ذی الحجہ شامل ہیں اور ہر مہینے کے پورے تیس دنوں کے لیے مذکورہ دس باتیں مرتب کی گئی ہیں، حوالہ جات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ یہ کتاب مسجد، مدرسہ، اسکول، کالج، گھر او ردفتر ہر جگہ کے لیے مفید ہے اور اس کے ذریعے مختصر سے وقت میں دین کی اہم اور بنیادی باتیں نہایت آسانی کے ساتھ سیکھی جاسکتی ہیں، کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
شعب الایمان
تالیف: مولانا خلیل الرحمن
صفحات:300 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
علامہ عینی رحمة الله علیہ نے ”عمدة القاری“ میں حدیث ”الإیمان بضع وسبعون شعبة“ کے تحت ایمان کے ستتر شعبے شمار کیے ہیں او رایک مخصوص انداز واسلوب میں انہوں نے ان کو تقسیم کیا ہے ۔ زیر نظر کتاب میں اسی ترتیب کو پیش نظر رکھ کر شعب الایمان کی مختصر وجامع تشریح وتوضیح بیان کی گئی ہے او ر اس میں حوالہ دینے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ کتاب کے بیک ٹائٹل پر اسے شعب الایمان کے متعلق علامہ عینی کی مشہور کتاب کا خلاصہ قرار دیا گیا ہے لیکن کتاب کے خطبے اور پیش لفظ سے اس کی تردید ہوتی ہے او راس میں یہی مذکور ہے جیسا کہ ہم نے بیان کیا ہے کہ اس کتاب میں ”عمدہ القاری“ میں ذکر کردہ شعب الایمان کی ترتیب کو سامنے رکھ کر ایمان کے ستتر شعبوں کی مختصر وجامع تشریح کی گئی ہے۔ کتاب بہت نافع ومفید ہے اور اعمال وعقائد کی اصلاح کے لیے عوام واہل علم سب کو اس کا مطالعہ کرناچاہیے۔ کتاب کا معیار طباعت بلند اور جلدبندی مضبوط ہے۔
اپنی نمازیں درست کیجیے
اس کتابچے میں نماز کی تیاری کا طریقہ اور مسجد جانے کے آداب ودعائیں، تعدیل ارکان کی اہمیت اور نماز میں سکون واطمینان پیدا کرنے کے طریقے، فرض نمازوں او رنوافل کے اندر مانگی جانے والی ماثور دعائیں شامل کی گئیں ہیں۔ مولانا محمد حنیف عبدالمجید نے اسے مرتب کیا ہے اور یہ کتابچہ عمدہ کاغذ پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ چھپا ہے۔
تعلیم الصیغہ تعریب علم الصیغہ
مترجم: طاہر صدیق
صفحات:145 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبة الرشید،36/G لانڈھی، بلاک نمبر3، کراچی
یہ درس نظامی کے نصاب میں داخل فن صرف واشتقاق کی مشہور ومعروف کتاب” علم الصیغہ کا عربی ترجمہ ہے۔ اس کتاب کی اصل زبان فارسی ہے او راب روز بروز فارسی زبان سے دوری بڑھتی جارہی ہے اور ہمارے اس خطے میں اس کا رواج باقی نہیں رہا، طلبہ بھی عموماً اس سے نامانوس ہوتے جارہے ہیں ، اس ضرورت کے پیش نظر دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا طاہر صدیق نے اس کی تعریب کی ہے، قبل ازیں اس کا عربی ترجمہ جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل و سابق استاذ حدیث حضرت مولانا ولی خان المظفر نے بھی کیا ہے۔
کتاب کا کاغذ اعلیٰ ہے اور غیر مجلد چھپی ہے۔ 
Flag Counter