Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الثانی 1433ھ

ہ رسالہ

17 - 18
اخبار جامعہ
	

ادارہ

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی مصروفیات
21 صفر المظفر بروز پیر کو حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ وفاق المدارس کی نصابی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ملتان روانہ ہوئے ملتان سے واپسی پر ایئرپورٹ سے سیدھے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی تشریف لے گئے، جہاں ہندوستان سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمان شیخ العرب والعجم حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی  کے صاحبزادے حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم سے ملاقات فرمائی۔ اس سفر میں حضرت مولانا خلیل احمد صاحب حضرت زید مجدہ کے ہمراہ رہے۔

صدمہ وصال
23 صفر المظفر بروز بدھ حضرت شیخ زید مجدہ کی نسبتی بہن اورحضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کی خالہ انتقال فرماگئیں۔ انالله وانا الیہ راجعون․

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ نے مظاہر العلوم حیدر آباد میں ان کی نماز جنازہ پڑھائی، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ،مفتی معاذ خالد صاحب اور مفتی حماد خالد صاحب بھی جنازے میں شریک تھے۔

مہمانوں کی آمد
یکم ربیع الاول بروز بدھ لاہور سے مشہور مقرر اور عالم دین حضرت مولانا امجدخان صاحب تشریف لائے او راساتذہ کرام سے ملاقات کی۔

اسی طرح کوئٹہ سے معزز مہمان فاضل جامعہ حضرت مولانا قاضی انور صاحب ( سینئر جج کوئٹہ ہائی کورٹ) بھی تشریف لائے۔

ساؤتھ افریقا کے مشہور عالم دین مفتی اسماعیل صاحب بھی تشریف لائے ان کے ہمراہ مولانا عبدالرحمان سندھی صاحب، مہتمم جامعہ عمر اور حضرت مولانا اسدالله صاحب بھی تھے ۔

2ربیع الاول26 جنوری بروز جمعرات جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب ( چیئرمین کشمیر کمیٹی) جامعہ فاروقیہ کراچی تشریف لائے او رحضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ سے ملاقات فرمائی اور اگلے روز کی ”اسلام زندہ باد کانفرنس“ کی دعوت کے ساتھ ساتھ دعاؤں کی درخواست بھی کی حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ نے اتحاد اور اتفاق کے حوالے سے نہایت مؤثر گفت گو اور نصیحت فرمائی۔ اس موقع پر سینیٹرمولانا ڈاکٹر خالد محمود سومرو، مولانا لطف الرحمان (سابق وزیرساحت) بھی ہمراہ تھے۔

اسلام زندہ باد کانفرنس میں شرکت
جامعہ فاروقیہ کراچی کی طرف سے کانفرنس میں شرکت کے لیے حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ کی سربراہی میں ایک قافلہ روانہ ہوا۔ اس موقع پر حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب بھی ہمراہ تھے دیگر اساتذہ میں مفتی عبدالواحد صاحب، مفتی معاذ خالد صاحب،مولانا عمار خالد صاحب، مولانا ولی الرحمن صاحب، مولانا عارف صاحب بھی شامل تھے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر علماء کرام نے حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا پُرتباک استقبال کیا چوں کہ تین منزلہ اسٹیج پر پہنچنا حضرت شیخ زید مجدہ کے لیے علالت اور معذوری کی وجہ سے ممکن نہ تھا ، لہٰذا دعائیہ کلمات فرمانے کے بعد کچھ دیر ٹھہرکر یہ حضرات بخیریت واپس تشریف لے آئے۔

مہمانوں کی آمد
5 ربیع الاول بروز اتوار سانحہٴ25 محرم الحرام میں شہید طالب علم احمد قمر رحمة الله علیہ کے والد مولانا قمر الدین صاحب اور بلوچستان کے مشہور عالم مولانا فیض محمد صاحب جامعہ تشریف لائے اورحضرت شیخ الحدیث زید مجدہ سے ملاقات کی۔

6 ربیع الاول حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کے شاگرد قاضی ہارون صاحب تشریف لائے۔ جامعة الرشید کے استاذ حدیث حضرت مولانا مفتی محمد صاحب ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر اشفاق قاضی کی شہادت
7ربیع الاول بروز منگل 31 جنوری ڈاکٹر اشفاق قاضی صاحب کو دہشت گردوں نے شہید کر دیا۔ ڈاکٹر صاحب اہل حق علماء کرام کے بڑے قدر دان اور دینی مدراس اور جامعات کے بڑے خیر خواہ سمجھے جاتے تھے۔ حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ جنازے میں جامعہ کی طرف سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، مولانا محمدیوسف افشانی صاحب اور مولانا محمد انور صاحب شریک ہوئے۔

اصلاحی بیان
7 ربیع الاول بروز منگل جامعہ میں حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب دامت برکاتہم نے اصلاحی بیان فرمایا۔ جس میں جامعہ کے تمام طلبہ کرام نے شرکت کی، بیان میں اساتذہ کرام بھی شریک ہوئے۔

فیجی آئی لینڈ سے مہمانوں کی آمد
8 ربیع الاول فیجی سے آئے ہوئے معزز مہمان جناب مفتی زعیم صاحب اپنے دیگر احباب کے ہمراہ جامعہ تشریف لائے او رحضرت شیخ زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی ،یہ حضرات جامعہ فاروقیہ فیزII بھی تشریف لے گئے او رتعمیراتی او رتعلیمی امور کا جائزہ لیا، اس موقع پر مفتی حماد خالد صاحب بھی ہمراہ تھے۔

تعزیت
9 ربیع الاول بروز جمعرات حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، مولانا محمدیوسف افشانی صاحب ، مولانا محمد انور صاحب اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، شہداد پور تشریف لے گئے او رحضرت مولانا محمد سلیم صاحب (ناظم اعلیٰ جامعہ حسینیہ شہداد پور) سے ان کے صاحبزادے ( جو 27 جنوری بروز جمعہ) انتقال فرما گئے تھے کی تعزیت کی۔

حضرت مولانا سمیع الحق صاحب کی جامعہ آمد
حضرت مولانا سمیع الحق صاحب ( سربراہ جمعیت علماء اسلام(س) مہتمم دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک) جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ سے ملاقات کی، حضرت شیخ زید مجدہ نے علماء کے اتحاد واتفاق کی مؤثر ترغیب دی اور اِسے کام یابی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا، اس موقع پر مہمانوں میں حضرت مولانا محمد اسعد تھانوی اور مولانا عثمان یار خان بھی شامل تھے، حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ نے اس مجلس میں 12 فروری کی دفاع پاکستان کانفرنس کے حوالے سے حوصلہ افزائی اور دعاء فرمائی۔

تربیتی مجلس
14 ربیع الاول بروز منگل اساتذہ جامعہ کی تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے اکابر علماء دیوبند کے مزاج او رمذاق کے حوالے سے نہایت مفید اور پُرمغز نصیحتیں فرمائیں۔

نصف سنوی امتحانات
15 ربیع الاول بروز بدھ سے جامعہ میں نصف سنوی امتحانات کا آغاز ہوا۔

جامعہ کے ناظم اوّل کی اہلیہ کا وصال
جامعہ فاروقیہ کراچی کے ناظم اوّل حضرت مولانا سلطان صاحب مدظلہ کی اہلیہ کا شدید علالت کے بعد انتقال ہو گیا، انالله وانا الیہ راجعون، الله تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، ڈاکٹر عبدالرحمن صاحب او رمفتی حماد خالد صاحب نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
Flag Counter