مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
علامات ظہور امام مہدی اور نزول مسیح علیہ السلام
مؤلف: حافظ ابن حجرہیتمی رحمة الله علیہ
مترجم : مولانا عبدالغفور آفریدی
صفحات:94 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ رحمانیہ اردو بازار لاہور
یہ حافظ ابن حجر ہیتمی رحمة الله علیہ کے رسالے”القول المختصر فی علامات المہدی المنتظر“ کا اردو ترجمہ ہے ، جو مدرسہ بناء العلم (رائے ونڈ) کے استاد حدیث مولانا عبدالغفور آفریدی نے مرتب کیا ہے ، اس میں زیادہ تر مواد امام مہدی کی علامات ونشانیوں اور معلومات سے متعلق ہے تا ہم اس کے ساتھ ساتھ نزول عیسیٰ، خروج دجال اور قرب قیامت کی بعض نشانیوں پر بھی گفت گو کی گئی ہے، دور حاضر میں یہ موضوعات زیادہ زیر بحث ہیں اور اسی مناسبت سے اس رسالے کے اردو ترجمہ کو منظر عام پر لایا گیا ہے ۔ الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے مسلمانوں کی صحیح راہ نمائی کا ذریعہ بنائے۔
اولیاء الله کی پہچان ایمان وتقوی
یہ کتابچہ مولانا حافظ لیاقت علی شاہ نقشبندی کا مرتب کردہ ہے اور اس میں اولیاء الله کی تعریف، اوصاف وخصائل اور ان کی علامات کو بیان کیا گیا ہے ۔ موضوع کی مناسبت سے اس میں دو رسالے بھی شامل کیے گئے ہیں ، جن میں سے اولیاء الله کے آداب پر مشتمل ایک رسالہ علامہ عبدالوہاب شعرانی رحمة الله علیہ کا ہے ، جس کا اردو ترجمہ مولانا ظفر احمد عثمانی رحمہ الله علیہ نے کیا ہے جب کہ دوسرا رسالہ اہل تصوف اور دینی جدوجہد کے عنوان سے مولانا سید ابوالحسن ندوی رحمة الله علیہ کا ہے او راس میں دنیا کے مختلف خطوں میں اصحاب تصوف کی طرف سے کی گئی اسلامی نظام کے نفاذ کی کاوشوں اورجہادی کارناموں کو خوب صورت انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ اولیاء الله کی پہچان کے حوالے سے اس کتابچے کا مطالعہ افادیت کا باعث ہو گا۔ 80 صفحات کے اس کتابچے کو مکتبہ غفوریہ نزد جامعہ اسلامیہ درویشیہ، سندھی مسلم سوسائٹی، کراچی نے شائع کیا ہے۔
اسلامی آداب زندگی
حافظ محمو د الحسن اعظمی جامعہ دارالعلوم کراچی کے فاضل اور اقراء تحفیظ القرآن ٹرسٹ کے سرپرست ہیں، انہوں نے یہ رسالہ اقراء مدارس اور پرائمری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے مرتب کیا ہے، یہ اس سلسلے کا دوسرا حصہ ہے او راس میں رہن سہن کے آداب، کھانے پینے کے آداب ، لباس وصحت اور سلام وکلام کے آداب کے علاوہ اساتذہ، والدین اور پڑوسیوں کے حقوق وغیرہ امور کو نہایت سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ بچوں کی اسلامی تربیت کے حوالے سے یہ سلسلہ مفید ہے ۔ اس رسالے کے 34 صفحات ہیں اور اسے اقراء تحفیظ القرآن، جمشید روڈ، کراچی نے شائع کیا ہے۔
سجدہ تلاوت او راس کے احکام ومسائل
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ 12 صفحات کے اس مختصر سے رسالے میں مولانا محمد اقبال قریشی نے سجدہ تلاوت کے احکام ومسائل کو مستند فقہی کتب اور فتاوی کی روشنی میں بحوالہ پیش کیا ہے۔ اس رسالے کو مجلس صیانة المسلمین، ہارون آباد نے چھاپا ہے او رملنے کا پتہ ہے : امام وخطیب جامع مسجد تھانیوالی ،ہارون آباد، ضلع بہاول نگر۔
عیادت کے آداب وفضائل
عیادت کے احکام ومسائل اور آداب وفضائل کے بارے میں یہ رسالہ مولانا مرغوب احمد لاج پوری نے تالیف کیا ہے او راس میں انہوں نے عیادت سے متعلق چالیس احادیث بمع ترجمہ وتشریح کے جمع کی ہیں ۔ ہر حدیث پر عنوان بھی قائم کیا ہے ۔ پچاس صفحات کا یہ رسالہ بیت العلم ٹرسٹ کراچی نے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے۔
