Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الاول 1433ھ

ہ رسالہ

17 - 17
مبصر کے قلم سے
	

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

گنجینہٴ علم وعرفان
افادات: شیخ الحدیث مولانا سید شیر علی شاہ
ترتیب وتالیف: حافظ محمد طیب حقانی
صفحات:316 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، صوبہ خیبر

شیخ الحدیث حضرت مولانا ڈاکٹر سید شیر علی شاہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ کو الله تعالیٰ نے علم وفضل، تقوی وللہیت اور دیگر گونا گوں صفات سے نوازا ہے، جہاد اور مجاہدین کے ساتھ انہیں خاص شغف حاصل ہے اور ان کا شمار اس دور کے اکابرین میں ہوتا ہے ۔ زیر نظر کتاب ان کے افادات کا مجموعہ ہے ، جسے مولانا عبدالقیوم حقانی کے فرزند جناب حافظ محمد طیب حقانی نے مرتب کیا ہے ، اسے چار ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، باب اول میں خطبات، دوم میں مقالات ومضامین، سوم میں مکتوبات ومنظومات اور چہارم میں سفرنامہ جمع کیے گئے ہیں ، تحریروں اور بیانات کی زبان شستہ اور سلیس ہے او ران میں علمی انداز واسلوب اختیار کیا گیا ہے ، سفرنامے خاص کر پڑھنے کے قابل ہیں ، جن میں معلومات بھی ہیں ، سوز وگداز بھی ہے ، درد وتڑپ بھی ہے اور علمی اظہار بیان بھی۔ صیہونی قبضے سے پہلے کے بیت المقدس ، مسجد صخرہ اور وہاں کے قرب وجوار کے تاریخی ومذہبی مقامات کی نہایت جاذب انداز میں منظر کشی کی گئی ہے۔ یہ سفر 1967ء کا ہے ، جس میں عربوں کے دینی ومذہبی زوال وانحطاط اور زبوں حالی کا رونا بھی رویا گیا ہے ، درحقیقت یہ ایک سفر حج ہے، جس میں ایران وعراق، اردن، شام وفلسطین اور حرمین شریفین سب کا تذکرہ آگیا ہے، البتہ ایران وعراق کا سفرنامہ معمولی فرق کے ساتھ مکرر آگیا ہے، اس کی اصلاح کرلینی چاہیے۔

کتاب کی طباعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔

مریض کے شرعی احکام
تالیف: مفتی انعام الحق قاسمی
صفحات:296 سائز:23x36=16
ناشر: دارالہٰدی، اردو بازار، کراچی

جیسا کہ کتاب کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں مریض کے شرعی احکام کو بیان کیا گیا ہے ، جن میں معذور کی تعریف ، مریض کے فضائل، عیادت کے آداب واحکام، دواء وعلاج کی شرعی حیثیت، وضو کے مسائل، غسل کے مسائل ، نماز، روزہ، حج وزکوٰة، نکاح وطلاق اور وصیت ووراثت تک کے تمام احکام کو مرتب انداز میں جمع کیا گیا ہے ۔ مستند اردو فتاویٰ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے او رجہاں کہیں ضرورت پڑی ہے عربی کتابوں کی عبارت بھی حاشیہ میں دی گئی ہے ۔ اس میں مریض سے متعلق شب وروز کے تقریباً تمام مسائل اکٹھے جمع کر دیے گئے ہیں ۔ داراالعلوم عالی پور،گجرات، ہندوستان کے استاد حدیث مفتی انعام الحق قاسمی نے اسے مرتب کیا ہے اور دارالعلوم دیوبند کے مفتی ظفیر الدین مفتاحی صاحب نے اس پر تقریظ لکھی ہے۔

پاکستان میں مکتبہ دارالہٰدی کراچی نے طباعتی معیار کو مدّنظر رکھتے ہوئے اسے سلیقہ مندی سے شائع کیا ہے۔

رسائل اعظمی
تالیف: مولانا حبیب الرحمن اعظمی
صفحات:592 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، نزد مقدس مسجد، اردو بازار کراچی

زیر نظر کتاب مولانا حبیب اعظمیٰ رحمة الله علیہ کے رسائل کا مجموعہ ہے اور زمزم پبلشرز کے مولانا رفیق زمزمی نے یکجا کرکے ان کو رسائل اعظمی کے نام سے شائع کر دیا ہے۔ یہ کل پانچ رسائل ہیں۔

”نصرة الحدیث“ کے نام سے پہلے رسالے میں منکرین حدیث کا رد اور حدیث کی حجیت پر دلائل پیش کیے گئے ہیں اور یہ تحریر بنیادی طور پر عظیم بیگ چغتائی اور حق گو نامی منکرین حدیث کے رد میں لکھی گئی ہے۔

