Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ذوالقعدہ 1432ھ

ہ رسالہ

16 - 17
اخبار جامعہ
ادارہ
نئے تعلیمی سال کے لیے داخلوں کا آغار
سالانہ تعطیلات کا طویل دورانیہ بالآخر7 شوال المکرم کو ختم ہو گیا پیر6 شوال کی شام ہی کو اساتذہ کرام بڑی تعداد میں اپنے اپنے گھروں اور بعض دیگر مصروفیات میں چھٹیاں گزار کر واپس جامعہ فاروقیہ پہنچ چکے تھے اسی طرح طالبان علوم نبوت کے قافلے بھی پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ حسب اعلان 7شوال بروز منگل صبح9 بجے جملہ اساتذہ کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے نئے تعلیمی سال کے حوالے سے بعض اہم امور کی طرف متوجہ کرنے کے بعد داخلوں کی باضابطہ کارروائی کا اعلان کیا۔ 
تقریبات نکاح ولیمہ
12 شوال المکرم بروز اتوار جامعہ فاروقیہ کے فاضل ومتخصص مفتی نعمان احمد کی تقریب ولیمہ منعقد ہوئی۔ جامعہ کی طرف سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، مولانا محمد انور صاحب اور مولانا خلیل احمد صاحب سمیت کئی اساتذہ نے شرکت کی، یاد رہے کہ اس سے قبل بروز جمعہ بعد نماز عصر مفتی نعمان احمد کا نکاح حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے پڑھایا تھا۔
18 شوال بروز ہفتہ حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ کے پوتے اور مولانا عبیدالله خالد صاحب کے صاحبزادے مفتی حماد خالد کا نکاح حضرت شیخ نے پڑھایا۔
اسی طرح جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کے استاد مولانا عزیز محمد صاحب بھی رمضان المبارک میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII تعمیر وتعلیم
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں تعمیراتی کام زور وشور سے جاری ہے، چناں چہ دارالقرآن کی عظیم الشان عمارت کے بعد اب محمد بن قاسم مسجد کی تعمیر ابتدائی بیسمنٹ کی چھت تک کا ابتدائی مرحلہ پایہٴ تکمیل کو پہنچا اسی سلسلے میں جائزے اور دعا کے لیے حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ بمعہ اساتذہ جامعہ، جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII تشریف لے گئے اور دعا فرمائی۔
قارئین کرام سے بھی گزارش ہے کہ شارع مفتی محمود ( سابق حب ریور روڈ) پر جاری اس عظیم الشان ادارے کی تعمیر اور ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
7 شوال المکرم جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کے شعبہ کتب ( معہد عربی) از اولی تا درجہ خامسہ کے داخلوں کا آغاز ہوا۔
10 شوال جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں شعبہ حفظ وناظرہ کے داخلوں کا آغاز ہوا۔
15 شوال جامعہ فیزII میں اسباق کے باقاعدہ آغاز کے لیے افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، مولانا محمدیوسف افشانی صاحب اور مولانا خلیل احمد صاحب نے شرکت کی اور تقریب کے فوراً بعد ہی پڑھائی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔
اسباق کا آغاز
19 شوال بروز بدھ جامعہ فاروقیہ مرکز میں اسباق کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا اولاً صبح آٹھ بجے حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ نے اساتذہ کرام کے اجلاس میں اہتمام اسباق، تیاری درس اور طریقہ تدریس کے متعلق اہم امور ذکر فرمائے، اجلاس کے متصلاً بعد جامعہ کی مسجد میں تمام طلبہ کرام کے سامنے حضرت نے مختصر ترغیبی اور اصلاحی بیان فرمایا۔
نئے مدرسین کا تقرر
امسال جامعہ فاروقیہ مرکز میں جامعہ کے چار متخصصین کا تقرر بطور مدرس قرار پایا، مفتی نعمان احمد، مفتی حماد خالد، مفتی عبدالرحیم اور مفتی ثناء الله۔
حضرت صدرِ وفاق کا سفر ملتان
19 شو ال المکرم بروز اتوار حضرت صدرِ وفاق شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ او رمولانا عبیدالله خالد صاحب وفاق المدارس کی نصابی کمیٹی او رمجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ملتان روانہ ہوئے، جہاں بروز پیر حضرت شیخ الحدیث صاحب کی زیر صدارت وفاق المدارس کی نصابی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مدارس میں رائج موجودہ نصاب بنات کا جائزہ لیا گیا اسی طرح تجوید للعلماء اور تجوید للحفاظ میں مزید ترقی کے حوالے سے اہم امور طے پائے۔
بروز بدھ22 شوال المکرم کو حضرت شیخ زیدمجدہ نے وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کے فرائض بھی انجام دیے۔
Flag Counter