زلزلے کیوں آتے ہیں
مولانا مرغوب احمد لاج پوری نے دور حاضر میں کثرت زلازل کی بنا پر حضرت تھانوی رحمة الله علیہ کے رسالے ”اخبار الزلزلہ“ کو مفید حواشی وتعلیقات اور آیات واحادیث کی تخریج کے ساتھ شائع کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ اس رسالے میں زلزلے سے بچنے کی تدابیر، اعمال، اذکار مسنونہ، زلزلے کے اسباب ومصالح او راحکام کو قرآن وسنت کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے ۔ اس رسالے کے آخر میں بعض اضافے بھی کیے گئے ہیں اور زلزلے سے متعلق مولانا مجاہد الاسلام قاسمی رحمة الله علیہ کا ایک مضمون بھی شامل کیا گیا ہے ۔ 50 صفحات کے اس رسالے کو عمدہ کاغذ پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ بیت العلم ٹرسٹ کراچی نے شائع کیا ہے۔
تلفظ ضاد
یہ رسالہ جامعہ صدیقیہ، توحید پار ک، گلشن راوی، لاہور کے استاذ قاری حبیب الرحمن نے مرتب کیا ہے او رجیسا کہ نام سے ظاہر ہے اس میں انہوں نے حرف ”ضاد“ کا صحیح تلفظ بیان کیا ہے ۔ حرف آغاز میں وہ لکھتے ہیں : ”حروف قرآنی میں سے ایک حرف ”ضاد“ ہے جو خالصتاً عربی حرف ہے اور ”أصعب الحروف“ کہلاتا ہے اس کی ادائیگی میں لوگوں کا تلفظ مختلف ہے اوراکثر نزاع کا سبب بنتا ہے۔ اس مختصر سے رسالے میں اسی حرف ”ضاد…“ کے متعلق وضاحت کے ساتھ اس کے صحیح ودرست تلفظ کو عقلی ونقلی دلائل سے بیان کیا گیا ہے ۔“
اپنے موضوع پر یہ ایک عمدہ اور تحقیقی کاوش ہے او رعلم تجوید وقرأ ت سے تعلق رکھنے والے اہل علم کو اس سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے۔ رسالے کے صفحات 32 ہیں او راس میں ناشر کا پتہ درج نہیں۔
تحفہٴ حرم
مؤلف: مولانا مرغوب احمد لاج پوری
صفحات:278 سائز:23x36=16
ناشر: بیت العلم ٹرسٹ، گلشن اقبال کراچی
”تحفہٴ“ حرم کے نام سے یہ کتاب مولانا مرغوب احمد لاج پوری نے حج وعمرہ پر جانے والے حضرات کے لیے مرتب کی ہے اور یہ آٹھ مختلف رسائل کا مجموعہ ہے ، جن کے نام یہ ہیں:
ماء زمزم حجر اسود مقام ابراہیم ملتزم رکن یمانی حج اکبر کی حیثیت عجوہ کے خصائص وفضائل سفر حج میں نماز کی اہمیت۔
ان رسائل میں مذکورہ چیزوں کے آداب، فضائل وبرکات، احکام ومسائل اور تاریخی واقعات کو مستند کتب سے عام فہم انداز میں بحوالہ پیش کیا گیا ہے ۔ یہ ایک بہترین مجموعہ ہے اور حرم کے مبارک سفر میں زائرین حرم اس کتاب سے استفادہ کرکے اپنے سفر کو آسان اور کام یاب بنا سکتے ہیں۔
کتاب کا کاغذ درمیانہ او رجلد بندی مضبوط ہے۔
365 کہانیاں ( حصہ دوم)
مؤلف: محمد ناصر درویش
صفحات:218 سائز:23x36=16
ناشر: بیت العلم ٹرسٹ گلشن اقبال کراچی
سال کے365 دنوں کے حساب سے لکھی گئی بچوں کی تربیتی سیریز کا یہ دوسرا حصہ ہے ، جو 92 کہانیوں پر مشتمل ہے اور یہ دلچسپ کہانیاں قرآن وحدیث، تفسیر او رتاریخی کتب سے جمع کرکے مرتب کی گئی ہیں، بچوں کے عادات واطوار کو سنوارنے، ان میں عمدہ اخلاق اور نیکی کا جذبہ پیدا کرنے او ران کی سوچ وفکر کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے لیے کہانیوں کا یہ عام فہم دل نشین اور دلچسپ سلسلہ نہایت مفید وکار آمد ہے او ر دور حاضر کی ضرورت بھی ہے ، الله تعالیٰ مؤلف او رناشر کو اس کی بہتر جزاء عطاء فرمائے۔
کتاب کا کاغذ درمیانہ اور جلدی بند مضبوط ہے۔