دوسرا رسالہ تحقیق اہل حدیث کے نام سے ہے اور اس میں غیر مقلدین کی طرف سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا نہایت علمی انداز میں رد کیا گیا ہے کہ وہ اصحاب حدیث یا اہل حدیث وغیرہ الفاظ اپنے اوپر چسپاں نہیں کرسکتے اور ان کے پس منظر اور تاریخ کی عمر زیادہ نہیں ہے ۔

تیسرے رسالے کا موضوع ”رکعات تراویح“ ہے ۔یہ رسالہ بھی بنیادی طور پر غیر مقلدین کے خلاف لکھا گیا ہے او را س میں یہ ثابت کیا گیا ہے کہ امت مسلمہ میں حضرت فاروق اعظم رضی الله عنہ کے دور سے برابر بیس رکعات تراویح پر عمل ہوتارہا ہے۔ بیس رکعات والی مرفوع روایت کو ناقابل اعتبار ٹھہرانا اور آٹھ رکعتوں والی روایتوں کی تصحیح اور ان پر اعتماد کرنا اصول حدیث اور مسلمات کی رو سے قطعاً درست نہیں۔

چوتھے رسالے میں انساب وکفاء ت پر گفت گو کی گئی ہے کہ شریعت اسلامیہ میں تفاضل انساب قابل اعتبار نہیں۔ اس رسالے میں تفاضل انساب کے حق میں لکھی گئی تحریروں کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے کہ فکر وتحقیق کے اعتبار سے ان کی اصابت مشکوک ہے۔

پانچویں رسالے میں ایک ہی مجلس میں تین طلاقوں کے وقوع میں نہایت مدلّل اور تفصیلی گفت گو کی گئی ہے اور یہ رسالہ ”الأعلام المرفرعہ فی حکم الطلاقات مجموعہ“ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔

بہرحال حضرت مولانا حبیب الرحمن اعظمی رحمة الله علیہ کا نام علم وتحقیق کی علامت ہے اور انہیں علم حدیث میں خصوصی دسترس حاصل تھی، وقت کے اکابر نے ان کے علم وفضل کا اعتراف کیا ہے یہاں تک کہ حضرت تھانوی رحمة الله علیہ نے ان کے رسالے ” نصرة الحدیث“ کے متعلق فرمایا ہے کہ ” جس جس جگہ سے رسالہ نظر پڑا بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میں ایسا جامع اور محقق نہیں لکھا سکتا۔“ ان رسائل کی ثقاہت ومعیار کے لیے یہی کافی ہے۔

کتاب کی جلد بندی مضبوط ہے ،طباعت واشاعت معیاری ہے اور زمزم پبلشرز نے اپنے روایتی معیار کو اس میں بھی برقرار رکھا ہے۔

رسول الله صلی الله علیہ وسلم کا طریقہٴ حج
تالیف: مفتی محمدا رشاد قاسمی
صفحات:750 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

زیر نظر کتاب حج بیت الله کے فضائل ومناقب، سنن وآداب اوراحکام دمناسک کے سلسلے میں تالیف کی گئی ہے ۔ اس میں احکام حج کے ساتھ ساتھ دوران حج غلطیوں او رکوتاہیوں کی نشاندہی اور ان کا ازالہ، عمرے کا طریقہ کار او راس کے آداب واحکام اور مدینہ منورہ وروضہٴ اقدس کی زیارت وحاضری پر بھی گفت گو کی گئی ہے۔ بعض مسائل مثلاً رمی قبل الزوال اور بوڑھی عورت کے بغیر محرم سفر حج کرنے پر مستقل رسائل لکھے گئے ہیں او رانہیں زیر نظر کتاب میں شامل کیا گیا ہے ، حج وعمرہ کے چھوٹے بڑے مسائل پر مشتمل ہونے کی وجہ سے مسائل حج کا یہ عمدہ وجامع مجموعہ بن گیا ہے۔ اس میں اصل کتابوں کے حوالوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ کتاب درحقیقت مفتی محمد ارشاد قاسمی مدظلہ کی جامع تالیف ”شمائل کبریٰ“ کا حصہ ہے او راس بڑے مجموعے کے ساتھ بارہویں حصے کے طور پر شائع ہوا ہے ، اب اسے الگ عنوان سے مستقل کتابی شکل میں شائع کیا جارہا ہے لیکن ناشریا مؤلف کی طرف سے کہیں اس کی وضاحت نہیں کی گئی جو قارئین کے لیے غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہے۔

کتاب کی طباعت معیاری ہے ، کہیں کہیں کمپوزنگ کی غلطیاں رہ گئی ہیں ،ان کی اصلاح کر لینی چاہیے۔
Flag Counter